کشمور(رپورٹ حاکم نصیرانی) جب قانون کے رکھوالے، سماج کے ٹھیکیدار مظلوم لاچار انسان کی مدد کرنے کیلئے تیار نہ ہوں تو ایسے میں مجبور بے بس لوگ پاک کتاب کا ہی سہارا لیتے ہیں۔ ایک مہینہ قبل گڈو تھانہ کی حدود ایری گیشن کالونی سے اغوا ہونے والے ہیبت علی عرف علی نیازی کےماں باپ پانچويں بار قرآن مجید اٹھا کر کچے پہنچ گئے۔

جب مغوی کے ماں باپ کچے ایک بیٹھک پر پہنچے تو نوجوان میزبان نے ڈاکوؤں سے مغوی کی رہائی کی اپیل کی۔ اس موقع پر میزبان نوجوان نے یہ بھی کہا کہ مجھے پتا ہے کہ مغوی علی کس ڈاکو کےپاس ہے اگر مغوی کو کل (آج) تک آزاد نہیں کیا گیا تو ان سب لوگوں کے نام لونگا۔ نوجوان میزبان نے یہ بھی کہا کہ اس غریب کے پاس ایک دکان ہے ایک کروڑ تاوان کی رقم کا بندوبست کہاں سے کرے گا خدارا اس مسکین پر رحم کریں اور اس کے بچے کو رہا کرو۔

یاد رہے کہ مغوی نوجوان علی کی نیازی کے گھر میں صف ماتم بچھا ہوا ہے اس سے پہلے دو دن قبل نوجوان کی بہنوں نے قرآن مجید جھولے میں رکھ کر بھائی کی رہائی کی اپیل کی تھی۔ ڈاکوؤں نے مغوی کی بازیابی کیلئے ایک کروڑ نقد قیمتی سوٹ قیمتی موبائل کی مانگ کر رکھی ہے۔