صادق آباد ( ای پی آئی ) صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی حدودسے20 روز قبل ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے قلفی فروش غریب شہری اسلم پنجابی کی بازیابی تو دو ر تھانہ ماچھکہ پولیس نے تاحال ایف آئی آر تک درج نہ کی ۔ایس ایچ اوتھانہ ماچھکہ اور ڈی پی او رحیم یار خان کو الگ الگ درخواستیں دیئے جانے کے باوجود پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے۔

یاد رہے کہ اسلم پنجابی نامی شہری کو موضع سردارپور سے نامعلوم ڈاکوؤں نے شاہمراد کھوسو کی اوطاق سے اغوا کیا جہاں وہ قلفیاں فروخت کرنے کے بعد رات کوبطور مہمان ٹھہرا ہواتھا ۔ڈاکوؤں کی جانب سے شاہمراد کھوسوکو روزانہ کی بنیاد پر 25 لاکھ تاوان کی فون کالز آرہی ہیں پولیس کو تمام حقائق سے آگاہ کئے جانے کے باوجود کوئی راست اقدام نہیں اٹھایا جارہا ۔

شاہمراد کھوسوکا کہنا ہے کہ مغوی غریب آدمی ہے جس کا کوئی والی وارث نہیں وہ دن کوقلفیاں فروخت کرکے اس کی اوطاق پر آکر سوجاتا تھا،لیکن 5مئی کی رات اسے گاؤں پر حملہ کرکے اغوا کیا گیا لیکن پنجاب پولیس نے تاحال ایف آئی آر ہی درج نہیں کی حالانکہ تھانہ ماچھکہ اور ڈی پی او رحیم یار خان کو تحریری درخواستیں بھی دی گئی ہیں۔

انہوں نے وزیراعلی مریم نوا زاور حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ ان کے مغوی مہمان کو بازیاب کرایا جائے۔