نوشہروفیروز(ای پی آئی ) صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سندھ میڈم شاہینہ شیر علی نے کنڈیارو پولیس اسٹیشن کی حد ودمیں معصوم بچی کو زندہ دفنانے کے واقعہ کی شدید مذمت ،
واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ شہید بینظیرآبادنسیم حسن مستوئی کو معاملے کی سنگینی کا جائزہ لینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس سنگین نوعیت کے معاملے پر فوری اقدامات اٹھانے کیلیے پیش رفت کرنے کی ہدایت کر دی ۔
صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سندھ نے پولیس حکام کو واقعہ میں ملوث درندہ صفت باپ کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت بھی کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ معصوم بیٹیوں کو غربت کے باعث انسانیت سوز رویوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس طرح کے واقعات کو سر اٹھانے نہ دیا جائے بلکہ اس طرح کے سنگین اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔
دوسری جانب کنڈیارو پولیس نے ملزم طیب راجپر کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ غربت کے باعث بیمار بچی کا علاج نہ کرانے کی وجہ سے بچی کو زندہ درگور کرنے کا جرم کیا ہے صوبائی وزیر نے دلخراش واقعہ میں ملوث ملزم کیخلاف ہر ممکن قانونی کارووائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔


