1
جمعیت علمائے اسلام نے بھی آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کر دی۔ کہا کہ آپریشن عزم استحکام درحقیقت آپریشن عدم استحکام ثابت ہو گا، آپریشن کا فیصلہ کوئی اور کرے گا اور ذمہ داری سیاسی جماعتیں اٹھائیں گی۔اسٹیبلشمنٹ کو ہر شعبے میں اپنی بالادستی کو ختم کرنا ہوگا، اس وقت ملک میں ریاست کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے، مسلح تنظیمیں کھلے عام گھوم رہی ہیں۔ ہم پارلیمنٹ میں بھی اپنا مؤقف دے چکے ہیں اور باہر بھی، ہم نے عوامی رابطے کا ایک سفر شروع کیا تھا، عوام نے ہمیں جو پذیرائی بخشی وہ ناقابل فراموش ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی میڈیا ٹاک
2
مذاکرات کیلئے تیار لیکن پہلی بات مینڈیٹ چوری، فارم 45 کی ہوگی، سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو پاگل قرار دے کر جان نہیں چھوٹ سکتی۔بانی پی ٹی آئی سے پالیسی پر بات چیت ہوئی ہے، ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں ایک پالیسی بتائی گئی، پالیسی تھی کہ امن و امان کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئے، میٹنگ میں عزم پاکستان کا نام آیا۔ آپریشن کا لفظ نہ پہلے تھا نہ بعد میں، بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں دہشتگردی میں کمی آئی، ہم نے سی ٹی ڈی کو بہتر کیا، ہماری پالیسی ہے عوام کو پہلے اعتماد میں لیا جائے، دہشت گردی کا مقابلہ عوام کے بغیر نہیں کر سکتے، صوبوں اور پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ نہیں کر سکتے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی میڈیا سے گفتگو
3
وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، اجلاس میں امن و امان اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں کابینہ کی منظوری کے بعد آپریشن عزم استحکام پارلیمان کے سامنے رکھا جائے گا۔
4
عمران خان پر سنگین مقدمات بنانے کیخلاف درخواست پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم،لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہیں؟ جس پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ابھی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میٹنگ ہوئی ہے لیکن ابھی سائن نہیں ہوئے، دو سے 3 دن لگیں گے، عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ دو دن کا وقت ہے آپ تمام مراحل مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین نوعیت کے مقدمات بنانے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔
5
کراچی: رینجرزاور پولیس کی کارروائی، ڈکیت گروہ کے انتہائی مطلوب3 ملزمان گرفتار، گرفتار ملزمان میں جان آغا، امید گل عرف لغمانی اور عبدالرحمان شامل ہیں ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں 300 سے زائد سٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں ، گرفتار ملزمان نے دوران واردات 3 سے زائد شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ، گرفتار ملزم جان آغا نے ڈکیتیوں کے لیے کئی بار درہ آدم خیل سے بذریعہ فیس بک اسلحہ منگوانے کا انکشاف کیا۔
6
فیفا کپ 2026: سعودیہ نے کوالیفائنگ راؤنڈ کی قرعہ اندازی کی تیسری کیٹگری میں جگہ بنالی۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے مرحلے کے لیے قرعہ اندازی 27جون کو ملائیشیا کے دار الحکومت کوالا لمپور میں ہو گی، یہ بات ایشین فٹبال فیڈریشن نے اپنے اعلان میں بتائی۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے والی 18 ٹیموں کو فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق چھ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی کیٹگری میں جاپان ، ايران ، جنوبی کوریا، دوسری کیٹگری میں آسٹریلیا، قطر ، عراق ،تیسری کیٹگری میں سعودی عرب ، ازبکستان ، اور اردن شامل ہیں۔چوتھی کیٹگری میں امارات ، عُمان ، بحرين ، پانچویں کیٹگری میں چین ، فلسطين ، کرغزستان، چھٹی کیٹگری میں شمالی کوریا، انڈونيشيا اور كويت شامل ہیں۔
7
جولائی میں شدید بارشیں، این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف مقامات پر 21 جولائی تک ہلکی بارشیں متوقع ہیں، 21 جولائی سے تینوں ڈویژنز میں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق یکم سے 15 جولائی تک لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، 15 جولائی تک اسلام آباد میں 15 تا 50 ملی میٹر بارش ہوگی، جولائی کے آخر میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
8
جنوبی کوریا: بیٹریاں بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، 22 افراد ہلاک، بیٹریاں بنانے والی اریسیل کمپنی کے پلانٹ کے گودام میں رکھے لیتھیم بیٹری کے سیلز کے پھٹنے کے سبب آگ لگی۔ آتشزدگی کے وقت پلانٹ میں تقریباً 100 لوگ کام کررہے تھے جن میں سے 22 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق چین سے ہے۔ اریسیل کمپنی کے پلانٹ میں 35 ہزار سے زائد بیٹری سیلز سٹور کیے گئے ہیں جہاں بیٹریوں کا معائنہ کیا جاتا ہے اور ان کی پیکجنگ بھی کی جاتی ہے۔
9
سکھر بیراج کے گیٹس ٹوٹنے پر 7 کینالوں سے فصلوں کو پانی کی فراہمی بند، متعلقہ اضلاع میں فوکل پرسن مقرر کر دیئے گئے جو ضروری مقامات پر پانی کا بندوبست کریں گے۔ سکھر بیراج کے گیٹس ٹوٹنے کی وجہ سے نواب شاہ تک پانی کی سپلائی کرنے والے خیرپور فیڈر ایسٹ کو بند کر دیا گیا، خیرپور فیڈر ویسٹ جو خیرپور ضلع کو پانی کی سپلائی فراہم کرتی ہے کو بھی بند کر دیا گیا۔ میرپور خاص، سانگھڑ، تھرپارکر اور عمر کوٹ کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے والی نارا کینال کو بند کر دیا گیا ہے، روہڑی کینال جو مین انڈس ہائی وے، کنڈیارو ٹھری میرواہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور حیدر آباد کو پانی کی سپلائی فراہم کرتا ہے کو بند کر دیا گیا۔


