1
لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ میں سول و ملٹری ایجنسیوں کی مداخلت روکنے کے لیے ایس او پیز جاری کر دیئے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انسداد دہشتگردی (اے ٹی سی) کے جج کو ہراساں کرنے کے معاملے میں 4 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری حکم جاری کر دیا۔جسٹس شاہد کریم نے عدلیہ میں مداخلت روکنے کیلئے 5 نکاتی ایس او پیز جاری کیے ہیں جس کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس آئی ایس آئی اور آئی بی سمیت تمام سول و ملٹری ایجنسیوں کو ہدایت جاری کرے کہ ایجنسیاں مستقبل میں اعلیٰ اور ماتحت عدلیہ کے کسی جج یا ان کے عملے سے رابطہ نہ کریں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب بھی ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کی ہدایات جاری کریں، اے ٹی سی عدالتوں کی سکیورٹی کیلئے متعلقہ جج سے مشاورت اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے۔
2
پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی درخواست 13رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی درخواست،تحریک انصاف کی جانب سے درخواست بیرسٹر علی ظفر نے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی درخواست کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لارجر بینچ کے سامنے سناجائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 جنوری کے فیصلے سے پی ٹی آئی اور سپورٹرزکو نقصان پہنچ رہا ہے، پی ٹی آئی ارکان فیصلےکے بعد بلےکے نشان پر انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئے تھے، کیس ووٹرز کے حقوق سے متعلق ہے جس کا آئین مکمل تحفظ دیتا ہے۔
3
کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، ٹوٹے تار بھی جوڑے نہ جاسکے۔2 روز قبل نارتھ کراچی،کورنگی،کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن اور ناظم آباد کے دیگر علاقوں میں ٹوٹنے والے بجلی کے تار جوڑے نہ جاسکے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ متعدد بار شکایات کے باوجود عملہ خراب میٹر اور ٹوٹی تار جوڑنے نہیں پہنچا۔ شہر میں 2 روز قبل چلنے والی تیز ہواؤں کے بعد زیادہ شکایات آئیں جنہیں نمٹانے میں دشواری ہے، کے الیکٹرک حکام محدود گاڑیوں اورکم نفری کا حل تلاش کررہے ہیں۔ شہرکے مختلف علاقوں میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں آسکی ہے، ایف بی ایریا، شادمان، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، گڈاپ میں بل ادائیگی والے صارفین بھی بجلی سےمحروم ہیں۔
4
بجٹ میں پراپرٹی الاٹمنٹ اور انتقال پر فائلرز اور نان فائلرز کیلئے فیڈرل ایکسائز ٹیکس عائدگزشتہ روز قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے وفاقی بجٹ میں ایک سے دو ہزار گز کے رہائشی گھروں پر 10 لاکھ اور دو ہزار گز سے بڑے گھروں پر 15 لاکھ روپے ٹیکس لگایا گیا ہے جبکہ سرونگ اور ریٹائرڈ وفاقی اور صوبائی ملازمین، مسلح افواج اور جنگ میں زخمی ہونے والوں کے لیے غیر منقولہ جائیداد کی فروخت اور انتقال پر ایڈوانس ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔
5
سانگھڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق ناظم محافظ سمیت قتل،ڈی ایس پی کھپرو عبد الستار اجن کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق تعلقہ ناظم خدا بخش درس اپنے گارڈ سمیت جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کا واقعہ کھپرو میں اس وقت پیش آیا جب خدا بخش درس گارڈ سمیت اپنی زمینوں کو دیکھنے کیلئے گئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔
6
اٹک میں ہکلا انٹرچینج کے قریب ایمبولینس کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، ہکلا انٹرچینج کے قریب ایمبولینس اور ٹینکر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد میں ریسکیو اہلکار بھی شامل ہے جبکہ حادثے میں ایک ریسکیو اہلکار زخمی بھی ہوا۔
7
سرکردہ مذہبی عالم کی عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات طے کرانے کوشش، یہ کوشش 8 فروری کے انتخابات سے پہلے کی گئی تھی لیکن یہ ناکام رہی۔ ذرائع نے عالم کا نام ظاہر نہیں کیا۔اپریل 2022 میں حکومت سے نکال باہر کیے جانے کے بعد فوج، اس کے اعلیٰ کمانڈروں اور حتیٰ کہ موجودہ اور سابقہ آرمی چیف کیخلاف عمران خان جو الزامات عائد کر رہے ہیں ان کے تناظر میں اب جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کیلئے ساکھ کے بحران کا ایک سنگین چیلنج درپیش ہے۔
8
مسعود خان کا عزم استحکام کی کامیابی کیلئے امریکا سے چھوٹے ہتھیاروں کا مطالبہ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے آپریشن عزم استحکام کی کامیابی کیلئے امریکا سے چھوٹے ہتھیاروں کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب کانفرنس میں شامل شرکا نے پاک امریکا تعلقات پر گفتگو کی اور افغانستان میں امریکی پالیسی پر کڑی تنقید بھی کی۔
9
پی ٹی آئی نے ایک بار پھر سائفر کا الزام امریکا پر عائد کردیا۔عمر ایوب کا کہنا تھا اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدت کیس کا فیصلہ چینلج کر رہے ہیں، مصروفیات کے باعث جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔عمر ایوب کا کہنا تھا وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، محسن نقوی نے ساڑھے 400 ارب کی گندم درآمد کرائی، حکومت اب کہہ رہی ہے گندم برآمد کریں گے۔
10
فنانس بل منظور: ٹیکس فراڈ پر 5 سے 10سال قید کی سزا ملے گی۔ایف بی آر افسران کے اختیارات میں ٹیکس فراڈ روکنے کیلئے مزید اضافے کی ترمیم منظور کرلی گئی ہے۔یکم جولائی سے ایف بی آر کو سیلز ٹیکس آڈٹ کیلئے تمام ریکارڈ اور ڈیٹا حاصل کرنے کا اختیار ، سیلز ٹیکس آڈٹ کیلئے ٹیکس فراڈ کی صورت میں ایف بی آر افسران کے اختیارات میں مزید اضافے کی ترمیم بھی منظور کرلی گئی ہے۔ ترمیم کے بعد ایف بی آر کو سیلز ٹیکس آڈٹ کیلئے تمام ریکارڈ اور ڈیٹا متعلقہ شخص ادارے یا کمپنی سے حاصل کرنے کا اختیار ہو گا، سیلز ٹیکس آڈٹ کے دوران انفرادی حیثیت یا مجاز اتھارٹی کو یہ سارا ریکارڈ اور ڈیٹا پیش ہونا ہوگا۔ سیلز ٹیکس آڈٹ میں 6 سال سے پرانا ٹیکس ریکارڈ ایف بی آر کی مجاز اتھارٹی طلب نہیں کر سکے گی۔
11
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقاتیں،ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی جس میں پاک چین تزویراتی معاون شراکت داری کا اعادہ کیا گیا۔
12
دو دن میں دوسرا استعفیٰ، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی پارٹی کی کور کمیٹی سے مستعفی،جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی فیصلوں میں ان کا کوئی اختیار نہیں ہے اور نہ ہی بانی چیئرمین تک ان کی رسائی ہے، صرف چند مخصوص لوگ بانی چیئرمین سے ملنے جاتے ہیں، لیکن وہ لوگ ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیتے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی سے ملنے کیلئے جانے والے لوگوں کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات ہیں، ہمیں صرف یہ بتا دیا جاتا ہے کہ موجودہ پارٹی پالیسی بانی چیئرمین کی ہے۔
13
شجاعیہ میں اسرائیل فوج کی کارروائی سے مزید 60 ہزار فلسطینی بے گھر، غزہ میں قحط کی صورتحال،ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے علاقے المواسی میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 5 ہزارفلسطینی بےگھر ہوگئے جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔یو این کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین کے مطابق غزہ کے فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں اور کیمپوں میں رہ رہے ہیں، غزہ میں کیمپوں کے قریب گندگی کے ڈھیر والےحالات ناقابل برداشت ہیں اور غزہ میں قحط شدت اختیارکررہا ہے جب کہ بیماریوں کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔


