1
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی اپیلوں پر سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ ہم نے توپی ٹی آئی کو نہیں کہا تھا کہ انٹراپارٹی الیکشن نہ کروائیں ، انٹرا پارٹی الیکشن کروا لیتے سارے مسئلے حل ہو جاتے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ معاملے کی سماعت کی ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں۔
2
عمران خان کی 6، بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر دلائل طلبایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری، سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔وکیل خالد یوسف نے دلائل دیئے کہ سینئر وکیل سلمان صفدر اس کیس میں آج حتمی دلائل دیں گے، عدالت وکیل سلمان صفدر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دے۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف توڑ پھوڑ احتجاج پر درج 6 مقدمات اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ میں جعلی رسیدیں جمع کرانے کے مقدمے میں دائر درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر عدالت پیش ہوئےجج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ دیکر بھی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہو سکتی ہے، بتائیں کب ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں؟بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر 11 جون کو دلائل طلب کر لئے۔
3
پنجاب اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کا اصولی فیصلہ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی، پنجاب میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع اور لیبر فورس کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کا اصولی فیصلہ ہوا، پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قطری سفیر کو پنجاب حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور قطر کے بزنس مین اور صنعتکاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
4
ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 7 جون کو طلب،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو محکمہ موسمیات کراچی دفتر میں ہو گا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔واضح رہے کہ اجلاس میں سپارکو، مذہبی امور، محکمہ موسمیات سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوں گے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق عید الاضحیٰ 17 جون (پیر) کو ہونے کا امکان ہے تاہم حتمی تاریخ کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
5
پی پی 32 گجرات: مبینہ دھاندلی کیخلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل عامر سعید راں الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ کی کاپی موصول ہوگئی ہے، ضمنی انتخابات میں پرویزالہٰی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا، کمیشن نے ایکشن لے کر پرویزالہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی ہدایات کیں۔ پی پی 32 کے ضمنی الیکشن میں پورے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے ووٹرز کو ہراساں کیا اور ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا، الیکشن کے دن ہمارے 70 سے زائد پولنگ ایجنٹس کو غائب کر دیا گیا، پولیس نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کر کے غائب کیا۔ہمارے پولنگ ایجنٹس کو غائب کر کے جعلی ووٹ کاسٹ کئے گئے، 5 پولنگ سٹیشنز پر ووٹر ٹرن آؤٹ 91 فیصد سے زائد رہا، مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم ووٹرز کے بھی ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔
6
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تاریخ 10 جولائی تک طلب،اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے موقع پر درخواست گزاروں میں سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی اور دیگر وکلاء عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت عالیہ نے وفاقی دارالحکومت میں نئے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس نوٹس معطل کردیئے اور کہا کہ پٹیشنرز کو پرانے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔


