1
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ,انسداد دہشت گردی اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کی تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں جاری وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔علی امین گنڈا پور نے عدالت کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت میں حاضر نہیں ہوسکا۔دوران سماعت وزیراعلیٰ کے پی نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
2
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان اب بھی کچھ لوگ آمریت کے حامی ہیں۔سانحہ 5 جولائی کے حوالے سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پانچ جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آج کے دن 1977ء میں ایک آمر نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کی حکومت پر شب خون مارا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت گرانے کے نتیجے میں ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔اس سیاہ دن نے قوم کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور کلاشنکوف و منشیات کی مصیبتوں سے دوچار کیا، اس سیاہ دن نے ملک کو ایسی مصیبتوں کے سامنے لا کھڑا کیا جن سے ہم آج بھی نبرد آزما ہیں۔
3
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے اہم فیصلے,وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے سی ڈی اے آئندہ سے صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی، اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پٹرول والے موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی عائد کر دی۔ سرینا چوک انڈر پاس اور ایف نائن پارک چوک فلائی اوور منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے، طویل مدت سے زیر التوا ایکسپریس وے کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے، نان ڈویلپ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کر کے لوگوں کو قبضہ دیا جائے گا۔
4
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ پی ٹی آئی پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔انسداد ہشت گردی عدالت کے باہر ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحافیوں کو مراسلہ تھما دیا جس میں انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے، لوگوں کی آواز بند کی جارہی ہے، اس پر نظر ثانی کریں اس ظلم کو روکیں، یہ ظلم پاکستان کو تباہ کر دے گا، ظلم اور جبر سے آپ کسی کے دل سے عمران خان کی محبت نہیں نکال سکتے۔جو ظلم تحریک انصاف کے کارکنوں نے برداشت کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، 8 فروری کو لوگوں نے نکل کر دنیا کو بتا دیا کہ عمران خان ہی ہمارا لیڈر ہے، تحریک انصاف عمران خان کے حقیقی آزادی کے نعرے کے ساتھ کھڑی تھی، کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
5
فواد چودھری پر سفری پابندی: وزارت داخلہ کے نمائندے عدالت طلب,اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کے نمائندے کو 9 جولائی کو طلب کیا ہے۔دوران سماعت فواد چودھری کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فواد چودھری کا نام ای سی ایل پر ہے یا پی این آئی ایل پر ہے؟ سادہ سا کیس تھا آپ نے خود پیچیدہ کر دیا ہے، آپ نے پی این آئی ایل قانون بھی چیلنج کر دیا ہے، قانون چیلنج ہوگیا تو اب اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا پڑے گا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ میں تو ویسے بھی سب کو باہر جانے کی اجازت دے رہا ہوں، گرمیوں کا موسم ہے ویسے بھی ہر کوئی باہر جا رہا ہے، حکومت نے بھی تھوک کے حساب سے نام سفری پابندی کی لسٹوں میں ڈال دیئے ہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ پتہ نہیں کون کون سی لسٹیں بنا دی ہیں، فواد چودھری کا سب کچھ یہاں ہے واپس کیوں نہیں آئیں گے؟ فواد چودھری کو تین چار ہفتے کیلئے جانا ہوگا واپس آ جائیں گے۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔
6
حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کیخلاف نادرا کی اپیل سماعت کیلئے مقرر,سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 10 جولائی کو سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ نادرا نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ غیرملکی ہونے پر منسوخ کر دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے شناختی کارڈ منسوخی کالعدم قرار دیتے ہوئے بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔
7
9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے طلب,انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کواڈیالہ جیل سے طلب کر لیا۔ایڈمن جج خالد ارشد نے تفتیشی افسر کی استدعا پر شاہ محمود قریشی کو طلب کیا، عدالت نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو 8 جولائی کو طلب کیا ہے۔شریک ملزمان کا آٹھ جولائی کو معزز جج کوٹ لکھپت جیل میں جیل ٹرائل بھی کریں گے۔
8
صوبوں کی درخواست مسترد، محرم میں سوشل میڈیا ایپس بند نہ کرنے کا فیصلہ, حکومت نے کہا ہے کہ فیس بک ،ٹک ٹاک اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا اپیلی کیشنز بند نہیں ہوں گی ، محرم الحرام میں سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔وفاقی حکومت نے ہدایات دی ہیں کہ سکیورٹی کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے، موبائل سگنلز بھی صرف ان جگہوں پر بند ہونگے جہاں جلوس اور مجالس ہونگی۔
9
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت خود گرنا چاہتی، 12 جولائی کو ہر صورت اسلام آباد کے اہم مقام پر بیٹھیں گے۔دھرنے کا ایجنڈا بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں کیخلاف ہے، دھرنا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف احتجاج ہے، حکومت نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو خود ہی نتائج بھگتے گی۔رامن احتجاج ہمارا حق، عوام کو متحرک کرنے کیلئے ملک بھر میں کیمپنگ ہو رہی ہے، جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے سب ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں۔ئی پی پیز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جاتا، عوامی ایشوز کی بنیاد پر عوام کے ساتھ اتحاد ہو چکا ہے اسی لیے دھرنا دے رہے۔
10
سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس: عوامی تحریک کے وکیل جرح کیلئے طلب,انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت کی، عدالت نے مقدمہ کے مزید گواہوں کو 6 جولائی کو طلب کر لیا۔عدالت نے ڈی ایس پی رانا محمود الحسن، کانسٹیبل فیصل رشید اور کانسٹیبل عامر حسن کو بھی طلب کر لیا۔
11
خیبر پختونخوا میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان,خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ انتظامی امور نے یکم محرم الحرام کی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔واضح رہے کہ یکم محرم الحرام کو خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت منایا جاتا ہے۔
12
سندھ کے تین اضلاع میں دو سال سے چلنے والا ساوند اور سندرانی تنازع حل ہو گیا۔خانگڑھ کے گوہر پیلس میں ایم این اے علی گوہر مہر اور سید خورشید شاہ نے جرگہ بلا کر تنازع حل کیا، دونوں فریقین پر مجموعی طور پر 6 کروڑ 36 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔جرگے کے مطابق سندرانی قبیلے کے اوپر ساوند برادری کے 13 قتل ثابت ہوئے جس پر سندرانی قبیلے کے اوپر تین کروڑ 21 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ساوند قبیلے کے اوپر سندرانی برادی کے 11 قتل ثابت ہوئے جس کا ساوند برادری پر تین کروڑ 15 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا، جرگے کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
13
چلڈرن ہسپتال میں بچے کے لاپتہ ہونے کا واقعہ پولیس کا بچی کا ڈی این اے کروانے کا فیصلہ,گوجرانوالہ کے رہائشی عرفان نے چلڈرن ہسپتال انتظامیہ پر بچے کی جگہ پر مردہ بچی دینے کا الزام لگایا تھا، پولیس کے مطابق متاثرہ شہری عرفان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔گوجرانوالہ کا رہائشی عرفان 4 دن کا بیٹا 3 روز قبل ہسپتال لایا تھا، شہری نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں نے بچے کے انتقال کا بتا کر لاش کسی اور کی بیٹی کی دے دی تھی۔معاملے کو سلجھانے کیلئے ہسپتال انتظامیہ نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی، جس نے شہری کے الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا ہے۔بچی کی ڈی این اے رپورٹ کے بعد اس کی ولدیت کا پتہ چل جائے گا۔
14
ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ: پاکستان بھارت کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا.سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونیوالی ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں قومی کیوئسٹس اسجد اقبال اور اویس منیر نے حریف ٹیم بھارت کو تین صفر کے فریم سے شکست دی۔پاکستان سنوکر ٹیم سیمی فائنل میں ہانگ کانگ سے مقابلہ کرے گی۔
15
بجلی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بلوں میں ماہانہ فکسڈ چارجز بھی عائد,بجلی صارفین کو 440 واٹ کا ایک اور جھٹکا لگا دیا گیا، گھریلو صارفین کے بجلی بلوں میں ماہانہ ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز بھی عائد کر دیئے گئے، کمرشل صارفین کے چارجز میں 300 فیصد جبکہ صنعتی صارفین کیلئے 355 فیصد اضافہ کیا گیا، نئے ٹیرف کا اطلاق جولائی کے بلوں پر ہوگا۔نئے چارجز کے مطابق 301 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین 200 روپے ماہانہ فکس چارجز ادا کریں گے، 401 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین 400 روپے ادا کریں گے، 501 سے 600 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 600 روپے ادا کرنا ہوں گے۔اسی طرح 601 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین ماہانہ 800 روپے ادا کریں گے اور 700 یونٹ سے زیادہ استعمال پر ماہانہ 1000 روپے فکسڈ چارجز عائد کر دیئے گئے، ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے۔پانچ کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین کو بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کرنا ہوں گے تاہم 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔اسی طرح ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین جو بی ون کیٹیگری میں آتے ہیں وہ 1000 روپے ادا کریں گے، بی تھری اور فور کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے فکسڈ چارجز ادا کریں گے۔
16
اوگرا کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت,پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی وافر فراہمی کو یقینی بنائیں اور انہیں کھلا رکھیں، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی وافر دستیابی موجود ہے۔پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار کی وفات کے باعث اسلام آباد میں ہڑتال مؤخر کر دی گئی تاہم باقی ملک میں پمپس کی ہڑتال برقرار رہے گی، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔