1
اسلام آباد میں نامعلوم افراد کے حملے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن زخمی ہوگئے۔رؤف حسن جی سیون مرکز میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے نکلے تو باہر نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا۔حملہ آور 4 تھے جنہوں نے کسی چیز سے رؤف حسن پر وار کیے اور ان سے چھینا جھپٹی کی کوشش بھی کی اور لوگوں کے جمع ہونے پر فرار ہوگئے۔
2
وفاقی کابینہ نے فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔وفاقی کابینہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ نے فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وفاقی کابینہ نے فیض آباد دھرنا انکوائری کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خصوصی کمیٹی اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
3
گندم درآمد اسکینڈل: تحقیقات میں نگران حکومت کوکلین چٹ مل گئی، ذمہ داری افسروں پرڈال دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے جس کی روشنی میں وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 4 افسروں کو معطل کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔سابق وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی محمد آصف کے خلاف باضابطہ کارروائی کی منظوری دی گئی ہے جب کہ سابق ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن اے ڈی عابد کو معطل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
4
ڈاکٹر راغب نعیمی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی جامعہ نعیمیہ لاہور کے مہتمم ہیں، وہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین کےعلاوہ قرآن بورڈ پنجاب اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔ڈاکٹر راغب نعیمی پنجاب یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ ممبر بھی ہیں۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو حال ہی میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
5
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مغوی شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرانے کیلئے جمعے تک مہلت دیدی۔عدالت کی جانب سے طلبی پر وفاقی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد پیش ہوئے جبکہ سیکرٹری دفاع پیش نہیں ہوئے۔اٹارنی جنرل نے احمد فرہاد کی بازیابی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے جو بھی ہو گا کریں گے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ ریسکیو کریں گے، ریکور کریں گے؟ جس پر اٹارنی جنرل بولے کہ بالکل، سب کچھ کریں گے۔عدالت نے کہا کہ آپ کو یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندا اٹھایا نہیں جائے گا،اگر بندا ریکور نہیں ہو گا تو یہ ریاست کی ناکامی ہو گی۔
6
دوہری شہریت والے شخص کو جج تعینات کرنے پر پابندی کا آئینی ترمیمی بل جمع،جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن نور عالم خان نےنجی آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروایا۔بل کے تحت دوہری شہریت کے حامل شخص کو سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کا جج تعینات کرنے پرپابندی ہوگی، بل میں آئین کے آرٹیکل 177، 193 اور 208 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔بل کے مطابق دوہری شہریت کا حامل شخص سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا جج تعینات نہیں ہوگا، دوہری شہریت والے عدالتوں کے افسران اور ملازمین بھی تعینات نہیں ہو سکیں گے۔بل کے متن کے مطابق جن ججز کی دوہری شہریت ہو وہ اپنے اصل ملک کے مفاد کو داؤ پر لگاتے ہیں، آئین کے تحت ججز کی ریاست سے وفاداری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
7
چیئرمین پی اے سی کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا۔ تاریخ میں پہلی بار چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے ووٹنگ کرائے جانے کا امکان ہے، ووٹنگ کی صورت میں چیئرمین پی اے سی کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیے جانے پر غور ہورہا ہے۔پی اے سی میں حکومت کے 16 اور اپوزیشن بشمول سنی اتحاد کونسل کے 8 ارکان ہونے کا امکان ہے، ووٹنگ ہونے کی صورت میں حکومتی رکن با آسانی چیئرمین پی اے سی بن سکتا ہے۔
8
ٹیریان وائٹ کیس میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست خارج،اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہلی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے دلائل دیے۔نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے طے ہو چکا ہے، فیصلہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی ہو چکا، فیصلہ ویب سائٹ سے ہٹانے کے بعد پریس ریلیز کے ذریعے دوبارہ بینچ بنایا گیا۔جسٹس طارق جہانگیری نے نعیم پنجوتھہ نے سوال کیا کہ آپ کون ہیں؟ آپ اس کیس میں وکیل ہیں؟ اس پر نعیم پنجوتھہ نے بتایا کہ میں پراکسی کونسل ہوں، 6 ججز کے خط میں بھی اس کیس کا ذکر ہے۔جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ دو ججز اپنا فیصلہ دے چکے تھے، وہ فیصلہ آج سربمہر لفافے میں سب کے سامنے کھولا گیا۔عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے لیے درخواست پہلے ہی بینچ خارج کر چکا ہے اور اکثریتی فیصلہ پہلے ہی آ چکا ہے۔
9
نئے مالی سال کیلئے ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 12 ہزار 400 ارب روپے رکھنے کی تجویز،پاکستان کی معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کے ساتھ میکرو اکنامک فریم ورک شیئرکردیا ہے مگر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بنیادی معاشی اہداف کے تعین پر ابھی اختلافات برقرار ہیں، آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 3.5 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جب کہ وزارت خزانہ نے اگلے سال شرح نمو کا ہدف 3.7 فیصد تجویز کیا ہے۔آئی ایم ایف نے مہنگائی کا تخمینہ 12.7 فیصد اور وزارت خزانہ نے 11.8 فیصد لگایا ہے، آئی ایم ایف نےکرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تخمینہ 4.6 ارب ڈالر لگایا ہے جب کہ پاکستانی حکام نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف 4.2 ارب ڈالر تجویز کیا ہے۔
10
وزیراعلیٰ پنجاب کا فارنزک ٹریننگ لیب کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا حکم،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارنزک ایجنسی پورے پاکستان کو خدمات فراہم کر رہی ہے اور پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی سیٹلائٹ سٹیشن کے ذریعے کرائم سین مانیٹر کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈیپارٹمنٹل لیب کو پی اے ایف ڈی اے کے تحت سینٹر لائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے آٹو میٹڈ فنگر پرنٹ سسٹم، اسلحہ اور ایمونیشن کی شناخت کے آٹو میٹڈ بیلسٹک سسٹم اور جینٹک اینالائزر مشین کا معائنہ بھی کیا۔
11
مائیکرو سافٹ کا اے آئی کمپیوٹرز کو پائلٹ پلس متعارف کرانے کا اعلان،مائیکرو سافٹ نے کو پائلٹ پلس نامی کمپیوٹرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو کہ نئی طرح کے ونڈوز کمپیوٹرز ہوں گے۔ان کمپیوٹرز یا لیپ ٹاپس میں ایسے ہارڈ وئیر کو استعمال کیا جائے گا جو جنریٹیو اے آئی کو پائلٹ ماڈل کو کلاؤڈ کی بجائے مشین کے اندر ہی پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔