1
حکومت کا محرم کے جلوسوں کے دوران انٹرنیٹ، فون بندش پر صوبوں سے مشاورت کا فیصلہ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والےمحرم میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون بندش کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائےگا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
2
جسٹس طارق محمود کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں فل بینچ کیس کی سماعت کرے گا تاہم جسٹس طارق محمود جہانگیری فل کورٹ کا حصہ نہیں ہونگے۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہیے، عدلیہ کواپنا کام کرنے دیا جائے اور ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر یہ معاملہ یہاں نہ رکا تو ہم اسلام آباد میں کانفرنس بلائیں گے۔ وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی نے کہا کہ جب جب عدلیہ کی آزادی پر حرف آیا ہے ہم کھڑے رہے ہیں، جج پہلے وکیل ہوتا ہے پھر جج بنتا ہے، ہمیں کسی سیاسی جماعت سے کوئی امید نہیں ہے، جب پارلیمنٹ پر قدغن لگی ہم نے آواز بلند کی، عدلیہ کو کام کرنے دیجیے، عدالتیں فیصلے کرتی ہیں ،صحیح کرتی ہیں، غلط بھی کرتی ہیں۔
3
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا کیس: کے پی حکومت کی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینر کے ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ بار کی فریق بننے کی درخواست منظور کر فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کالعدم قرار دینے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت سپریم کورٹ کے 7 رکنی لارجر بینچ نے کی۔جسٹس محمدعلی مظہر نے استفسار کیا کہ جنہوں نے اپیل دائر کی کیا کیس میں وہ سب فریق تھے؟ جس پر وکیل سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ سب اپیل کنندہ اصل کیس میں فریق نہیں تھے، یہ معلوم کرنا اہم ہے کہ اپیل دائر کرنے کی اتھارٹی کس کو دی گئی۔جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا ریکارڈ کے مطابق جناح ہاؤس لاہور کو بھی آگ لگائی گئی تھی، یہ بعد میں دیکھیں گے کہ قائداعظم جناح ہاؤس میں کتنے دن رہے، زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی کو آگ لگائی گئی تھی، زیارت واقعے پر شہداء فاؤنڈیشن کہاں تھی؟ کتنی درخواستیں دائر کیں؟سپریم کورٹ نے شہدا فاؤنڈیشن کے فریق بننے کی درخواست بھی منظور کرلی اور اپنے حکمنامے میں کہا فریقین نے بتایا کہ ملزمان سے فیملی کی ملاقات نہیں ہو رہی، اٹارنی جنرل ان شکایات کا ازالہ کریں جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔
4
وفاقی حکومت کی سپلیمنٹری گرانٹس میں 389 فیصد کا ریکارڈ اضافہ,وزارت خزانہ کی جانب سے گزشتہ 2 مالی سالوں اور رواں مالی سال کے لیے گرانٹس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر سپلیمنٹری گرانٹ کے لیے 93 کھرب 71 ارب روپے منظور ہوئے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 28 جون کو پارلیمنٹ نے سپلیمنٹری گرانٹس کے لیے رقم کی منظوری دی، گزشتہ سال سپلپمنٹری گرانٹس کے لیے 19 کھرب سے زائد منظور ہوئے تھے اور گرانٹس کا زیادہ حصہ مالی سال 23-2022 میں خرچ کیا گیا تھا۔وزارت خزانہ کی دستاویز ات کے مطابق مالی سال 24-2023 میں 17 مئی تک 13 کھرب کی گرانٹس رپورٹ ہوئیں، 17 مئی سے 30 جون تک کی گرانٹس رواں سال کے آخر میں رپورٹ ہوں گی، مالی سال 23-2022 کے آخری 45 دنوں میں 80 کھرب روپے گرانٹس پر خرچ ہوئے، گرانٹس کا بڑا حصہ پاور سیکٹر اور مقامی قرض کی ادائیگی پر خرچ ہوا۔دستاویز کے مطابق 28 جون کو اٹامک انرجی کے لیے 15 ارب سے زائد کی گرانٹس منظور ہوئیں، اٹامک انرجی کی گرانٹس کا بڑا حصہ 13 ارب 80 کروڑ 23-2022 میں خرچ ہوا جبکہ مقامی قرض کی ادائیگی کے لیے 4950 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔مالی سال 23-2022 میں مقامی قرض کی ادائیگی پر 3439 ارب خرچ ہوئے اور مالی سال 24-2023 میں مقامی قرض کی ادائیگی کے لیے کوئی رقم جاری نہیں ہوئی جبکہ رواں مالی مقامی قرض کی ادائیگی کے لیے تقریبا 1511 ارب کی رقم منظور ہوئی ہے۔
5
اسلام آباد کے الیکشن ٹربیونل نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز پر جرمانہ عائد کر دیا۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی پی ٹی آئی امیدواروں کی درخواستوں پر سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔ الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو 3 دن میں فارم 45 اور 47 سمیت مکمل جواب جمع کرانے کا حکم دیا اور مسلم لیگ ن کے کامیاب تینوں ارکان قومی اسمبلی سے دوبارہ بیانِ حلفی بھی طلب کر لیے۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جواب جمع نہ کرانے پر طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹربیونل فعال تھا تو آپ نے آرڈر پر عملدرآمد کرنا تھا، تینوں پٹیشنز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی اور ہر حلقے کی الگ الگ سماعت ہوگی۔
6
یوٹیلیٹی اسٹورز کا ہنگامی صورتحال میں چینی خریدنےکا ایک سالہ منصوبہ تیار،ق یوٹیلیٹی اسٹورز نے ہنگامی صورتحال میں چینی خریدنےکا ایک سالہ منصوبہ تیارکیا ہے جبکہ پری کوالیفکیشن کے لیے شوگرملز سے 22 جولائی تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ چینی کی خریداری کے لیے منتخب بولی دہندگان کے ساتھ ایک سال کے لیے اوپن فریم ورک معاہدہ کیا جائےگا۔یوٹیلیٹی اسٹورز پری کوالیفائیڈ شوگر ملز سے اوپن ٹینڈرکے بغیر چینی خرید سکےگا، ضرورت پڑنے پر کارپوریشن پری کوالیفائیڈ شوگرملز سےچینی خریدے گا۔
7
پاکستان ریلوے کا 22 ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا فیصلہ،چیف ایگزیکٹیو پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ کی زیر صدارت میں اجلاس میں مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ریلوے آمدن میں استحکام کے لیے ٹرینوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ قراقرم، کراچی، عوام ایکسپریس، گرین لائن، مہر، چناب، سمن سرکار اور موہن جو دڑو پسنجر ٹرین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ پاک بزنس، بولان میل، تھل، سکھر ایکسپریس، ماروی، چمن اور ہزارہ ایکسپریس بھی نجی شراکت داری سے چلیں گی۔ شالیمار، بہاءالدین زکریا، کوہاٹ، مہران، اٹک، جنڈ اور راولپنڈی پسنجر ٹرین بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جائیں گی۔
8
ملالہ یوسفزئی کا غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ،ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری حالیہ بیان میں کہا گیا ہےکہ غزہ میں اسکول پر اسرائیلی فورسز کے حملے پر دل افسردہ ہے۔ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر ہم بےحس نہیں ہوسکتے، نہ ہی معصوم جانوں کے ضیاع سے منہ موڑ سکتے۔ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی ہونی چاہیے۔