1
پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کردیا گیا۔پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’پاک سیٹ ایم ایم ون‘ شیچانگ سیٹلائٹ لانچنگ سینٹر چین سے خلا کیلئے روانہ کیا گیا، سیٹلائٹ سپارکواورچائنیز ایروسپیس انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے بنایا گیا ہے، پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔ترجمان سپارکو سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر خلا میں داخل کیا جائے گا، سیٹلائٹ کو زمین سے خلا تک پہچنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں، سیٹلائٹ ای کامرس،ای گورننس اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔پاک سیٹ ایم ایم ون 15 برس تک کام کرے گا، اس سے پاکستان بھر میں ٹی وی نشریات، سیلولر فون سروس اور براڈبینڈ سروس بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاک سیٹ ون ایم ایم رواں برس اگست میں سروس فراہم کرنا شروع کر دے گا۔
2
ملک کی عسکری قیادت نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، ملک کی حفاظت کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
3
وزیراعظم کی مواصلاتی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیجنے پر پوری قوم کو مبارکباد، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے، پاکستانی سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے سے پوری پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستانی سیٹلائٹ کا چین کے سیٹلائٹ سینٹر سے خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے، ایسے اقدامات سے پاکستان اور پاکستانی عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم
4
عمران خان کو بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت، عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے محفوظ فیصلہ سنایا، عمران خان نے بیٹوں سے فون پر بات کرانے، بشریٰ بی بی سے ملاقات اور خون کے نمونے شوکت خانم ہسپتال بجھوانے کیلئے درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی لکھا کہ پمز کے ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کے خون کے نمونے ڈاکٹر فیصل کی موجودگی میں لیں گے جبکہ بشریٰ بی بی کا مقدمہ فاضل عدالت میں نہیں، ملاقات کیلئے درخواست متعلقہ عدالت میں دائر کی جائے۔
5
نیب میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے ،ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب محسن علی خان کا نیب راولپنڈی سے نیب ہیڈ کوارٹرز تبادلہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آصف لیاقت اور محمد عمر صدیق کا نیب لاہور سے نیب سکھر ، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سلطان نظیر کا نیب ہیڈ کوارٹرز سے نیب راولپنڈی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نور اللہ اور نور محمد کا نیب خیبرپختونخوا سے نیب بلوچستان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر نمار بہادر غوری کا نیب راولپنڈی سے نیب کراچی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر قاضی عاطف بصیر چغتائی کا نیب راولپنڈی سے نیب سکھر تبادلہ کر دیا گیا۔
6
چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والے 2 ملزم گرفتار،تھانہ کینٹ پولیس نے19مئی کو نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا، ملزموں نے یوسف رضاگیلانی اور علی موسیٰ گیلانی کو موبائل فون پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے، سی پی او صادق علی ڈوگر کے مطابق پولیس نے تین ملزموں کو گرفتار کیا تھا ایک کو بے قصور ہونے پر چھوڑ دیا۔
7
عمران کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے متنازعہ ویڈیو اپ لوڈنگ پر انکوائری کا فیصلہ،26 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ایک من گھڑت اور پروپیگنڈا ویڈیو ٹویٹ کی گئی، بانی پی ٹی آئی اِس وقت خود اڈیالہ جیل میں قید ہے جبکہ اُن کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کے لئے استعمال کیا گیا۔ ایف آئی اے سائبر وِنگ پی ٹی آئی کے چار لوگوں سے اِس معاملے پر بات چیت کرے گا، ایف آئی اے کی ٹیم اِس معاملے پر بانی پی ٹی آئی ، بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب اور رؤف حسن سے گفتگو کرے گی، ٹیم اِس بات کا تعین کرے گی کے ویڈیو ٹویٹ بانی پی ٹی آئی نے خود کی یا اُن کی اجازت سے ویڈیو ٹویٹ کی گئی۔
8
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ختم،ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما میڈیا سے گفتگو کئے بغیر اڈیالہ جیل کے باہر سے واپس روانہ ہوگئے۔عمران خان سے شبلی فراز، شیخ وقاص اکرم، صاحبزادہ محبوب سلطان نے ملاقات کی، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، صاحبزاہ حامد رضا اور رؤف حسن بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے عبید ریاض، بیٹی مہرالنسا اور بہو نے ملاقات کی۔
9
خیبر پختونخوا کی رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد کا مطالبات کے حق میں شدید احتجاج،
ن لیگی ایم پی اے نے اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈرز اٹھا رکھے تھے،ثوبیہ شاہد نے کہا کہ دیرموٹروے کا فوری طور پر ٹینڈر کیا جائے، تیمر گرہ میڈیکل کالج میں کلاسز شروع کی جائیں، دیریونیورسٹی، تیمر گرہ سپورٹس کمپلیکس، لڑم غر اور شاہی کے لئے فنڈ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ کیڈٹ کالج دیر بالا کیساتھ انجینئرنگ یونیورسٹی کے آغاز کا مطالبہ کیا،کہا سیاحتی مقام ڈوگ درہ سمیت دیگرعلاقوں میں ڈراپ شدہ منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا جائے۔
10
پاکستان ریلویز کا عید الاضحیٰ پر 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ،پہلی عید سپیشل ٹرین کراچی سے لاہور کے مابین چلے گی، دوسری ٹرین کراچی سے فیصل آباد کے ذریعے پشاور جائے گی۔تیسری عید سپیشل ٹرین کوئٹہ سے لاہور کے راستے راولپنڈی جائے گی، ریلوے نے عید سپیشل ٹرینوں کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا، عید سپیشل ٹرینوں کا شیڈول چند روز میں جاری کیا جائے گا۔
11
کسانوں سے گندم نہ خریدنے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔پنجاب حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریداری کیلئے پالیسی جاری کی، کسانوں کو بروقت باردانہ فراہم نہیں کیا جا ہا، حکومت نے 22 اپریل سے کسانوں سے گندم خریداری شروع کرنا تھی۔درخواست میں کہا گیا کہ حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم خریداری شروع نہیں کی، بارشوں کی وجہ سے کسان سستے داموں گندم مافیاز کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو فوری سرکاری ریٹ پر کسانوں سے گندم خریدنے اور کسانوں کو باردانہ فراہم کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے کسانوں سے گندم نہ خریدنے اور باردانہ نہ دینے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
12
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا۔اگر آج میچ ہوتا ہے تو پاکستان یہ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کر سکتا ہے تاہم بارش کی آمد ہوئی تو بغیر کھیلے سیریز ایک صفر سے میزبان انگلینڈ کے نام ہو جائے گی۔سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور آج بھی بارش کا خدشہ موجود ہے، دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست کھانی پڑی تھی۔
13
ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخصیات میں سرفہرست،امریکی میگزین فاربز کے مطابق ایلون مسک نے ایک بار پھر دنیا کا مالدار ترین شخص ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ ایلون مسک کی دولت 209.5 ارب ڈالر (پانچ سو چھیاسی کھرب پاکستانی روپے سے زائد) ہو گئی ہے جو برنارڈ آرنلٹ کی دولت سے 5.2 ارب ڈالر زیادہ ہے،ان کی دولت میں اضافے کا سبب ان کے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے نئے پروگرام ’ایکس اے آئی‘ کی مالیت میں اضافے کے باعث ہوئی ہے۔
14
سندھ کے شہریوں کے لئے اچھی خبر، 100یونٹ تک مفت بجلی دینے کا پلان تیار،سولر پارک اور منی گرڈ سٹیشن سے پہلے مرحلے میں عوام کو 100 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے، حکومت نے بجٹ میں سولر انرجی اور منی گرڈ کے لئے رقم مختص کردی،سندھ حکومت بجٹ میں سولر انرجی کیلئے ابتدائی طور پر 5 ارب روپے رکھے گی۔بجٹ میں سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی سکیم لارہے ہیں، غریب اور متوسط طبقے کو 2 لاکھ سولر پینلز دیئے جائیں گے، سولر پینلز کی قیمت کا 80 فیصد حکومت اور صرف 20 فیصد عوام سے لیا جائے گا۔وفاقی وزیر سندھ توانائی ناصر شاہ کی میڈیا سے گفتگو
15
نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کی تجویز،ق وزارت خزانہ بجٹ تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے، 10 جون کو بجٹ پیش کرنے کا امکان ہے، میاں نواز شریف کے ساتھ بجٹ تجاویز پر منعقدہ اجلاس میں گزشتہ روز بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے تاریخوں پر بھی غور کیا گیا۔
16
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کی ایکسپورٹ میں اضافے کے رحجان پر پیشرفت تسلی بخش ہے، پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے شیخوپورہ قائداعظم بزنس پارک کا دورہ کیا ، قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے بنانے کےمنصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گارمنٹس سٹی بننے سے ایک لاکھ روزگار اور وویمن ایمپاورمنٹ میں مدد ملے گی، پنجاب میں مثالی اور بہترین گارمنٹس سٹی قائم کررہے ہیں ، لیبر کالونی اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا ۔مریم نواز نے بزنس پارک کی رابطہ سڑک ایک ماہ میں مکمل کرنے اور پارک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ہدایت بھی کی ، رابطہ سڑکوں کی تکمیل سے آسان رسائی کے لئے موٹر وے انٹر چینج بنانے کے لئے فوری اقدامات کے احکامات بھی دیئے۔انہوں نے امن امان کےایشوز پر فوری طور پر آرپی او کو طلب کرلیا اورفوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے شیخو پورہ میں امن وامان کی بہتری کےلئے دس دن کی مہلت دی ۔