1
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ایجنسیز کے کام کرنے کا طریقہ کار واضح ہو جائے تو اچھا ہوگا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں لاپتہ بلوچ طلباء کی بازیابی اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم پر اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے، اس کے علاوہ گمشدہ بلوچ طلباء کی جانب سے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے لاپتہ افراد کی کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ پچھلے 10 سال میں بلوچ طلباء کے خلاف دہشت گردی کے کتنے کیسز درج کئے گئے، کتنے لوگ گرفتار ہوئے، لاپتہ ہوئے یا ہراساں کیا گیا جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیز کسی بھی شخص کو ہراساں نہیں کر سکتیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کوئی بھی عدالت، جج، وکیل، صحافی، رکن اسمبلی ایجنسیوں کو قانون کے مطابق کام سے روکنے کی بات نہیں کرتے، صرف خلاف قانون کام کرنے سے روکنے کی بات کرتے ہیں، ایجنسیز کے کام کرنے کا طریقہ کار واضح ہو جائے تو اچھا ہوگا، کوئی بھی پاکستانی خواہ وہ صحافی ہو یا پارلیمنٹیرینز دہشت گردوں کی سپورٹ نہیں کر رہا۔اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جب تک سیاسی طور پر اس معاملے کو حل نہیں کیا جاتا تب تک یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ہمارے پاس ایک اور لاپتہ افراد سے متعلق کیس ہے اس میں بھی آپ آئیں، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ میں اسی کیس میں ضرور آؤں گا۔عدالت نے سوالنامہ کے جوابات آئندہ سماعت پر جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔
2
ن لیگ کا پارٹی آئین میں ترامیم کا فیصلہ، 5 رکنی کمیٹی تشکیل،مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے، کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، خرم دستگیر خان شامل ہیں۔محسن شاہنواز رانجھا، بیرسٹر ظفر اللہ خان بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، انوشے رحمان کمیٹی کی سیکرٹری مقرر کر دی گئیں۔کمیٹی تین روز میں آئین میں موزوں ترامیم پارٹی لیڈرشپ کے سامنے رکھے گی۔
3
کھاد کی سپلائی چین اور قیمتوں سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم،کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین کریں گے، اٹھارہ رکنی کمیٹی میں 15 ارکان قومی اسمبلی بھی شامل ہوں گے، کمیٹی چار ہفتوں کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔کمیٹی کا سیکرٹریٹ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی میں قائم کیا جائے گا، کمیٹی سپلائی چین سے متعلقہ تمام امور بے ضابطگیوں، بلیک مارکیٹنگ کا جائزہ لے گی، کمیٹی بلیک مارکیٹنگ اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔کمیٹی سبسڈی کی فراہمی کے موجودہ نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی، کمیٹی کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے کے نظام بارے بھی سفارشات پیش کرے گی۔
4
سارک سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور کا پہلا دورہ پاکستان، وزیر اعظم سے ملاقات،محمد غلام سرور پاکستان کے اپنے پہلے دورہ پر ہیں، وزیراعظم نے محمد غلام سرور کو سارک کے 15 ویں سیکرٹری جنرل کے طور پر تقرری کی مبارکباد دی، شہباز شریف نے کہا کہ سیکرٹری جنرل تنظیم کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔سیکرٹری جنرل سارک کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، وزیراعظم نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سارک میں علاقائی ترقی، تجارت، تعاون اور اشتراک کے بے پناہ امکانات ہیں، وزیراعظم نے سارک کو خطے میں ترقی اور خوشحالی پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک عمل کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
5
بلاول اور آصفہ کی ایرانی سفارتخانے آمد، صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر اظہار افسوس،بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قیمتی زندگیوں کے ناقابل تلافی نقصان پر ایران کے عوام سے اظہار رنج و غم کرتے ہیں۔
6
سندھ اسمبلی کا اجلاس: شرجیل میمن اور صابر قائم خانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ،شرجیل میمن نے کہا کہ آپ کس رول کے تحت بات کرنا چاہتے ہیں، صابر قائم خانی نے کہا کہ مجھے کتاب دیں میں رول نمبر بتا دیتا ہوں، جماعت اسلامی کے محمد فاروق کی قرارداد میں کے الیکٹرک کا ذکر ہے انکا حق کیوں مارا جا رہا ہے؟صابر قائم خانی نے مزید کہا کہ حکومتی قرارداد میں حیسکو کا ذکر ہے، یہ ہاؤس قانون کے حساب سے چلنا ہے، اس طرح نہیں چل سکتا ہے، ایک قرارداد ابھی پاس نہیں ہوئی، اگلی قرارداد کیسے پیش کی جاسکتی ہے، سب ممبران کا اختیار ہے لیکن ہاؤس میری یا کسی اور کی مرضی سے نہیں چلنا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ قرارداد پر دونوں طرف کوئی اختلاف نہیں، کے الیکٹرک کا نام شامل نہیں تھا، وہ شامل کرلیا گیا ہے، تکنیکی طور پر محمد فاروق کی قرارداد نہیں آسکے گی۔
7
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کرغزستان سے طلبہ کی واپسی کے معاملے پر افسوس ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی تعاون نہیں کررہی۔ گزشتہ روز سے ہماری ایئر بس تیار کھڑی ہے، بشکیک سے بھی سب کچھ کلیئر ہوچکا ہے، طلبہ کی لسٹیں تیار ہوچکی ہیں، دستاویزات پورے ہوچکے ہیں، طلبہ بشکیک ایئر پورٹ پر موجود ہیں، اس کے باوجود یہ جو بھی کررہے ہیں ٹھیک نہیں کر رہے، خود تو کام نہیں کرتے نہیں کسی اور کو کرنے نہیں دے رہے۔ بچوں کے مستقبل کا سوال ہے یہ پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ نہیں، وفاق کو بتا رہا ہوں کہ میں برداشت کر رہا ہوں، کم از کم کچھ شرم کرلو، لوگوں کے بچے ہیں، فیملیز ہیں، وہ یہاں انتظار کر رہے ہیں، سپورٹ دی ہوتی تو ہماری دو فلائٹس پہنچ بھی جاتیں۔
8
وزیراعظم آفس کے وزارتوں، ڈویژنز کو ای آفس پر منتقلی کے احکامات نظر انداز،وزارت آئی ٹی کی وزارتوں، ڈویژنز میں ای آفس استعمال سے متعلق رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی گئی جس کے مطابق 5 وزارتوں میں تاحال ای آفس استعمال نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن، پاور ڈویژن، فنانس ڈویژن میں ای آفس تاحال استعمال نہیں ہورہا جبکہ لاء اینڈ جسٹس، ریونیو ڈویژن میں بھی ای آفس استعمال نہیں ہو رہا۔مجموعی طور پر 12 وزارتوں، ڈویژنز میں 50 فیصد سے بھی کم ای آفس کا استعمال ہو رہا ہے، ہاؤسنگ اینڈ ورکس 1 ، دفاع ڈویژن 13 اور نارکوٹکس کنٹرول میں 14 فیصد ای آفس استعمال کیا جا رہا ہے۔اسی طرح نیشنل ہیلتھ سروسز 20، اوورسیز پاکستانیز 21، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ای آفس کا استعمال 40 فیصد تک کیا جارہا ہے، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام 85 فیصد ای آفس کا استعمال کررہی ہے جبکہ وزارت مذہبی امور، قومی ثقافت اور ورثہ، بی آئی ایس پی میں 100 فیصد ای افس استعمال ہورہا ہے۔
9
فرانس نے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری پر عالمی عدالت کی حمایت کردی۔ فرانس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا ملک بین الاقوامی فوجداری عدالت کے فیصلوں، اس کی آزادی اور تمام حالات میں کسی خاص کو حاصل استثنیٰ کے خلاف جنگ کی حمایت کرتا ہے۔ جہاں تک اسرائیل کا تعلق ہے، یہ عدالت کے پری ٹرائل چیمبر پر منحصر ہے کہ وہ پراسیکیوٹر کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بارے میں کیا فیصلہ کرے گا۔فرانسیسی وزارت خارجہ
10
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی، کاروبار کا مثبت رجحان رہا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک مارکیٹ میں 122 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث 100 انڈیکس 75 ہزار 206 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔سٹاک مارکیٹ میں آج 7 ارب 86 کروڑ 20 لاکھ 49 ہزار 765 روپے مالیت کے 15 کروڑ 95 لاکھ 9 ہزار 646 شیئرز کا لین دین ہوا۔