1
الیکشن کمیشن کی اسلام آباد میں 29 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی، دوران سماعت الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے 29 ستمبر کو الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ، الیکشن کیلئے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کو بھی ضروری ہے، مخصوص نشستوں سے متعلق معاملات بھی کلیئر نہیں ہیں، اگلے دو ہفتوں میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سماعت چھٹیوں کے بعد ہوگی،اگر کوئی مسئلہ ہوتاہے تو سی ایم دائر کردی جائے، ایم سی آئی کی آمدن اور اخراجات کی مکمل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کردای گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ فریقین تفصیلی پیراوائز کمنٹس عدالت میں جمع کرائیں،تمام متعلقہ درخواستوں کا یکجا کردیاگیا ، عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کا کیا سٹیٹس ہےَ؟ جس پر الیکشن کمیشن حکام نے جواب دیا کہ چار ماہ کا پراسس ہے، کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔
2
عدت نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پرسماعت،اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی، پی ٹی آئی کے معاون وکیل مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر معاون وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر راستے میں ہیں، 20 منٹ تک عدالت پہنچ جائیں گے لہذا عدالت سلمان صفدر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کردیں ۔بعد ازاں عدالت نے سلمان صفدر کے پہنچنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔
3
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے ملاقات کی،ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں ،عوامی مسائل اور ضروریات پر گفتگو کی گئی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔رکن پنجاب اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو 100 دنوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز پراجیکٹس کو بھی سراہا۔عدنان افضل چٹھہ نے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پراجیکٹس کی تعریف کی، ملاقات میں ٹیوٹا اور ٹیکینکل ایجوکیشن میں جدت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
4
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل، عمران خان کا تحریری جواب جمع،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کر دی۔عمران خان نے تحریری جواب میں کہا کہ کسی کی کرپشن بچانے کے لیے قوانین میں ترامیم کسی بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا، کرپشن معیشت کے لیے تباہ کن اور منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سے دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ترامیم کا فائدہ آپ کو بھی ہو گا، میرا مؤقف واضح ہے کہ میری ذات کا نہیں بلکہ ملک کا معاملہ ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی آئین کے مطابق کرنی چاہیے، نیب اختیار کا غلط استعمال کرتا ہے تو ترامیم اسے روکنے کی حد تک ہونی چاہیے، اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے مجھ پر کیس بنانے کے لیے 1 کروڑ 80 لاکھ کا نیکلس 3 ارب 18 کروڑ روپے کا بتایا، ماضی کے فیصلے مدنظر رکھتے ہوئے چیف جسٹس میرے کیسز پر سماعت نہ کریں، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے چیف جسٹس میرے کیسز پر سماعت نہ کریں۔
5
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرِستان میں دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد صفیان اور این سی بی زین علی کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، انہوں نے شہداء کی مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے وطن عزیز کو دہشتگردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے جام شہادت نوش کیا، مجھ سمیت پوری قوم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
6
بچوں کے تحفظ کیلئے ورچوئل پولیس سٹیشن کے قیام کی تجویزرکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرادی گئی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ورچوئل پولیس سٹیشن کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور استحصال جیسے خطرات سے متعلق شکایات کا اندراج اور قانونی مشاورت فراہم کی جا سکے۔متن میں مزید لکھا گیا کہ ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن پولیس سٹیشن کے قیام کے ذریعے پنجاب اسمبلی بچوں کے تحفظ اور بہبود کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے، اس ورچوئل پولیس سٹیشن کے قیام سے پنجاب کے ہر بچے کو ایک محفوظ اور معاون ماحول میں بڑا ہونے کا موقع ملے گا۔
7
میڈیکل کالجز کی فیس سے متعلق کیس ناقابل سماعت قرارجسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیاکہ میڈیکل کالجز کی فیس پر کون سا قانون لگتا ہے؟ سپریم کورٹ ایسے تو کیس نہیں سن سکتی۔جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ کیا آپ نے پاکستان میڈیکل کمیشن سے فیس کے حوالے سے رابطہ کیا ہے؟درخواست گزار نے جواب دیا کہ میں نے وزیرِ اعظم اور صدرِ مملکت کو میڈیکل کالجز کی فیس کے حوالے سے خط لکھا ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیاکہ ان سے بات کریں، فیس کی ریگولیٹری کون کرتا ہے؟درخواست گزار نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان میڈیکل ڈینٹل ایکٹ بنایا گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط لیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آپ ریگولیٹری کے پاس جائیں، سپریم کورٹ کا میڈیکل کالجز کی فیس دیکھنے سے متعلق کیا کام؟ ریگولیٹری جب بنی ہوئی ہے تو کیا وہاں گئے ہیں؟ کیا ہم اس پر کمیشن بنا سکتے ہیں؟
8
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالتی فیصلے کے بعد بات کریں گے۔ ہمیں آزاد اور خود مختیار ہو کر سوچنا چاہیے۔اگر پہلی بار آپریشن کا تجربہ ہوتا تو عوام لبیک کہتے، عوام پہلے بھی سوات سے لے کر وزیرستان تک دربدر ہو چکے ہیں۔ آج بھی وہ لوگ دربدر ہیں، معاوضے تک نہیں دیئے گئے، ہمیں دیکھنا چاہیے کہ خرابی کہاں ہے۔ڈی آئی خان میں نجی محفل میں میڈیا سے بات چیت
9
مظفرآباد: مسافر جیپ کھائی میں جا گری، ڈرائیور سمیت 13 افراد جاں بحق، جیپ گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 13 افراد موقع پر دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔پولیس پنجگراں کا بتانا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئیں جبکہ حادثے کی زد میں آکر مقامی افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو کی جانب سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
10
حساس ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج،درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے ایک نوٹیفکیشن میں حساس ادارے کو لوگوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دی ہے، پی ٹی اے ایکٹ کے جس سیکشن کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اس کے ابھی تک رولز نہیں بنے۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت حکومت کا حساس ادارے کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے، لاہور ہائیکورٹ موجودہ درخواست کے حتمی فیصلے تک مذکورہ نوٹیفکیشن کی کارروائی کو معطل کرے۔
11
سبطین خان کیخلاف چینوٹ مائنز ریفرنس پرسماعت 20اگست تک ملتوی،احتساب عدالت لاہور میں چینوٹ مائنز ریفرنس میں سبطین خان سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ، عدالت میں سبطین خان سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی، عدالت نے مزید کارروائی 20 اگست تک ملتوی کردی۔سپریم کورٹ کے احکامات کے باعث ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر کارروائی نہ ہوسکی ، سبطین خان سمیت دیگر کے خلاف نیب لاہور نے ریفرنس دائر کررکھا ہے۔
12
تاجر دوست سکیم کے تحت 46 ہزار 237 تاجروں کی رجسٹریشن مکمل،ایف بی آر کے مطابق ملک کے 6 بڑے شہروں میں 41 ہزار 906 ریٹیلرز کو رجسٹر کیا گیا ہے۔لاہور میں سب سے زیادہ 17 ہزار 358 تاجروں کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ کراچی میں اب تک 6 ہزار 818 تاجروں نے رجسٹریشن کرائی ہے، راولپنڈی میں بھی اب تک 6 ہزار 736 ریٹیلرز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
13
سی ڈی اے کا تاریخ میں پہلی بار 52 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو،چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ریونیو جنریشن کے لئے منفرد اقدامات کئے گئے، مئی اور جون میں سی ڈی اے نے 7.9ارب روپے وصول کئے۔مالی سال 22-2021 میں سی ڈی اے کو سب سے زیادہ 47.6 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا تھا جبکہ مالی سال 24-2023 کے لئے ریونیو کا ٹارگٹ 41.8 ارب روپے رکھا گیا تھا اور موثر حکمت عملی کے تحت گزشتہ مالی سال کے ہدف سے 23 فیصد زیادہ ریونیو حاصل کیا گیا۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کے لیے اثاثے فروخت کرنے کے بجائے ریونیو کے متبادل ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے۔
14
بلوچستان: نامعلوم افراد کی گھر پرفائرنگ، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق واقعہ صدرتھانہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں2 افراد موقع پردم توڑ گئے جبکہ دو خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں ، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ واقع پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال اوستہ محمد منتقل کر دیا گیا۔
15
برطانوی وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب کو فون، غزہ اور لبنان پر تبادلہ خیال،سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی نے گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ دونوں نے غزہ اور لبنان کی صورتحال، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔
16
اسرائیل کا غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ، 29 فلسطینی شہیدغزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرق میں اباسان الکبیرہ قصبے میں العودہ سکول کے قریب قائم پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا۔جاں بحق افراد میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ حملے میں 53 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
17
پی سی بی کی وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے الگ کرنے کی تصدیق،پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہاب ریاض اور عبد الرزاق اب سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، دونوں سلیکٹرز کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی بنا پر فارغ کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی جلد مناسب وقت پر ان کی جگہ نئے سلیکٹرز کا اعلان کرے گا۔
18
حکومت کیساتھ ڈیڈلاک برقرار، ملک بھر میں فلور ملز غیر معینہ مدت کیلئے بندودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے معاملے پر حکومت اور فلور ملز و ہول سیلرز میں تاحال ڈیڈلاک برقرار ہے، ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کی صورت میں فلورملز اور ہول سیلرز نے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان بھر کی 1500 سے زائد فلور ملز میں گندم کی واشنگ بند کردی گئی،11 جولائی کو آٹے پیکنگ اور ترسیل بھی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، لاہورسمیت صوبہ بھر میں آئندہ دو روز میں آٹے کی سپلائی بند ہونے سے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
19
سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا ہے کہ ملکی سنگین حالات میں نئے سیاسی پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے۔ بہت سے دوست سیاستدانوں سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پاکستان کی خدمت کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر دوبارہ سیاست میں آنے کا ارادہ کیا ہے، منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔منڈی بہاؤالدین میں تقریب سے وڈیو لنک پر خطاب
20
امریکا نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی پر فضائی حملوں کا تعلق پاکستان کے خود مختار فیصلوں سے ہے، پاکستان کس طرح ملکی سکیورٹی معاملات حل کرتا ہے یہ ان کا فیصلہ ہے۔وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، طالبان کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی امریکا طالبان کو کوئی فنڈنگ دیتا ہے۔میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ یو این نے افغانستان میں خواتین کے ساتھ ناروا سلوک اور افغانستان میں نام نہاد اخلاقی نگرانی پر رپورٹ جاری کی ہے، طالبان کی نام نہاد اخلاقیات کا غیر متوقع اور من مانی نفاذ افغان عوام کے انسانی حقوق کو مجروح کرتا ہے۔