کشمور (ای پی آئی )کشمور میں پولیس چوکی گنڈیر پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

تفصیل کے مطابق کشمور کے نواحی علاقے میانی ایٹ بڈانی تھانہ کی گنڈیر شاخ پولیس چوکی پر جدید اسلحہ سے لیس نامعلوم ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا ۔ حملے کے بعد پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار راجہ ، صدام حسین اور غلام مصطفیٰ شدید زخمی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے اور زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر سکھر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے زخمی اہلکار غلام مصطفیٰ چل بسا۔ شہید اہلکار کا تعلق نوشہرو فیروز سے بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ساتھی ڈاکو اپنے ساتھ لیکر کچے کی طرف فرار ہوگئے ۔

ایس ایس پی کشمور بشیر احمد بروہی کا کہنا ہے کہ کشمور پولیس کے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ شہید اہلکار کی نماز جنازہ ایس آر پی آ آر ہیڈکواٹر سکھر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی جس میں ڈی آئی جی سکھر ایس ایس پی سکھر خیرہور کشمور شکارپور سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شہید اہلکار کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ یاد رہے کہ ایک مہینے کے دوران کچے کے ڈاکوؤں کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔