1
حکومت کا کرغزستان کے معاملے پر انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان،کہا یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہوگی جس کا نوٹی فکیشن آج ہی جاری کردیا جائے گا۔ گزشتہ روز میں آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شریک تھا اور اس دوران میں نے کرغزستان میں ہمارے سفیر حسن علی ضیغم کو پیغام بھجوایا کو وہ اجلاس کے بعد کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کا اہتمام کریں۔ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے بعد کرغزستان کے وزیرخارجہ سے ملاقات کی جس میں ان سے پاکستانی طلبہ پر حملے کے معاملے پر گفتگو کی اور ان سے درخواست کی کہ میں فوری طور پر بشکیک جاکر وہاں طلبہ کو دیکھنا چاہتا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے تھوڑا وقت دیں۔نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کہا کرغز وزیر خارجہ نے اپنے صدر سے بات کی جس پر انہوں نے مجھے ویلکم کہا اور پھر میں اپنے کرغز ہم منصب کے ساتھ ہی آستانہ سے بشکیک روانہ ہوا جہاں میں نے کرغزستان کے نائب وزیراعظم سے تفصیلی ملاقات کی۔
2
ژوب :ایک ماہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 29 دہشتگرد ہلاک ، پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کے معاملے پر پاک افغان سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیے۔آپریشن بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 21 اپریل کے بعد کیے گئے، ایک ماہ کے آپریشنز میں 29 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 14 مئی کو میجر بابر خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے سرحدوں کو محفوظ بنانے کا عزم بنا رکھا ہے، سکیورٹی فورسز شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت کو مؤثر سرحدی انتظام قائم کرنے کا کہہ رہا ہے، امید ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
3
ہتک عزت قانون کو اسمبلی واپس بھیجنے کیلئے گورنر پنجاب کو خط ارسال، خط جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے گورنر پنجاب کو بھجوایا ہے۔خط کا متن ہتک عزت کا قانون آئین کے آرٹیکل 19 کے منافی ہے، اس قانون کے نفاذ سے آزادی اظہار رائے کو روکا گیا جو بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ ہتک عزت قانون معلومات تک رسائی کے شہریوں کے حق میں بڑی رکاوٹ ہے، ہتک عزت قانون کے نفاذ سے آزادی اظہار کا گلہ کاٹ دیا گیا۔ بل کی منظوری شہریوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے، بل کے نفاذ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنے کا خدشہ ہے، گورنر بل کو منظور کیے بغیر اسمبلی واپس بھجوائیں۔
4
مسلم لیگ ن کا پارٹی آئین پر نظر ثانی اور ترمیم کا فیصلہ،مسلم لیگ ن کے پارٹی آئین پر نظر ثانی اور ترمیم کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، صوبائی صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ آئینی ترامیم و نظر ثانی کمیٹی کےکنوینئر مقرر کردیئے گئے ۔رکن قومی اسمبلی انوشے رحمان کو سیکرٹری ترامیم کمیٹی مقرر کر دیا گیا ۔ترامیم و نظرثانی کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق ، اعظم نزیر تارڑ ،خرم دستگیر خان ، محسن رانجھا اور بیرسٹر ظفراللہ خان شامل ہیں ۔سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے مسلم لیگ ن کے آئین کی نظر ثانی و ترامیم کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
5
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جیل ریفارمز کا جامع پلان طلب کر لیاوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل، آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران فیصل آباد اور راولپنڈی میں وویمن جیلوں کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی جیلوں کو شہر سے باہر قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔مریم نوازشریف نے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کا حکم دیتے ہوئے پنجاب بھر کے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کی پراجیکٹ کی منظوری بھی دے دی۔
6
وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ سی ڈی اے ہسپتال، مریضوں سے ملاقات،وفاقی وز یرداخلہ محسن سی ڈی اے ہسپتال کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی، وزیرداخلہ نے سی ڈی اے ہسپتال میں مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے ہسپتال میں لوگوں کا ہیلتھ کارڈ پر علاج کیا جائے، سی ڈی اے ملازمین کے علاوہ دیگر اداروں کے سرکاری ملازمین کو سی ٹی سکین ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں۔
7
عمران خان کی چھ، بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت ملتوی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چھ اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت 4 جون تک ملتوی کردی ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلاء مرزا عاصم، زاہد بشیر، فتح اللہ عدالت پیش ہوئے ، پی ٹی آئی وکلاء نے سماعت ملتوی کرکے آئندہ تاریخ پر دلائل دینے کی استدعا کردی ۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ کیس اور دوپہر میں سائفر کیس کی سماعت ہے، جس پر جج افضل مجوکا نے کہا کہ میں گزشتہ سماعت پر بھی لمبی تاریخ دینا چاہ رہا تھا، آپ نے ہی ضمانتوں پر دلائل کے لیے آج کی تاریخ رکھوائی۔
8
غیر قانونی بھرتی کیس: پرویز الہٰی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاریجسٹس سلطان تنویر احمد نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔فیصلے میں بتایا گیا کہ پرویز الہٰی کے کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے چنانچہ عدالت ان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت پرویز الہٰی کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے اور دو شورٹی بانڈ جمع کروانے کی ہدایت کرتی ہے، عدالت نے پرویز الہٰی کی ضمانت منظوری کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ بھی دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق پرویز الہٰی کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی عمر 80 سال ہے، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی جائے تاہم سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔فیصلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری وکیل نے کہا اس اسٹیج پر ان کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔
9
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ درج،مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں رؤف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کی ایف آئی آر نامعلوم خواجہ سراؤں کے خلاف درج کی گئی ہے۔رؤف حسن کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹی وی پروگرام میں شرکت کے بعد پارکنگ کی طرف جا رہا تھا تو حملہ ہوا، بظاہر خواجہ سرا نظر آنے والے شخص نے مجھے روک کر حملہ کیا۔
10
وسیم اکرم کرکٹ آسٹریلیا کے ملٹی کلچرل ایمبیسڈر مقرر،مجموعی طور پر کرکٹ آسٹریلیا کے 54 ایمبیسڈرز میں بھارت کے روی شاستری، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے سابق کرکٹرز رسل آرنلڈ اور امین الاسلام بھی شامل ہیں۔آسٹریلیا کے ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ، فواد احمد، سکاٹ بولینڈ، سابق ویمنز کپتان لسا سٹھالیکر اور میل جونز بھی ایمبسیڈر پروگرام کا حصہ ہیں۔
11
ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا کل اعلان،پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال ورلڈکپ کے دستے کا اعلان نہیں کیا، سلیکٹرز نے 15 رکنی سکواڈ کے نام فائنل کر لیے ہیں جن کا اعلان کل کیا جائے گا جبکہ 15 رکنی حتمی سکواڈ کے علاوہ 3 ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 2 جون 2024 سے ہو رہا ہے، ویسٹ انڈیز اور امریکہ مشترکہ طور پر آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔