1
حکومت نے شہر شہر قائد کے باسیوں پر بھی بجلی بم گراتے ہوئے قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔ (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔کراچی کیلئے بجلی10 روپے ایک پیسہ فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے جبکہ بجلی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔جون میں2 روپے68 پیسے، جولائی میں3 روپے11 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کئے جائیں گے، اسی طرح اگست میں3 روپے22 پیسے فی یونٹ جبکہ ستمبر میں ایک روپیہ فی یونٹ اضافی وصول کیا جائے گا۔
2
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف چین کے دورے پر ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے، چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں ہوئیں جن میں عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی چین کے مختلف سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے شینزن میں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، وزیراعظم نے شینزن کے دورے میں مختلف سرمایہ کاروں اور کمپنیوں سے ملاقات کی۔پاکستان کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کیلئے 182 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی، پاکستان سلامتی کونسل میں اپنا بھرپور کردارادا کرے گا، پاکستان عالمی خوشحالی کیلئے اپنا کردارادا کرتا رہے گا۔پاکستان فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دہائی میں 7 ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا گیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
3
کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کار پریشان،آج کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 72 ہزار237 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔
4
وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے گریٹ ہال آف پیپل آمد، گارڈ آف آنر پیش،گریٹ ہال آف پیپل پہنچنے پر چینی وزیراعظم لی چیانگ نے شہباز شریف کا استقبال کیا، اس موقع پردونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی چیانگ سے اپنے وفد کا تعارف کرایا،
5
انتخابی عذرداری کیس: سپریم کورٹ کا قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم،سپریم کورٹ میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی ڈی سیٹ کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔قاسم سوری سپریم کورٹ کی طلبی پر ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہوئے، عدالت نے قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا اور طلبی کا نوٹس قاسم سوری کے گھر کے باہر بھی چسپاں کرنے کا کہا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کے مطابق قاسم سوری کے بھائی بلال نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کیا، قاسم سوری جان بوجھ کر سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہو رہے، سابق ڈپٹی سپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے موکل میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہیں، جس پر نعیم بخاری نے جواب دیا کہ میں تو ٹی وی نہیں دیکھتا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ خود ٹی وی کی شخصیت ہیں اور ٹیلی وژن نہیں دیکھتے، کیا آپ ایکس یا ٹویٹر سے واقف ہیں؟ نعیم بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کرتا ہوں نہ ہی مجھے استعمال کرنا آتا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ خود کو بوڑھا کیوں سمجھ رہے ہیں جوان اور اپ ٹو ڈیٹ رہیں، جس پر نعیم بخاری نے جواب دیا کہ بوڑھا تو اب ہو چکا ہوں۔جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے کہ ایک ٹی وی پروگرام میں آپ نے کہا تھا میرے دوست مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتے۔وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ میرا قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آئندہ سماعت جولائی میں رکھیں گے، عدالتی حکم میں آئندہ تاریخ مقرر کر دیں گے۔
6
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے اپیلیں جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے تاہم شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے کوئی بھی عدالت پیش نہ ہوا۔اس موقع پر وکیل عثمان ریاض نے دلائل دیئے کہ عدالت سماعت کیلئے کوئی ایک وقت مقرر کر دے، اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت میں بھی پیش ہونا ہے۔بعد ازاں عدالت نے خاور مانیکا کے وکیل کے آنے تک کیس کی سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد ساعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو جج نے دریافت کیا کہ آپ اپیلوں پر جلد سماعت چاہتے ہیں یا سزا معطلی پر سماعت چاہتے ہیں؟ وکیل عثمان گل نے جواب دیا کہ عدالت شکایت کنندہ کے کنڈکٹ کو بھی دیکھے۔سماعت کے دوبارہ آغاز پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بھی عدت میں نکاح کیس کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست دائر کر دی گئی، عدالت نے درخواست کے ساتھ بیان حلفی لگانے کی ہدایت جاری کی۔وکیل نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ پہلی عدالت میں کیس کا فیصلہ محفوظ تھا تاہم دوسری عدالت کو کیس ٹرانسفر کر دیا گیا۔بعد ازاں عدالت نے سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔
7
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوگا۔ذی الحج کا چاند آج نظر آنے کا قوی امکان ہے، گزشتہ شام 5 بجکر 40 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی تھی، آج سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 12.5 ڈگری اونچا ہو گا آج غروب آفتاب 7 بج کر 20 منٹ پر ہونے کا امکان ہے اور غروب آفتاب کے تقریباً 15 منٹ بعد چاند واضح دیکھا جاسکے گا، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 40 سے 50 منٹ ہو گا۔ غروب قمر 8 بج کر 31 منٹ پر متوقع ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہوگی، چاند دکھائی دینے کیلئے اسکی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی چوڑائی زیادہ ہوگی اور باآسانی دیکھا جاسکے گا، آج چاند نظر آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ 17 جون کو ہوگی۔ ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال
8
9 مئی مقدمات: ڈاکٹر یاسمین، عمر سرفراز و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع،لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے چار مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید کی ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید کے رخصت پر ہونے کے باعث کیس میں پیشرفت نہ ہو سکی، عدالت نے ضمانتوں پر مزید توسیع دیتے ہوئے سماعت 12 جون تک ملتوی کر دی۔
9
لاہور ہائیکورٹ نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے موقع مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھا دیئے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق شہری فاروق ہارون سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت عالیہ نے عید الاضحیٰ کے پیش نظر مارکیٹوں کو رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ ویک اینڈ پر رات ایک بجے تک مارکیٹوں کو کھلا رکھنے کی ہدایت کردی۔
10
پی ٹی آئی کا دفتر ڈی سیل نہ کرنے پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی،اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مرکزی دفتر ڈی سیل نہ کرنے پر سی ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کی۔پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین اس موقع پر عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ ہم اس درخواست کو آئندہ ہفتے سنیں گے۔
11
سپیکر پنجاب اسمبلی و قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو اور دیگر بھی موجود تھے، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔پاکستان اور ترکیہ برادرانہ، مشترکہ مذہبی اور ثقافتی روایات کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت اور اخوت کا مضبوط رشتہ ہے، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے،قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان
12
ریٹائرڈ ججز کو الیکشن ٹریبونلز مقرر کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری آمنہ لیاقت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ قائم مقام صدر مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارش پر الیکشن ترمیمی آرڈیننس جاری کیا، صدارتی آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے، ٹریبونل مقرر کرنے کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آچکا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ اس آرڈنینس کا اطلاق الیکشن 2024 پر نہیں ہو سکتا لہٰذاصدارتی آرڈیننس کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔بعدازاں عدالت نے ریٹائرڈ ججز کو الیکشن ٹریبونلز مقرر کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
13
وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان،نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی تعلیمی ادارے 10 جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گے، تعلیمی ادارے موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد یکم اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔
14
کاشتکاروں کو آسان قرضوں کیلئے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کسان پیکیج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کاشتکاروں کے لئے "سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم” کی منظوری بھی دی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریکٹر پر محض چھ لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے چھوٹے ٹریکٹر پر 70 فیصد اور بڑے ٹریکٹر پر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایت کی۔میاں نواز شریف کی تجویز پر پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد10 ہزار بڑھا دی گئی۔مریم نوازشریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا اور ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت زیادہ ٹریکٹر دینے کا اصولی فیصلہ کیا۔
15
رواں مالی سال کیلئے ایچ ای سی کا 65 بلین روپے کا بجٹ منظور، رواں مالی سال کیلئے فیڈرل یونیورسٹیز کے لیے بجٹ 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی اور جو کہ بہت کم تھا اور ہماری درخواست پر وزیر اعظم نے فوری ایکشن لے کر اس بجٹ کو ریورس کیا۔25 ارب روپے کا بجٹ ایک بہت بڑا مسئلہ تھا لیکن وزیراعظم کے ایکشن پر بعدازاں رواں سال کے لیے ہمارا 65 بلین کا بجٹ منظور کر لیا گیا ہے۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد کی خصوصی گفتگو
16
سپریم کورٹ میں ججز تقرری کا معاملہ: جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا۔لاہور ہائیکورٹ سے چھ ججز کے نام زیر غور آئیں گے، سپریم کورٹ تقرری کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد کا نام شامل ہے، سندھ ہائیکورٹ سے تین ججز کے ناموں پر غور ہوگا، ججز تقرری میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی کا نام بھی شامل ہے۔سپریم کورٹ میں کل 17 میں سے 14 ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ تین ججز کی نشستیں خالی ہیں۔
17
پنجاب: بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کو 10 سال قید کی سزا ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کی سزا 10 سال قید ہوگی، 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں 3 سال مزید سزا بھگتنا ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نئے قانون میں ترمیم منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوا دی۔نئے قانون میں بچوں، بزرگوں اور خواتین سے زبردستی بھیک منگوانا ناقابل ضمانت اور سنگین جرم قرار ہے۔
18
کراچی: چھت گرنے سے شہری جاں بحق، گھر سے لڑکی کی لاش برآمد،کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن شو مارکیٹ برما ہوٹل کے قریب گھر کی خستہ حال چھت اچانک گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر شہری جاں بحق ہو گیا، مرنے والے شخص کی شناخت 65 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔شاہ فیصل نمبر 5 میں واقع گھر سے لڑکی کی پھندہ لگی لاش برآمد ہوئی، متوفیہ کی شناخت 15 سالہ حنا کے نام سے ہوئی،لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے تاہم پوسٹمارٹم کے بعد مرنے کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔
19
آئی جی پنجاب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر دلبرداشتہ شہری نے خود کو آگ لگالی۔ آئی جی آفس کے باہر خود کو آگ لگانے والا شہری اصغر سہیل لاہور کے علاقے کماہاں کا رہائشی ہے، وہ گروی پر لیے گئے ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔ مالک مکان کی جانب سے پیشگی نوٹس دیے بغیر گھر خالی کروانے پر احتجاج کے لیے آئی جی آفس پہنچا تھا، متاثرہ شخص صبح سے آئی جی آفس کے باہر پنجاب پولیس کے سربراہ سے ملاقات کے لیے انتظار میں بیٹھا تھا، سکیورٹی پر مامور حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اس نے خود کو آگ لگالی، شہری کو بچاتے ہوئے پولیس اہلکار عادل بھی جھلس کر زخمی ہوگیا۔
20
صوبائی دارالحکومت کے علاقے اسلام پورہ میں فیکٹری مالک کے تشدد سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ورثا کا کہنا ہے کہ 18 سالہ وقاص شوکت نجی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا جو فیکٹری مالک کے بے جا تشدد سے جان کی بازی ہار گیا۔پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے کارروائی کا آغاز کر دیا ۔


