1
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو ژاؤہوئی سے ملاقات کی جس میں اسٹریٹیجک اعتماد اور عملی تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی سکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے جب کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے منصوبے میں چینی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔سٹیلائٹ مشن سے پاک چین دوستی اب خلاؤں میں پہنچ چکی ہے۔چیئرمین سی آئی ڈی سی اے لو ژاؤ ہوئی کی شہباز شریف سے گفتگو
2
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عید پر عام معافی کی اپیل کردی۔صنم جاوید ،عالیہ حمزہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کی اپیل کرتا ہوں، عدالتیں چھوٹی پڑگئی ہیں بے گناہ لوگوں کی تعداد زیادہ ہے، اڈیالہ میں غریب لوگ ہیں اس گرمی میں 500 لوگوں کی پیشی ہوتی ہے۔ فوج کی عزت ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے لیکن اس سے کیا پیغام جارہا ہے؟ میری درخواست ہے اس عید پر عام معافی دی جائے۔اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
3
نیپرا نے بجلی ایک ماہ کیلئے بجلی 3 روپے سے زائد مہنگی کردی. بجلی کی قیمت میں اضافہ ایک ماہ کے لیے کیا گیا ہے جس میں بجلی 3 روپے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔ نیپرا نے اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی اور صارفین اضافی ادائیگیاں رواں ماہ کے بلوں میں کریں گے۔
4
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سکیورٹی کونسل (یو این ایس سی) کے پانچ غیر مستقل ارکان کا تقرر آج کرے گی، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کیلئے پر امید ہے۔اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کیلئے پاکستان کو 8 ویں مدت کیلئے جمعرات کو منتخب کیا جا سکتا ہے جبکہ پاکستان کے علاوہ دیگر چار ممبران اگلے دو سال کیلئے خدمات انجام دیں گے۔
5
صارم برنی نے غلطی تسلیم کرلی، ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں. (ایف ائی اے) کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کیس میں صارم برنی نے اپنے ابتدائی بیان میں ایک غلطی تسلیم کرلی ہے جبکہ مقدمے میں سماجی رہنما صارم برنی کی اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی سماجی رہنما اور صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ صارم برنی کیخلاف ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سیل میں پاکستان سے بچوں کی امریکا اسمگلنگ کے الزام میں پہلی ایف آئی آر 26/2024 درج کرلی گئی ہے۔صارم برنی کیخلاف پہلے مقدمے میں حیا نامی نومولود بچی کو امریکا اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، درج مقدمے کے مطابق صارم برنی نے گزشتہ ایک سال میں 20 نومولود بچوں کو امریکی والدین کو گود دینے کے نام پر اسمگل کیا، امریکا بھیجے گئے بچوں میں 15 سے زائد لڑکیاں ہیں۔
6
غزہ: اسرائیلی فوج کا اسکول پر حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 32 فلسطینی شہید,فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے اسکول پر حملہ کیا، فضائی حملے کے نتیجے میں عمارت میں پناہ لیے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 32 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے اسکول میں موجود حماس کے فائٹرز کو نشانہ بنایا۔
7
حکومت نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف غداری سمیت نئے مقدمات کا امکان ظاہر کردیا.وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ ڈائیلاگ کا راستہ اب ممکن نہیں رہا، اب بانی پی ٹی آئی کے خلاف غداری سمیت نئے مقدمات قائم ہوں گے۔ بانی تحریک انصاف کے خلاف متنازع ٹوئٹ پر مقدمہ بن سکتا ہے، سیاسی کشیدگی بڑھنے میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، سیاسی کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور گورنر خیبرپختونخوا کو باہر پھینکنے کی بات کریں گے تو علی امین گنڈا پور کو بھی باہر پھینکا جا سکتا ہے۔
8
علی امین کی ایک بار پھر فیصل کریم کو گورنر ہاؤس سے نکالنے کی دھمکی,پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین نے وفاقی ترقیاتی بجٹ سے خیبر پختونخوا کے منصوبوں کے نکالے جانے کی خبروں پر وفاق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وفاق کو خیبر پختونخوا کے منصوبوں پر کٹوتی نہیں کرنے دیں گے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ علی امین کو شاید غنڈا بننا تھا، وہ غلطی سے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں ، ان کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔
9
اسد قیصر کا عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان, ہماری تحریک پر امن ہوگی، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہماری بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، نوازشریف اور آصف زرداری سے بات نہیں ہوگی، بات تب ہوگی جب وہ ہمارا مینڈیٹ تسلیم کریں گے، چوری کیا گیا مینڈیٹ ہمیں واپس کریں گے۔ ہم نے مین اپوزیشن پارٹیوں کو اکٹھا کرلیا ہے، مزید سیاسی جماعتیں جلد اتحاد میں شامل ہوجائیں گی، ملک تب آگے بڑھےگا جب آئین و قانون کے مطابق چلے گا، احتیاط سے آگے بڑھ رہے ہیں، عید کے بعد بڑا اجلاس ہوگا اور عید کے بعد اتحاد کو باضابطہ شکل دینی ہے، جو بھی کریں گے آئین و قانون کے اندر کریں گے۔
10
مظفر گڑھ: شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کے بعد خاتون کو آگ لگا دی.خاتون کے ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ خاتون کو پہلے اس کے شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بھی سکون نہ آنے پر اس کو آگ لگا دی۔ورثاء کے مطابق خاتون کی شادی کو 2 سال ہوئے تھے اور اکثر جھگڑے رہتے تھے۔مقتولہ کے شوہر، سسر اور 3 دیوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
11
کراچی میں قصابوں نے عید قرباں کیلئے ریٹ جاری کردیے. عیدکے پہلے دن بچھیا کی قربانی کا ریٹ 20 ہزار روپے ہوگا اور بکرے کی قربانی کا نرخ 10 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے جب کہ اونٹ نحرکرنےکا نرخ 40 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عید کے دوسرے اور تیسرے روز قربانی کاریٹ تقریباً آدھا ہوگا۔
12
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: یوگنڈا کے 43 سالہ بولر نے تاریخ رقم کر دی.گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں یوگنڈا نے پاپوا نیو گنی کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی۔لو اسورنگ میچ میں 78 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر پاپوا نیو گنی کے خلاف یوگنڈا کی 5 وکٹیں صرف 26 رنز پر گر گئی تھیں لیکن ریاضت علی شاہ کی 33 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت یوگنڈا نے ہدف 19 ویں اوور میں پورا کر لیا۔یہ کامیابی ناصرف یوگنڈا کی جانب سے بڑی تاریخی تھی بلکہ یوگنڈا کے 43 سالہ اسپنر فرینک سبگا نے بھی میچ میں نئی تاریخ رقم کی۔
13
یوٹیوب نے 28 ملین ویوز لینے والا چاہت فتح علی خان کا گانا ‘بدو بدی’ ڈیلیٹ کردیا.چاہت فتح علی خان کا یہ گانا ماضی کے مقبول گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا ری میک تھا جس نے یوٹیوب پر دیکھتے ہی دیکھتے 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے۔یہ گانا ناصرف پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اپنی ریلز (مختصر ویڈیوز) پر لگارہے تھے بلکہ بھارتی صارفین سمیت چند بھارتی اداکاروں نے بھی اس پر ویڈیوز بنائیں۔
14
حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں ڈپٹی کمشنر زین العابدین نے کہا کہ کراچی میں اب بھی حادثے کے 6 زخمی زیرعلاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 11 زخمی افراد سول اسپتال حیدرآباد میں بھی زیر علاج ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا سانحہ میں اب تک 23 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 5 زخمیوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
15
نائیجیریا: سونے کی کان گرنے سے ایک کان کن ہلاک، درجنوں دب گئے. حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عمل شروع کردیا گیا تھا اور ایک کان کن کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ خدشہ ہے کہ ملبے تلے تاحال 30 کے قریب کان کن دبے ہوئے ہیں جن کی زندگیوں کو بچانے کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیا جارہا ہے۔
16
چیئرمین پی سی بی کا سخت نوٹس، آئی سی سی پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر آمادہ,پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیو یارک میں 9 اور 11 جون کو دو میچز کھیلنے ہیں اور نیو یارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی مسافت پر تھا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاملے کا سخت نوٹس لیا تھا جس پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل کر دیا گیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا ہے وہ اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں۔