کشمور (ای پی آئی ) پنجاب سے سندھ میں سپلائی کیاجانے والا کیمیکل ملا ہزاروں لٹردودھ تلف کردیا گیا ڈرائیور گرفتار.

تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر کشمور امیر افضل اویسی کو مسلسل موصول ہونے والی عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے تین صوبوں کے سنگم پر موجود ڈیرہ موڑ کے مقام پر خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کشمور علی رضا سومرو اور ڈپٹی ڈاریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو زہر آلود دودھ کے استعمال سے بچا لیا گیا۔

دوران کاروائی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے آنے والے کیمیکل والے دودھ کے کنٹینر کو روکا گیا جدید آلات سے ٹیسٹ کرنے کے بعد حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ یہ دودھ نہیں زہر آلود کیمیکل ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈاریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کیمیکل ملےدودھ میں زخموں کو ٹھیک کرنے والی دوائی کا پاؤڈر استعمال کیا گیا ہے۔ اس طرح کا دودھ انسانی صحت کیلئے بالکل ہی نقصان کار ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کشمور علی رضا سومرو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلسل عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ کھانے پینے کی اشیاء ناقص اور غیر معیاری ہیں خاص طور پر کیمیکل ملے دودھ کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔

اب ہمارے پاس جدید کٹ آ گئی ہے جس کی بنیاد پر روزہ مرہ استعمال ہونے والی اشیاء کی چیکنگ کی جائے گی۔ پکڑے جانے والا کیمیکل سے بھرا ہوا دودھ کا کنٹینر بھی اس کی ایک کڑی ہے۔ 6500 لیٹر کیمیکل والا دودھ تلف کیا گیا ہے ۔

ایک اندازے کے مطابق تلف شدہ دودھ کی قیمت اوپن مارکیٹ میں گیارہ لاکھ ہے۔ ڈرائیور کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔