1
سویلینز کے ٹرائل کا کیس: سپریم کورٹ کا ملزمان سے غیر انسانی سلوک نہ کرنے کا حکم،سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب! انسانوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک نہ کیا جائے۔سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس شاہد بلال بنچ کا حصہ ہیں۔سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور اعوان نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے ساتھ میٹنگ فکس ہیں، صرف لاہور میں ملاقات کا مسئلہ بنا تھا، حسان نیازی لاہور میں ہیں، میں نے متعلقہ حکام کو تجویز دے دی ہیں۔اسی کے ساتھ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بنچ کی دستیابی پر کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر ہوگا۔
2
ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ: ملک بھر میں فلور ملز کی ہڑتال، آٹا بحران کا خدشہ،فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق 1500 مل مالکان نے ہڑتال کر رکھی ہے اور ملک بھرسے فلور ڈیلرز بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں۔چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن عاصم رضاکا کہنا ہے کہ ہم ود ہولڈنگ ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، ود ہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہو جائے گا۔آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے اعلان کے بعد آج گوجرانوالہ ضلع کی 73 فلور ملز مکمل بند ہیں، ملتان میں بھی ودہولڈنگ ٹیکس کےخلاف ضلع کی60 سے زائد فلور ملز بند ہیں جب کہ ڈویژن کےچاروں اضلاع میں تمام 100 فلور ملز بند ہیں۔ فیصل آباد میں بھی فلور ملز بند ہونے سے 2 لاکھ یومیہ آٹےکے تھیلوں کی سپلائی بند ہوگئی ہے جب کہ کمالیہ شہر کی تمام 10 اور ضلع خوشاب کی 4 فلور ملز بند ہیں۔ پشاور میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کی اپیل پر ہڑتال جاری ہے اور ملز پر تالے لگا دیے گئے ہیں جب کہ کوئٹہ میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث گندم کی پسائی کا کام بند کردیا گیا ہے۔
3
آذربائیجان کے صدرالہام علیوف 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کا استقبال کیا، الہام علیوف کے دورہ پاکستان کے درمیان دونوں ممالک کے مابین مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
4
حکومت کی کمرشل، زرعی اور بلک صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری،ذرائع کے مطابق کمرشل صارفین کیلئے بجلی کی بنیادی قیمت میں 8 روپے 4 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جولائی سے کمرشل صارفین کے فی یونٹ کی قیمت 77 روپے 15 پیسے ہو جائے گی۔زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے اضافہ منظور کیا گیا جس کے بعد جولائی سے زرعی صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک پہنچ جائے گا۔ جنرل سروسز کیلئے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 6 روپے 98 پیسے بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے، جولائی سے جنرل سروسز کیلئے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف 61 روپے 3 پیسے ہو جائے گا۔بلک صارفین کیلئے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد جولائی سے بلک صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 59 روپے 96 پیسے تک پہنچ جائے گا۔صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف برقرار رکھا گیا ہے، پاور ڈویژن کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے نیپرا کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
5
اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔پی ٹی آئی کے رہنما رہنما ملاقات ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کئے بغیر واپس چلے گئے، پی ٹی آئی رہنماؤں کی کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروائی گئی۔عمران خان سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی، پارٹی، سیاسی، ملکی امور پر بات چیت کی گئی۔
6
جماعت اسلامی کا 12 جولائی کو ہونے والا دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان،ہمارا دھرنا 26 جولائی کو ہوگا اور پوری قوت کے ساتھ ہو گا، ہم نے صرف عاشورہ کی وجہ سے تاخیر کی ہے، 26 تاریخ کے دھرنے میں بیک وقت پاکستان سے جلوس چلیں گے۔ہمارا دھرنوں کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے، پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہم نے صرف محرم کے احترام میں تاریخ آگے کی ہے، ہم دھرنا ملتوی کر دیتے اور جان چھڑا لیتے لیکن ہم جان چھوڑنے والے نہیں۔ہم اور زیادہ قوت سے آئیں گے، ہم نے ہر صورت میں دھرنا کرنا ہے، اب میدان سجے گا، حکومت کا کام صرف یہ ہے کہ وہ جمہوری آزادی فراہم کرے، ہمیں لوگوں کیلئے ریلیف لیکر آنا ہے۔عاشورہ کے فوری بعد پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جاؤں گا، وکلاء، بارز اور تاجر تنظیموں سے مشاورت کریں گے، ہم پورا چارٹر آف ڈیمانڈ بنا رہے ہیں، یہ چارٹر آف ڈیمانڈ ہمارے دھرنے کی ہوگی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی لاہور میں پریس کانفرنس
7
خفیہ ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن چیلنج،پاکستان بار کونسل کے 6 ممبران نے نوٹیفکیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست گزاروں میں پاکستان بار کونسل کے ممبر شفقت محمود چوہان ، عابد زبیری، چودھری اشتیاق، منیر احمد کاکڑ ، طاہر فراز عباسی اور عابد ساقی شامل ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کمیونیکشن ایکٹ کی سیکشن 54 کے تحت جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، ففئر ٹرائل ایکٹ 2013 میں اس حوالے سے مکمل میکنزم دیا گیا۔درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ خفیہ ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیکر کالعدم قرار دیا جائے، درخواست میں مزید یہ بھی استدعا کی گئی کہ جب تک کیس زیر التوا ہے تب تک نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
8
لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون رجسٹرار تعینات،نومنتخب چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبدالرشید عابد کو تبدیل کر کے عبہر گل خان کو رجسٹرار تعینات کردیا۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون کو رجسٹرار تعینات کیا گیا ہے۔
9
پشاور میں شہید ہونے والے سی ٹی ڈی کے اے ایس آئی اکرم خان اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،شہید اکرم خان کی نماز جنازہ ایبٹ آباد میں شہید کے آبائی گاؤں سہلڈ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی ہزارہ، ڈی پی او ایبٹ آباد، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ہزارہ سمیت دیگر اعلیٰ افسروں، اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر شہید کی میت کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، افسروں نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی، شہید نے سوگواران میں بیوہ، دو بچے، تین بچیاں چھوڑی ہیں۔
10
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کو 3 حلقوں کا ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل ابتدائی معاملات سے متعلق کارروائی آگے بڑھا سکتا ہے، الیکشن ٹریبونل دیگر سماعت جاری رکھیں ٹرائل نہ کریں، عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے کیس کی سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس نے کہا کہ 22 جولائی کے کیس روزانہ کی بنیاد پر سنیں گے۔
11
عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کرنے کا تحریری فیصلہ،اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ دو سرکاری گواہوں نے بیان دیا کہ 7مئی کو شام پانچ بجے زمان پارک میں میٹنگ ہوئی، گواہوں نے بیان دیا کہ میٹنگ میں پی ٹی آئی لیڈرشپ کے 15 لوگ موجود تھے۔تحریری فیصلےمیں کہا گیا کہ میٹنگ میں عمران خان نے 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا،میٹنگ میں ہدایات دی گئیں کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ہوئی تو ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں ورکرز کو اکٹھا کیا جائے۔فیصلے میں لکھا گیا کہ میٹنگ میں فیصلہ ہوا عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں فوجی تنصیبات اور سرکاری عمارتوں پر حملہ کر کے حکومت کو پریشرائز کیا جائے گا، 9 مئی کو اسلام آباد روانگی کے وقت پر بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو بیان دیا کہ اگر انہیں گرفتار کیا تو ملکی حالات سری لنکا جیسے ہونگے۔
12
9 مئی مقدمہ : صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع،گوجرانوالہ کی عدالت میں پی ٹی آئی کی رہنماؤں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے خلاف 9 مئی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پولیس نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو اے ٹی سی میں پیش کر دیا ۔ عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 22 جولائی کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
13
9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات : چالان پیش نہ کرنے پرعدالت کا برہمی کا اظہار،لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل جا کر مقدمات پر سماعت کی۔مقدمات میں نامزد اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی جبکہ خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر برضمانت ملزمان حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے۔پولیس نے شاہ محمود قریشی کا ایک مقدمے کا ضمنی چالان جمع کرا رکھا ہے جبکہ دیگر پانچ مقدمات میں ضمنی چالان پیش نہیں کیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ضمنی چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسران کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے مقدمات میں نامزد ملزمان اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں، مقدمات میں نامزد نئے ملزمان کے ضمنی چالان پیش ہونے پر تمام ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد ہو گی۔بعدازاں عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت کل 12 جولائی تک ملتوی کردی۔
14
ای بائیکس کی فراہمی کا آغاز، وزیراعلیٰ پنجاب کا دوسرا فیز بھی شروع کرنیکا اعلان،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ میں ای بائیکس کی فراہمی کیلئے نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، مریم نواز نے طلبہ میں ای بائیکس چابیاں تقسیم کیں۔ طلبہ سے بائیکس دینے کا وعدہ کیا تھا، آج طلبہ کو چابیاں دیتے ہوئے بہت خوشی ہوئی، طلبہ کو سہولت کے لیے ای بائیکس دینے کا وعدہ پورا کر دیا، بائیکس دینے پر مجھ سے زیادہ نوازشریف خوش ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا تقریب سے خطاب ،کہا ٹرانسپورٹ وزیر سمیت سب کو شاباش دیتی ہوں، میرے وژن پر 4 ماہ کے اندر عملدرآمد کرایا گیا، چاہتی ہوں پنجاب ای ٹرانسپورٹ کی طرف جائے، ای بائیک سکیم میں ڈاؤن پیمنٹ کی آدھی رقم حکومت پنجاب دے گی، ای بائیکس تمام اضلاع کے طلبہ میں تقسیم کی جائیں گی۔
15
پاسپورٹ بنانے میں تاخیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ،حکومت نے ملک بھر میں پاسپورٹ بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات تیزکردیئے، پاسپورٹ پرنٹ کرنیوالی نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو ریکوزیشن تیار کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔ ستمبر میں نئی مشینیں بیرون ملک سے منگوا لی جائیں گی، 6 ڈیسک ٹاپ اور 2 ای پاسپورٹ مشینیں منگوائی جائیں گی، نئی مشینیں 1 گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال سے پاسپورٹ تاخیر کا شکار ہے، پاسپورٹ میں تاخیر کی وجوہات کاغذ کی کمی اور مشینریوں کی کم استعداد کار ہے۔
16
لڑکیوں کے تشدد کا شکار نوجوان نے سیشن کورٹ سے رجوع کر لیا۔ گارڈن ٹاؤن ٹک شاپ میں لڑکیوں کی جانب سے نوجوان پر تشدد کیس نے نیا رُخ اختیار کر لیا۔تشدد کے شکار نوجوان نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا، ایڈیشنل سیشن جج عمران صفدر نے پولیس افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا۔نوجوان نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ٹک شاپ پر کام کے دوران خواتین نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، تھانہ گارڈن ٹاؤن کے ایس ایچ او کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے درخواست دی۔درخواست میں نوجوان نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ہماری مرضی کے بغیر ملزمان سے صلح کرانے کی کوشش کی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس افسران کو بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے۔
17
100 سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں محکمہ کسٹمز کے حوالے، جلد نیلامی متوقع،پولیس اور ٹریفک پولیس نے کوئٹہ میں مختلف کارروائیوں میں 100 سے زائد گاڑیوں کو کسٹمز کے حوالے کر دیا، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے پکڑی گئی تمام گاڑیاں چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان محمد یعقوب کے حوالے کیں۔آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ تمام گاڑیوں کو جلد نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کی جائے گی، پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔عبدالخالق شیخ نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیوں کے دوران نان کسٹم گاڑیوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔
18
بھیک مانگنے کی غرض سے سعودیہ جانیوالی 8 خواتین گرفتار،ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 8 خواتین کو آف لوڈ کردیا گیا، خواتین 2 مختلف پروازوں کے ذریعے سعودی عرب جارہی تھیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین ملزمان عمرے کی غرض سے سعودی عرب میں بھیک مانگنے جا رہیں تھیں، ملزمان میں سوبا بی بی، خدیجہ بی بی، آسیہ بی بی، سائرہ بی بی، ساجدہ بی بی، سلمہ بی بی، سمینہ بی بی اور نغمہ بی بی شامل ہیں۔خواتین ملزمان کے پاس فی کس 200 ریال برآمد ہوئے، ملزمان کا تعلق بہاولنگر سے ہے، مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا۔
19
پاورلفٹنگ چیمپیئن شپ، 2 پاکستانی بہنوں نے گولڈ میڈلز جیت لیے.ایشیا پیسیفک افریقن کمبائنڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی دو بہنوں ویرونیکا سہیل اور سیبل سہیل نےتاریخ رقم کردی، جنوبی افریقہ میں جاری چیمپئین شپ کی 52 کلوگرام اوپن کیٹگری کی ڈیڈ لیفٹ میں سیبل سہیل نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ اوورآل میں بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔سیبل سہیل نے اسکواٹ بنچ پریس ڈیڈ لفٹ اور اوور آل میں 4 گولڈ میڈلز اپنے نام کئے ہیں۔سیبل کی بہن ویرونیکا سہیل نے 57 کلوگرام کیٹگری کے ڈیڈ لیفٹ میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ اسکواٹ، بینچ پریس اور ڈیڈ لیفٹ میں بھی گولڈ میڈل جیتے ہیں۔


