1
سپریم کورٹ: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت,چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کر رہا ہے۔جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں۔سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی روسٹرم پر موجود ہیں۔
2
سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب,وفاق، بلوچستان حکومت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیئے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے قاسم سوری کی ڈی سیٹ کرنے کے الیکشن ٹریبونل فیصلے کے خلاف اپیل پرسماعت کی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ہم سوچ رہے ہیں اس کیس میں کیا کریں؟ قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ آپ صرف مجھے سن لیں اور فیصلہ دے دیں۔اس پر چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کا قاسم سوری سے رابطہ نہیں ہے؟ وکیل نے بتایا کہ جی میرا بالکل قاسم سوری کے ساتھ رابطہ نہیں ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنے کلائنٹ کو پکڑ کر تو نہیں لا سکتے، انہیں بتائیں کہ سپریم کورٹ کو ایسے استعمال نہیں ہونے دیں گے، اس پر وکیل نے کہا کہ جو بھی کرنا ہے جلدی سے کر دیں، آپ مجھے حکم دیتے ہیں تو میں کیس چھوڑ دیتا ہوں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ کیا کہ میں اتنے خوبصورت شخص کو کیسے کہہ سکتا ہوں کہ کیس چھوڑ دیں؟اس موقع پر جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ آپ کورٹ سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ آپ ان کو ہمارا پیغام پہنچائیں، وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ میرا کوئی رابطہ ہی نہیں ہے، پیغام کیسے بھیجوں؟بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
3
عدت کیس: فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کے حکم پر نظر ثانی درخواست خارج,اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدت کیس میں اپیل کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی ڈائریکشن پر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔معاون وکیل خاور مانیکا نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر وکیل رضوان عباسی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، کیس میں کچھ دیر کا وقفہ کر دیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خاور مانیکا کے وکیل نے لکھا ہے کہ وہ زیارت کیلئے عراق ایران جانا چاہتے ہیں، اس لیے ایک ماہ کی ڈائریکشن ختم کی جائے۔جسٹس حسن اورنگزیب نے کہاکہ ساڑھے گیارہ بجے کیس دوبارہ ٹیک اپ کرینگے، رضوان عباسی آ گئے تو اُن کے دلائل سنیں گے، اگر خاور مانیکا کے وکیل نہیں آتے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دونگا۔وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج 9 جولائی ہے 12 جولائی فیصلہ کرنے کی ڈیڈلائن ہے، عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔وقفے کے بعد سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے خاور مانیکا کی نظر ثانی درخواست خارج کردی۔
4
بجلی بلوں میں بے پناہ اضافے کے خلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب,لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ بجلی چوری روکنے کے بجائے سارا خسارہ عام صارف پر ڈال دیا گیا، بجلی سپلائی کمپنیاں اووربلنگ میں بھی ملوث ہیں، عام صارف کیلئے 200 یونٹ سے زائد بل پر رعائت ختم کر دی گئی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 200 سے زائد یونٹس کے استعمال پر رعایت ختم کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، 200 سے زائد ایک بھی اضافی یونٹ کی قیمت سیکڑوں گنا بڑھانا اور چھ ماہ تک وصولی استحصال ہے۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ نیپرا کی استحصالی پالیسی کو ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔جسٹس رسال حسن سید نے ریمارکس دیئے کہ کس بنیاد پر بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔بعدازاں عدالت نے بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف درخواست پر نیپرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
5
دورانِ عدت نکاح کیس کی سماعت میں 12 بجے تک کا وقفہ,ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا کررہے ہیں، بیرسٹر سلمان صفدر کے معاون وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور عدالت سے درخواست کی کہ سلمان صفدر صاحب راستے میں ہیں، سماعت میں وقفہ کیا جائے۔جج افضل مجوکا نے کہا کہ ابھی تک ہائیکورٹ سے کوئی ڈائریکشن نہیں آئی، پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ زاہد آصف چودھری ادھر کچہری میں گھوم رہے ہیں، معاون وکیل زاہد آصف نے کہا کہ جب تک ہائیکورٹ کی ڈائریکشن نہیں آتی تب تک کیس کی سماعت نہیں ہونی چاہیے، ایک سینئر کونسل کا دوسرے سینئر کونسل کیلئے بھاگ جانا کے الفاظ استعمال کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، عدالت نے کیس کی سماعت میں سوا بارہ بجے تک وقفہ کردیا۔ 3 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 8 جولائی ملتوی کرتے ہوئے جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ 12 جولائی تک ہر حال میں فیصلہ سنانا ہے۔
6
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا، 37 نکاتی ایجنڈا جاری,وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 8 کلب کے کمیٹی روم میں صبح 11:30 بجے شروع ہو گا، اجلاس میں سٹیٹس آف ویمن 23-2022ء کی سالانہ پنجاب کمیشن کی رپورٹ پیش کی جائے گی، پنجاب حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین ایم او یو بھی سائن کیا جائے گا۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی آرڈیننس 1965ء اور پنجاب ہیریٹیج فاؤنڈیشن ایکٹ 2005ء میں ترامیم کی تجاویز پیش کی جائیں گی، 15 ملین یورو کی مالیت کے گرین انرجی پراجیکٹ جو کے ایم ڈبلیو بینک جرمنی فنڈ کرے گا کی منظوری بھی دی جائے گی۔
7
فواد کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم، بیرون ملک جانے کی اجازت,اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نےسابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے وقت طلب کر لیا۔بعدازاں عدالت نے فواد چودھری کا دو ہفتوں کے لیے عارضی طور پر نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا اور کہا کی سابق وفاقی وزیر 10 سے 24 اگست تک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔
8
کرکٹ کو بچانے کا مشن، محسن نقوی کی آج بھی اہم ملاقاتیں شیڈول, ملاقات میں وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود شامل ہوں گے، ملاقات میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہو گی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سے بھی آج ملاقات کریں گے، جیسن گلیسپی سے ملاقات میں قومی کرکٹ ٹیم کی آنے والی ٹیسٹ سیریز کے کمبی نیشن اور تیاریوں کے حوالے بات چیت کی جائے گی۔
9
دورہ سری لنکا میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو آرام دینے کا فیصلہ,میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیلیں گے۔اگست میں بھارت نے سری لنکا میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے جس میں فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کو بھی آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔کے ایل راہول یا ہاردیک پانڈیا کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سونپے جا سکتی ہے، روہت شرما اور ویرات کوہلی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔
10
ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانےکافیصلہ واپس,وفاقی کابینہ نے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کی منظوری دے دی، وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی۔ جولائی تاستمبر2024 کے لیےماہانہ 200 یونٹ تک والےصارفین کوریلیف دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت ٹیرف پرریلیف دینے کے لیےتقریبا 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، وفاقی کابینہ نےبجلی کےفی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظورکیا تھا۔
11
موئن جودڑو کے قریب دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کلہوڑو برادری کے درمیان جاری زمینی تنازع کے باعث پیش آیا ، جاں بحق ہونے والوں میں برکت علی کلہوڑو اور مظہر علی چاکی شامل ہے ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ، فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
12
لکی مروت: نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، پولیس اہلکار اور 2 بچے جاں بحق,صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر دریائے کرم کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی جس میں محکمہ پولیس کے ایم ٹی او سعد اللہ خان دو بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے کار میں سوار خواتین محفوظ رہیں۔پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والے بچے ایم ٹی او سعداللہ خان کے بھانجے ہیں، بچوں کی عمریں آٹھ سے بارہ سال کے درمیان ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سعد اللہ خان علاج معالجہ کے سلسلے میں لکی مروت سے پشاور جا رہے تھے۔
13
کراچی: تنخواہ نہ ملنے پر ملازم نے سی ای او کو قتل کردیا واقعہ شارع فیصل پر واقع کاوش کراؤن پلازہ کے اندر آفس میں پیش آیا، مقتول کی شناخت نوید خان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ایک کال سینٹر کا چیف ایگزیکٹو آفیسرتھا ۔پولیس کاکہنا ہے کہ قاتل اور ملزم کے درمیان ’تنخواہ کی عدم ادائیگی یا کوئی اور مالی تنازع‘ تھا جس کے نتیجے میں 42 سالہ مالک کو 27 سالہ شعیب شاہ نے چاقو گھونپ کر قتل کیا ، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
14
آئی ایم ایف کیساتھ 6.5 ارب ڈالر کا قرض معاہدہ 2 ہفتوں میں طے پانے کا امکان, قرض پروگرام کیلئے وزیراعظم آفس کی جانب سے آئی ایم ایف حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔پاکستان اور آئی ایم ایف کی 8 ارب ڈالر کے بجائے ساڑھے 6 ارب ڈالر پر بات فائنل ہو رہی ہے، آئی ایم ایف مشن کے ساتھ معاشی ٹیم گزشتہ تین دنوں سے ورچوئلی بات چیت کر رہی ہے۔وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی جانب سے ایم ڈی آئی ایم ایف سے رابطہ کیا جائے گا۔