اسلام آباد(ای پی آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کا ل پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کی طر ح اسلام آباد کے 92مقامات پراحتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس کی قیات جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم،امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد، امیر جماعت اسلامی نصر اللہ رند ھاوا،نائب امیر محمد کاشف چوہدری، ملک عبدالعزیزاور زونل و یو سی ناظمین نے کی، مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جس پر فلسطین کے حق اور اسرائیل و امر یکہ کے خلاف نعرے درج تھے،مظاہروں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شر کت کی۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا اسرائیل امر یکی سر پر ستی میں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، جبکہ اُمت مسلمہ کے حکمران سوئے ہوئے ہیں، انھیں فلسطین کی ماؤں، بہنوں اور بچوں کی چیخیں سنائی نہیں دیتی،اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کی خیمہ بستیوں پر بمباری کر کے ان کے چیتھڑے اڑا دیے ہیں، اسرائیل کی فلسطینیوں سے کوئی جنگ نہیں کیو نکہ جنگ تو دو فوجوں کے درمیان ہو تی ہے یہ قتل عام ہے،237 دن سے فلسطینیوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور اس قتل عام میں امریکی اسلحہ استعمال ہو رہا ہے،اسرائیلی فوج کی بمباری سے پورا غزہ کھنڈر بن گیا ہے.

انھوں نے کہا ہم سوال کر تے ہیں تمام کلمہ گو مسلمان حکمران اور سپاہ سالار کہا ں ہیں، پاکستان کہاں کھڑا ہے، فرانس کی پارلیمنٹ میں ایک رکن فلسطین کا جھنڈا لہراتا ہے مگرمسلم حکمرانوں میں حمیت نام کی کو ئی چیز نہیں ہے،امریکہ اور سارے مغر بی ممالک اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح ناروے،آئر لینڈ اور اسپین نے فلسطین کو تسلیم کیا ہے، اسی طرح پاکستان بھی حماس کی حکومت کو تسلیم کر ے، حماس ہی اس وقت برسرپیکارہے اور اسرائیل کے خلاف امت مسلمانوں کی طرف سے فرض کفایہ ادا کر رہی ہے،ہمارادوسرا مطالبہ ہے کہ اگر پاکستان اور کچھ نہیں کر سکتا تو فلسطینی پر جاری ظلم، بر بریت اورمسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف دنیا کہ 57 اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جا ئے اور اس کا ون پو ائنٹ ایجنڈا فلسطین ہو،

انھوں نے کہا مسلمان ممالک کی فو جیں، وسائل اور اسلحہ کس کام کا اگر وہ مسلمانوں کو نہیں بچا سکتے، ہم مسلمان حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ وہ غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کریں،پاکستان اٹامک پاور ہے جس کے پاس میزائل سسٹم ہے،فلسطین کو بچانے کے لیے پاک فوج اپنی ذمہ داری ادا کرے۔