1
مخصوص نشستوں کا کیس: فل کورٹ ججز کا اہم اجلاس شروع، ججز کے اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے فیصلے سے متعلق غور کیا جا رہا ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے فل کورٹ ججز کی آرڈر سے متعلق اہم میٹنگ بلائی ہے، جس میں فل کورٹ کے 13 ججز شریک ہیں۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا اور چیف جسٹس نے کہا تھا کہ فیصلہ کب سنایا جائے گا ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے
2
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کر دی۔عمران خان نے تحریری جواب میں کہا کہ کسی کی کرپشن بچانے کے لیے قوانین میں ترامیم کسی بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا، کرپشن معیشت کے لیے تباہ کن اور منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سے دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ترامیم کا فائدہ آپ کو بھی ہو گا، میرا مؤقف واضح ہے کہ میری ذات کا نہیں بلکہ ملک کا معاملہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کرنے والوں نے قوانین اور پارلیمنٹ کو اپنی ڈھال بنایا، کرپشن کو بچانے کے لیے کی گئی ترامیم عوام کا قانون پر سے اعتبار اٹھا دیتی ہیں۔
3
مریم نواز کا مزدوروں کو ایک ہزار 224 فلیٹس بلا قیمت دینے کا اعلان،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ حکام نے وزیراعلیٰ کو محکمے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ورکرز سکالرشپ پروگرام، لیبر کالونیوں کے قیام، مزدوروں کیلئے ہیلتھ فیسیلٹی پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لئے ایک ہزار 224 فلیٹس بلا قیمت دینے کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیبر کے لئے 6 ارب روپے کی واجب الادا ڈیتھ اور میرج گرانٹ بھی ادا کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ دور حکومت میں 29 ہزار سے زائد ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی تھی۔
4
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک کا بیان ریکارڈ،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔دوران سماعت بشری ٰبی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت پیش کیا گیا جبکہ سابق وزیر زبیدہ جلال اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان عدالت پیش نہ ہوئے۔اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بنی گالہ کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی جبکہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 31گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں اور30 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔آج ہونے والی سماعت میں سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد اڈیالہ جیل میں 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
5
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ فون ٹیپ کرنے کا اختیار دینا خلاف آئین ہے، یہ کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔فون ٹیپ کرنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، آئین کو پامال کرنے اور آئین کے خلاف اقدامات سے باز آئیں، فون ٹیپ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کو مسترد کرتے ہیں، اگر بجلی اتنی زیادہ ہے تو پھر لوڈشیڈنگ کیوں ہے، لائن لاسز بھی پاکستان کے عوام بھگتتے ہیں، ظالمانہ بجٹ کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔لاہور میں لیسکو آفس کے باہر دھرنے سے خطاب
6
9 مئی : لاہور ہائیکورٹ کا صنم جاوید کو گوجرنوالہ مقدمہ میں ڈسچارج کرنے کا حکم،جسٹس اسجد جاوید گھرال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے صنم جاوید کی گوجرانوالہ مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر سماعت کی ، صنم جاوید کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے صنم جاوید کو گوجرانولہ کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیدیا۔
7
آبادی کے قریب سٹون کرشنگ انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ قرار،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سٹون کرشنگ پلانٹس کے خلاف کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ آبادی کے قریب پاور سٹون کریشرز انسانی جان کے لیے خطرہ ہیں، آبادی کے قریب پاور سٹون کریشرز کو دوسری جگہ شفٹ کریں، خیبرپختونخوا میں سٹون کرشنگ کا بڑا سنجیدہ ایشو ہے، ہمارے سامنے کیس تین سٹون کریشرز کا ہے، ایسے سینکڑوں پاور کریشرز ہیں جو آبادی کے قریب ہے۔وکیل پاور کریشرز اعتزاز احسن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں کمیشن رپورٹ کا جائزہ لینے کا وقت دیا جائے، استدعا ہے کہ کیس کو محرم کے بعد رکھا جائے جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ محرم کی بات ہے تو پھر کیس کا فیصلہ جلدی ہونا چاہیے۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ انڈسٹری کو بند نہیں کرنا چاہتے لیکن انسانی جانوں کا معاملہ اہم ہے۔سپریم کورٹ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا اور وکیل سٹون کریشنز کو کل تک کی مہلت دیتے ہوئے حکم لکھوایا کہ کل سٹون کریشرز کے وکیل نہ آئے تو کمیشن رپورٹ پر فیصلہ کر دیں گے۔
8
وزیراعظم کی بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارتوں کو سولر ٹیوب ویلز پر تیزی سے کام کرنے کا بھی حکم دے دیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کے ٹی وی ،ریڈیو اور پرنٹ میڈیا پر اشتہارات چلانے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ وزارتوں میں رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سخت معاشی حالات میں کفایت شعاری پلان پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
9
وزارت کھیل بلوچستان کی جانب سے سائیکل ریس اور میوزیکل نائٹ کا انعقاد،سائیکل ریس میں 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی، جس میں 40 خواتین سائیکلسٹ بھی شامل تھیں، سائیکل ریس میں ایک غیر ملکی کھلاڑی نے بھی شرکت کی۔چیف منسٹر بلوچستان نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے ، تقسیم انعامات کی تقریب میں ایم پی ایز اور سول انتظامیہ نے شرکت کی جبکہ سائیکل ریس کے بعد میوزیکل نائٹ کی رنگا رنگ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں 1500 سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی ۔میوزیکل نائٹ میں ساحر علی بگا، عروج فاطمہ اور مقامی گلوکاروں نے فن کا جادو جگایا ۔


