1
امریکا نے عمران خان پر مقدمات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا.نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کا معاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے، ہم زیر التوا کانگریس کی قانون سازی پر بات نہیں کریں گے۔ امریکی جمہوری نظام میں کانگریس حکومت کی ایک علیحدہ شاخ ہے، پاکستان اور بھارت کو اپنے معاملات خود طے کرنا ہیں، امریکا دنیا بھر میں پڑوسی ممالک میں مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔امریکی اعلیٰ حکام نے مسلسل، نجی اور عوامی طور پر پاکستان پر زور دیا کہ آئین کے مطابق عوام کے حقوق کا احترام، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کیا جائے،
2
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت شروع,چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 13 رکنی فل کورٹ بنچ سماعت کر رہا ہے۔جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے دلائل جاری ہیں۔
3
توہین عدالت کیس: 34 چینلز کو شوکاز نوٹس، مالکان کے دستخط کیساتھ جواب طلب,چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس نعیم افغان نے فیصل واوڈا، مصطفیٰ کمال توہین عدالت کیس میں 34چینلز کو شوکاز نوٹس جاری ہونے کا حکم نامہ جاری کردیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ شوکاز نوٹس پیمرا کے ذریعے بھیجا جائے اور چینلز 2ہفتوں میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائیں، شوکاز نوٹس کا جواب آپریشنل ہیڈ اور چینل مالکان یا شیئر ہولڈر کے دستخط کے ساتھ ہوں۔عدالتی حکم نامے میں مزیدکہا گیا ہےکہ وکیل صفائی فیصل صدیقی کے مطابق ابتدائی جواب جمع کروا دیا، چینلز کے جواب پر دستخط کسی چینل مالک کے نہیں بلکہ وکیل فیصل صدیقی کے ہیں، تمام چینلز کی جانب سے دلائل کم و بیش ایک ہی طرح کے ہیں،بادی النظر میں چینلز کا جواب اطمینان بخش نہیں۔
4
اسلام آبادکی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء زاہد بشیر ڈار اور مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر وکیل سلمان صفدر تھوڑی دیر میں آ رہے ہیں، اس لیے سماعت میں مختصر وقفہ کر دیں۔دوسری جانب خاور مانیکاکے جونیئر وکیل نے بھی استدعا کی کہ سینئر وکیل زاہد آصف 11 بجے پیش ہوں گے، لہٰذا سماعت میں وقفہ کیا جائے۔جج افضل مجوکا نے سوال کیا کہ اگر رجوع کا حق تھا تو وہ ایک سول معاملہ ہے، اس کا کرمنل سے کیا تعلق؟، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ میں رجوع کر لیتا، اگر فراڈ ہوا تھا تو اسی وقت عدالت جاتے اور کہتے کہ میں نے رجوع کرنا تھا، ایک دن نکاح ہوا، دوسرے دن خاور مانیکا کو پتہ چل گیا لیکن وہ خاموش رہے۔بعدازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ یشن عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کل صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کر دی۔
5
مریم نواز کی انتخابات میں کامیابی کیخلاف اپیل، الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب,الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس انوار حسین نے حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کے مخالف امیدوار مہر شرافت کی اپیل پر سماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ لاہور کے حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کی جیت کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا اسے معطل کیا جائے۔جسٹس انوار حسین نے کہا کہ ٹریبونل کو کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں وہ نوٹ کرلیں، حلقہ پی پی 159 میں کل کتنے پولنگ سٹیشنز تھے؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ سکیم میں رجسٹرڈ پولنگ سٹیشنز کی تعداد 102 ہے۔الیکشن ٹریبونل نے استفسار کیا کہ فارم 45 پر پریذائیڈنگ افسر کے دستخط ہونگے دیگر حلقے کے امیدواروں کے پاس بھی وہی فارم ہوگا پھر فارم 45 ویب سائٹ پر اپلوڈ کیوں نہیں ہوئے؟ٹریبونل کی ہدایت کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے مریم نواز کے انتخابی حلقے کا ریکارڈ نہ کیا گیا، وکیل الیکشن کمیشن نے فارم 45 کا اصل ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی، ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا کو منظور کرلیا۔بعدازاں ٹریبونل نے مریم نواز کی انتخابات میں کامیابی کے خلاف اپیل پر مزید سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔
6
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تیارکردہ وفاقی بجٹ کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے مالی سال کے پہلے دن عوام پر پٹرول بم گرا دیا، راج کماری مریم نے اپنے چچا شہباز شریف کے چور ہونے پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔پٹرول اور بجلی دونوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پٹرول کی نئی قیمتوں سے پہلے سے بے قابو مہنگائی اب بے لگام ہو جائے گی، یہ تو آئی ایم ایف بجٹ کی شروعات ہے آگے آگے دیکھ ہوتا ہے کیا۔
7
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک نیب ہے ملک مفلوج رہے گا، آج بھی وقت ہے نیب کو ختم کر دیا جائے۔ یہ انصاف کا نظام آپ کے سامنے ہے، عدالت میں مقدمات میں پیشرفت نہیں ہو رہی ہے، میں کہتا ہوں ہمارے خلاف جو الزامات ہیں آپ کیس چلائیں۔نیب سیاسی مقدمات بنائے کیلئے بنایا گیا ہے، کبھی نیب کے چیئرمین جاوید اقبال کہتے تھے میں کیس نہیں بناتا عمران خان مجھ سے بنواتے تھے، نیب کے ہوتے ملک ترقی نہیں کر سکتا، موجودہ حکومت نے وعدہ کیا تھا ہم نیب کو ختم کریں گے لیکن اس حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے نیب کو سپورٹ کیا۔حکومت کے اپنے لوگوں نے کہا بجٹ ناکام ہے، چار ہزار ارب کے اضافی ٹیکس اس بجٹ میں نئی بات ہے جس کا بوجھ عوام پر پڑے گا، جو حکومت اپنی برآمدات پر ٹیکس لگانا شروع کر دے تو آج یہاں سے ایکسپورٹ کرنا ہی مشکل ہو جائے گا۔
8
صوفی بزرگ بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے 782 ویں عرس کی تقریبات کا آغازسجادہ نشین دربار عالیہ دیوان مودود مسعود نے صدیوں پرانی رسومات ادا کیں اور ملک کے لئے خصوصی دعا کی گئی، سجادہ نشین نے تقریب کے دوران زائرین میں روایتی تبرکات بھی تقسیم کئے، دربار پر محفل سماع کا سلسلہ جاری ہے۔عرس کے موقع پر پولیس کی جانب سے زائرین کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے نقل وحرکت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
9
عمران خان ، شاہ محمود ودیگر کیخلاف توڑ پھوڑ مقدمات پر سماعت 29 جولائی تک ملتوی,انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، عمر ایوب ، علی نواز اعوان و دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور پرویز الہیٰ سمیت 176 ملزمان کا چالان آگیا ہے۔سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسد عمر اس کیس سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ جو ملزمان غیر حاضر ہیں ان کے بلا ضمانتی وارنٹ جاری کر رہے ہیں ، آخری موقع ہے اگر آئندہ سماعت پر حاضری یقینی نہ بنائی گئی تو ضمانتیں خارج کردی جائیں گی۔عدالت نے کیسز کی سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔
10
اسلام آباد کے حلقوں کی الیکشن پٹیشنز جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواستیں منظور,اسلام آباد ہائی کورٹ ٹریبونل نے اسلام آباد کے حلقوں کی الیکشن پٹیشنز جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواستیں منظور کر لیں، حلقہ این اے 47 اور 48 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پٹیشنز پر سماعت 8 جولائی کو ہوگی۔الیکشن ٹریبونل نے طارق فضل چودھری اور راجہ خرم نواز کو 8 جولائی کو طلب کر لیا، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے الیکشن کمیشن حکام کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کیا ہے۔
11
چیئرمین این ایچ اے ارشد مجید عہدے سے فارغ، شہریار سلطان کی تعیناتی, ارشد مجید کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ شہریار سلطان کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ شہریار سلطان کا تبادلہ کرتے ہوئے ارشد مجید کی جگہ چیئرمین این ایچ اے تعینات کردیا گیا ہے۔
12
وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان لنکا پریمیئر لیگ سے دستبردار, اعظم خان نے لنکا پریمیئر لیگ کی این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا ، قومی کرکٹرز 2 لیگ کی پالیسی کی وجہ سے صرف اہم لیگز کو ترجیح دے رہے ہیں۔اعظم خان کیربیئن پریمیئر لیگ اور آئی ایل ٹی 20 کھیلیں گے، اعظم خان نے تاحال سی پی ایل کے لیے درخواست نہیں بھیجی، 28 اگست سے شروع ہونے والی سی پی ایل کی این او سی کے لیے اعظم رواں ہفتے اپلائی کریں گے۔
13
وہیل چیئر کرکٹ کا ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ کرانےکا اعلان,تھائی لینڈ میں ہونےوالے اجلاس میں آئندہ سال جنوری میں پہلا ون ڈے ایشیا کپ تھائی لینڈ میں ہی کرانےکی منظوری دی گئی ہے ،چالیس چالیس اوورزپرمشتمل پہلے ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اورافغانستان کی ٹیمیں ان ایکشن ہونگی۔
14
راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے بھاگنے والے قیدی تا حال مفرور,پونچھ ڈویژن کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ہمہ وقت چیکنگ کی جارہی ہے ، چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں میں تلاش شروع کر رکھی ہے۔سرچ آپریشن کے لیے جدید آلات ، ڈرون کیمرے اور دیگر جدید ذرائع استعمال کررہے ہیں ، اس حوالے سے سیکرٹری ان لینڈ ریونیو چودھری رقیب نے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے ، جیل میں موجود قیدیوں اور عملہ کے بیان لیے جارہے ہیں، سپرنٹنڈنٹ جیل باغ ثنااللہ ڈار سپرنٹنڈنٹ راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل تعینات کردیئے گئے۔
15
حافظ آباد میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکی قتل,علاقہ تاجپورہ کی رہائشی لڑکی نے تین روز قبل آئرلینڈ میں مقیم نوجوان سے آن لائن نکاح کیا اور اپنے سسرال چلی گئی تھی۔مقتولہ کے باپ نے بہانے سے بیٹی کو اپنے گھر بلایا اور بعد میں سسر کے ساتھ مل کر بیٹی کو گلا دبا کر قتل کردیا۔ملزمان نے قتل کو حادثے کا رنگ دینے کے لیے لاش کو کرنٹ بھی لگایا، واقعے کی بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
16
پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار شہید, پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
17
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 730 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی، آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافے، وزن اور معیار میں کمی پر ڈیلرز اور ملز کو 4 لاکھ سے زائد جرمانے اور لائسنس معطل کئے گئے۔ متعدد شہروں میں گندم کی قیمتوں میں 100 روپے تک کمی مثبت عمل ہے، ہر شہر میں 10 اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے وافر دستیاب ہیں، آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور لائسنس معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
18
ملک بھر میں 3 روز کی تعطیلات کے بعد بینک کھل گئے.ملک بھر میں بینک ہفتہ ‘ اتوار کی معمول کی تعطیلات کے ساتھ یکم جولائی پیر کے روز مالی سال کی کلوزنگ کی وجہ سے بند رہے، گزشتہ روز صارفین سے مالیاتی لین دین نہیں کیا گیا۔
19
پنجاب کی 41 شوگر ملوں کو چینی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی.پنجاب کی 41 شوگر ملوں کو چینی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی، 96 ہزار میٹرک ٹن چینی کی ایکسپورٹ کا کوٹہ جاری کر دیا گیا۔کین کمشنر پنجاب عبدالرؤف نے چینی کے برآمدی کوٹے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان شوگر ملز کو 2 ہزار 988 میٹرک ٹن شوگر ایکسپورٹ کرنے کی اجازت ہوگی، العربیہ شوگر ملز ایک ہزار 660 میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کر سکے گی۔اشرف شوگر ملز کو 2 ہزار 158 اور اتفاق شوگر ملز کو ایک ہزار 298 میٹرک ٹن شوگر ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کو 10 ہزار 783 میٹرک ٹن ایکسپورٹ کرنے کی اجازت ملی ہے۔


