اسلام آباد (عابد علی آرائیں)سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں سال کے چھٹے ماہ جون میں ایک لاپتہ شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا ۔اس طرح اب تک 277لاپتہ افراد کی لاشیں اب تک برآمد ہوچکی ہیں ،

پاکستان میں جبری لاپتہ کئے گئے افراد کی بازیابی کے لئے قائم کمیشن کی دستاویزات کے مطابق کمیشن کو جون میں مجموعی طور پر 47 لاپتہ افراد کے نئے مقدمات موصول ہوئے جبکہ کمیشن نے جون میں 28 پرانے مقدمات نمٹائےجن میں سے 15 افراد کو ٹریس کر لیاگیا جن میں سے 9 افراد خود ہی گھروں کو واپس لوٹ آئے 3 افراد کی فوجی حراستی مراکز میں موجودگی کی نشاندہی ہوئی جبکہ 2 افراد کی مختلف جیلوں میں موجودگی کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک خیبرپختونخوا کے شہری کی لاش برآمد ہوئی اور 13 مقدمات اس بنا پر نمٹا دیئے گئے کہ ان کے مقدمات جبری لاپتہ شہریوں کے زمرے میں نہیں آتے تھے ۔

دستاویزات کے مطابق مارچ 2011 میں قائم ہونے والے بازیابی کمیشن کو اس کے قیام سے اب تک مجموعی طور پر 10 ہزار 285 مقدمات موصول ہوئے ہیں جن میں سے 8 ہزار 15 مقدمات نمٹائے گئے ہیں ،

اس وقت کمیشن کے پاس 2270 لاپتہ افراد کے مقدمات زیر التواء ہیں جن میں پنجاب کے 267 سندھ کے 181 خیبرپختونخوا کے ٍ1317 بلوچستان کے 432اسلام آباد کے 57 آزاد کشمیر کے 14 اور گلگت بلتستان کے 2لاپتہ افراد کے مقدمات شامل ہیں ۔

دستاویزات کے مطابق خود ہی گھروں کو لوٹ کر آنے والے لاپتہ افراد کی تعداد 4514مختلف حراستی مراکز میں موجود لاپتہ افراد کی تعداد 1002 جبکہ جیلوں میں قید 671 قیدیوں کے مقدمات نمٹائے گئے ہیں ۔اب تک کمیشن نے 6464 افراد کو ٹریس کیا ہے جبکہ 1551 مقدمات اس بنیاد پر نمٹائے گئے ہیں کہ ان کے رہائشی ایڈریس نامکمل تھے یا ان کے مقدمات جبری گمشدگیوں کے زمرے میں نہیں آتے تھے ۔

جون 2024 میں پنجاب کے 6 لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے گئے جن میں سے 4 خود گھر واپس آگئے ایک کی جیل میں نشاندہی ہوئی جبکہ ایک لاپتہ شہری کا ایڈریس مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اس کا مقدمہ نمٹا دیا گیا ۔خیبرپختونخوا کے 17 لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے گئے جن میں سے 11 مقدمات گھر کا ایڈریس نہ ہونے کی وجہ سے نمٹائے گئے 2 لوگ خود گھر واپس آئے 3 کی فوجی حراستی مراکز میں نشاندہی ہوئی اور ایک لاش برآمد کی گئی ۔

بلوچستان کے 4 لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے گئے جن میں 3 خود ہی اپنے گھر واپس پہنچے اور ایک ایڈریس مکمل نہ ہونے کی وجہ سے نمٹایا گیا ۔جون میں اسلام آباد کے ایک شہری کی نشاندہی جیل میں کی گئی ،جون میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا کوئی لاپتہ شہری بازیاب نہیں ہو سکا ۔