1
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی، فارم 47 والے ملک نہیں بناتے۔ملک میں ایکسپورٹ گر رہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جو ملک دودھ پر ٹیکس لگا دے وہ کیا کرسکتا ہے، ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، ملک میں مہنگائی میں اضافے سے عوام پریشان ہیں۔گورننس ، پولیس ، ریونیو کلیکشن سمیت ملک کا تمام نظام ناکام ہو چکاہے، اگر آپ نے ملک کے نظام کو مضبوط کرنا ہے تو لوکل گورنمنٹ کے نظام کو مضبوط کرنا ہوگا، نظام تبدیل کیے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ایک بار ملک کو آئین کے مطابق چلا کر دیکھ لیں ، ہر پاکستانی شہری آئین کے تابع ہے،عوام پاکستان کی غیر روایتی جماعت ہے،یہ ممکن نہیں کہ آئین بھی توڑا جائے اور ملک بھی چلتا رہے، عام آدمی کی سوچ میں یہ بات ڈال دی گئی کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر اس ملک میں سیاست نہیں ہوسکتی۔عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب
2
9 مئی مقدمات: عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ،لاہور: (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس، عسکری ٹاور ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔عمران خان کے بیرسٹر سلمان صفدر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، سرکاری وکیل نے عمران خان کی جناح ہاؤس اور دیگر دونوں مقدمات میں گرفتاری مانگ لی، سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان سے تفتیش کے لیے ان کی گرفتاری درکار ہے۔بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باوجود ضمانتیں کنفرم ہو سکتی ہیں، عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ان کی وجہ سے کافی کیس لا سامنے آئے ہیں۔جج انسداد عدالت خالد ارشد نے سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ پھر تو آپ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔جج نے عدالتی عملے کو ہدایت دی کہ ویڈیو لنک پر پیشی کے لیے اڈیالہ جیل میں رابطہ کریں، عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل انتظامیہ سے رابطہ نہیں ہو رہا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل اور سرکاری وکیل کے دلائل مکمل ہونے ہر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج 9جولائی کو درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔ 17 مئی کو ہونے والی سماعت کے دوران 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔
3
فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کر دیا، ملک گیر ہڑتال کا اعلان،فلور ملز ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا سمیت چاروں صوبوں کے چیئرمین اور سینکڑوں فلور مل مالکان شریک ہوئے، ملک بھر کی فلور ملز نے مشترکہ طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کرنے کا اعلان کیا۔ود ہولڈنگ ٹیکس ختم نہ ہونے کی صورت میں 10 جولائی سے ملک گیر ہڑتال کریں گے، ایف بی آر کے ودہولڈنگ ٹیکس کولیکشن ایجنٹ نہیں بنیں گے، ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے ہمارا نہیں۔ فلور ملز پہلے سے ٹیکس نیٹ میں ہیں اور ٹیکس دے رہی ہیں، ایف بی آر کے نئے ٹیکس سے عوام کیلئے آٹا مہنگا ہوگا، حکومت فوری طور پر ٹیکس واپس لے، ٹیکس واپس نہ ہوا تو 10 جولائی سے ملک بھر کی ملز بند ہو جائیں گی۔ آٹا عوام کی بنیادی خوراک ہے، اسے ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔
4
پٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کا پاکستان میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان،وزیراعظم شہباز شریف سے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔دوران اجلاس ملکی و غیر ملکی پٹرولیم اور گیس کے تلاش و پیداواری شعبے نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں آئندہ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔وفد کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے وزیراعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں، پٹرولیم اور گیس کی پاکستان میں تلاش کیلئے 240 مقامات پر کھدائی کی جائے گی۔وزیراعظم نے پٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دے دی۔
5
عظمیٰ بخاری کو ثقافت کی وزارت کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی منظوری کے بعد عظمیٰ بخاری کو ثقافت کی وزارت کا اضافی چارج سونپنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، سید کوثر عباس میڈیا کوآرڈینیٹر اور وزیراعلیٰ کے آفیشل ترجمان مقرر کر دیئے گئے۔سید کوثر عباس کو میڈیا کوآرڈینیٹر اور وزیراعلیٰ کے آفیشل ترجمان مقرر کرنے کا بھی وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
6
لاپتہ افراد کا معاملہ: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ کو طلب کر لیا۔عدالت نے حکم دیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 22 جولائی کو عدالت میں پیش ہوں، چیف جسٹس نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں روز بروز لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ پولیس اور سی ڈی ٹی بھی لوگوں کو اغوا کر رہی ہے۔عدالت نے ایس ایچ او تھانہ صوابی کے زیر حراست شہری کی رہائی سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے تحریر کیا ہے۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا بھائی ایس ایچ او تھانہ صوابی کی غیر قانونی حراست میں ہے، درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ اس کے بھائی کو بغیر فوجداری مقدے کے حراست میں لیا گیا، 10 جون کو عبدالسعید کو پشاور سے اٹھایا گیا ہے۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ ایس ایچ او 70 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہا ہے، سی ٹی ڈی سمیت پولیس لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے بھاری تاوان کا مطالبہ کر رہی ہے۔
7
سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔عدالت عظمیٰ میں 58 ہزار 479 مقدمات فیصلوں کے منتظر ہیں۔سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی 30 جون تک کی تفصیلات سامنے آ گئیں، ہائی کورٹس کے فیصلوں کی خلاف 31944 اپیلیں قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے فیصلے کی منتظر ہیں۔ہائی کورٹس احکامات کیخلاف قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی منتظر فوجداری اپیلوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔16 سے 30 جون کے درمیان زیرالتوا 3324 جیل پٹیشنز میں سے ایک کا بھی فیصلہ نہ ہوسکا، 16 سے 30 جون کے درمیان 473 مقدمات دائر ہوئے صرف 201 مقدمات نمٹائے جا سکے۔
8
مفاد ہو تو زرداری اچھے ورنہ پی پی سے برا کوئی نہیں: میئر کراچی ایم کیو ایم پر برس پڑے۔مصطفیٰ کمال نے پہلے کہا تھا پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں، مصطفیٰ کمال نے کہا تھا سندھ میں کوئی کام نہیں ہوا، مصطفیٰ کمال نے کہا تھا جتنا کام آصف زرداری کے دور میں ہوا کبھی نہیں ہوا، سمجھ نہیں آتا یہ کب کیا کہتے ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس ، کہا آج کوئی بندہ شہر بند نہیں کرا سکتا، وہ وقت بھی دیکھا ہے جب تم لوگوں کے حکم پر شہر بند ہو جاتا تھا، مصطفیٰ کمال کبھی دلوں کو جوڑنے اور کبھی توڑنے کی بات کرتے ہیں، سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار دے رہی تھی۔
9
صوبائی وزیر خوراک کی ہدایت پر فوڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی چھٹیاں منسوخ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کے تمام ضلعی افسران فیلڈ میں ہوں گے، کسی بھی افسر کی فیلڈ سے غیر حاضری پر سخت ایکشن لیا جائے۔بلال یاسین نے کہا کہ صوبہ بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے، مہنگا آٹا فروخت کرنیوالے آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی کڑی نگرانی کی جائے۔
10
انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ نو مئی کے مقدمات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کے لیے 9 جولائی کو طلب کر لیا، پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ ، اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید ،ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی۔
11
خیبرپختونخوا سے جاری 85عالمی ڈرائیونگ لائسنس جعلی ہونے کی تصدیق،محکمہ ٹرانسپورٹ کے پی کی دستاویزات کے مطابق ہانگ کانگ سے بھیجےگئے 90 ڈرائیونگ لائسنس میں سے 85 جعلی نکلے اور صرف 5 ڈرائیونگ لائسنس اصل قرار دیے گئے جس کا تحریری جواب ہانگ کانگ بھجوادیا گیا ہے۔ہانگ کانگ نے 90 ڈرائیونگ لائسنس کی فہرست تصدیق کے لیے بھیجی تھی جس کی تصدیق کا عمل شروع کیا گیا تو 90 میں سے 85 ڈرائیونگ لائسنسز کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔وزارت خارجہ کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو معاملےکی چھان بین کرکے14 روز کے اندر تحقیقات کی ہدایت کی تھیں ،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ احمد کمال نےتحقیقات مکمل کرکے رپورٹ چیف سیکرٹری کو ارسال کردی ہے۔
12
مریم نواز نے پنجاب ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار سکالر شپ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کی ہدایت کر دی، سرکاری اور 8 نجی جامعات سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی 100 فیصد فیس سکالرشپ سے ادا ہوں گی۔جہلم، وہاڑی اور بہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کے فوری قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم کے فوری اجرا کے لیے ہدایات جاری کر دیں، اسی طرح طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جاب مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لیے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
13
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک، بھارت میچ پر دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں، میچ 7 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا جس کے تمام 23 ہزار ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، پاک بھارت میچ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ ہوگا اور میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پرجوش ہیں۔پاکستان چیمپئنز کے کھلاڑی یونس خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، ہماری ٹیم نے کافی تیاری کی ہے اور ہم ایک بہترین کھیل پیش کریں گے۔دوسری جانب بھارتی چیمپئنز کے رکن سریش رائنا کا کہنا تھا ککہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز ہے اور 7 جولائی کا میچ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے، ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے اور بھرپور مقابلہ کریں گے۔
14
پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ، بجٹ کی منظوری دی گئی۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں اجلاس منعقد ہوا، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مالی سال 25۔ 2024 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بورڈ آف گورنرز کو لاہور، راولپنڈی اور کراچی کے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر بھی آگاہ کیا۔
15
نو منتخب برطانوی وزیر خارجہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعلان، برطانوی لیبر پارٹی نے گزشتہ انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اس کے ساتھ لیبر پارٹی کے کیر سٹارمر کو شاہ چارلس نے وزیر اعظم نامزد کیا ہے۔وزیر اعظم کیر سٹارمر لیبر پارٹی کے خارجہ اُمور کے نگران ڈیوڈ لیمی کو وزیر خارجہ کے طور پر ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہ 2021 سے لیبر پارٹی کے خارجہ امور کے لیے ترجمان کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ڈیوڈ لیمی نے اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ وہ ملک کے اعلیٰ سفارت کار بننے کے بعد انتھک سفارت کاری کے ساتھ کام کریں گے، ہم میں سے ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ طبقات کس قدر اذیت سے گذرے ہیں جنیں اسرائیل اور غزہ سے نکلنے کا منظر نامہ دیکھنا پڑا ہے۔لیکن اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انتھک انداز میں سفارت کاری کریں اور غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کریں، نیز یرغمالیوں کی فوری کے لیے کام کریں۔