1
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر کوچز سے مبینہ طور پر برے رویےکے الزام کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ان کے رویے کے حوالے سے شکایت کی گئی تھی کہ ان کا کوچز سے رویہ مناسب نہیں تھا ۔اس حوالے سے مزید چھان بین کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ شاہین آفریدی کی بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تلخی ہوئی تھی جو شدت اختیار کر گئی تھی، واقعہ ورلڈ کپ میں نہیں بلکہ اس سے قبل انگلینڈ کے دورے کے موقع پر پیش آیا تھا ۔
2
اعلیٰ وفاقی سرکاری افسران کی بورڈ میٹنگ میں شرکت کا معاوضہ کم کردیا گیا۔وزارت خزانہ نے حکومتی کمپنیوں کی بورڈ میٹنگ میں شرکت کے معاوضے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی ہیں جس میں اعلیٰ وفاقی سرکاری افسران کے حکومتی کمپنیوں کے بورڈ میٹنگ میں شرکت کا معاوضہ کم کردیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق کمپنیوں یا اداروں کے بورڈ ممبران کو صرف 10 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا، سالانہ 10 لاکھ روپے سے زیادہ معاوضہ واپس قومی خزانے میں جمع کرانا ہوگا۔وزارت خزانہ کے سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ اضافی معاوضہ قومی خزانے میں جمع کرا کے متعلقہ وزارت کو رسید بھی دینا ہوگی۔
3
اسرائیل حماس مذاکرات، ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے نکات سامنے آگئے۔امریکی اخبار نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگ بندی کی صورت میں اسرائیل اور حماس میں سے کوئی بھی غزہ کو کنٹرول نہیں کرے گا، امریکا اور معتدل عرب ریاستوں کی حمایت یافتہ سکیورٹی فورس غزہ کا کنٹرول سنبھالے گی۔امریکی اخبار کے مطابق فورس کے ارکان کا چناؤ ڈھائی ہزار افراد کے پول سے کیا جائے گا، یہ ڈھائی ہزار افراد فلسطینی اتھارٹی سے لیے جائیں اور اسرائیل ان کی سکیورٹی کلیئرنس دے گا۔رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں حماس 35 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گا، حماس پہلے مرحلے میں اسرائیلی خواتین اور 50 سال سے بڑی عمر کے فوجیوں کو رہا کرے گا، قیدیوں کی رہائی کے جواب میں اسرائیل سینکڑوں فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔
4
پشاور ائیر پورٹ پر غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے میں آتشزدگی، فلائٹ آپریشن بند، متاثرہ جہاز رن وے پر ہی موجود ہے جس کی وجہ سے پروازوں کیلئے رن وے دستیاب نہیں ہو گا۔پشاور ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک بند رہے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس حوالے سے تمام ائیر لائنز کو نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹم کے مطابق پشاور آنیوالی پروازوں کو متبادل ائیر پورٹ پر اتارا جائے گا۔
5
لکی مروت: مشتعل مظاہرین کا گرڈاسٹیشن پر حملہ، توڑ پھوڑ سے شہر کی بجلی متاثر، ترجمان پیسکو کے مطابق مشتعل مظاہرین نے ماماخیل فیڈر پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث گرڈ اسٹیشن پر حملہ کیا، اس دوران مظاہرین نے پیسکو فیلڈ اسٹور اور متعلقہ سب ڈویژن آفس پر دھاوا بول دیا۔حملے کے دوران مظاہرین نےگرڈ اسٹیشن میں پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے سامان اٹھاکرباہرپھینک دیا ۔ماما خیل فیڈر پر لائن لاسز 68 فیصد سے زائد ہیں ، توڑپھوڑ کےباعث شہر بھر میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
6
توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر فواد چوہدری کے وارنٹ جاری،الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کی توہین سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور فوادچوہدری کے خلاف کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر لاء الیکشن کمیشن صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیلئے اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں، جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جاسکتی ہے۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری تو جیل میں نہیں ان کا وارنٹ نکالتے ہیں، وکیل کی حاضری سے استثنیٰ تو چل جائے گی لیکن فواد چوہدری کہاں ہیں ، ہم ان کے معاملے پر فیصلہ کرتے ہیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
7
سنیل شیٹی کا انسانی اسمگلنگ کی شکار سیکڑوں لڑکیاں ریسکیو کرنے کا انکشاف،بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹریو میں اداکار سنیل شیٹی نے انسانی اسمگلنگ کے آپریشن کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ انہوں نے 400 لڑکیوں کو ریسکیو کیا ہے۔ وہ اور ان کی ساس بھارت میں ٹریفکنگ کے نام سے ایک این جی او چلاتے تھے جسے بعد میں وپلا فاؤنڈیشن میں تبدیل کردیا گیا، ان کی ساس اور دیگر این جی او نے مل کر قدم اٹھایا اور دنیا بھر میں 400 لڑکیوں کو ریسکیو کیا۔انہوں نے اس کے بارے میں کبھی بات نہیں کی کیونکہ یہ نقصان دہ ہو سکتا تھا اور یہ تمام تر چیزیں وزیراعلیٰ اور پھر پولیس کمشنر کے علاوہ اعلیٰ ترین خفیہ ٹیم کے ساتھ ہوئیں۔
8
آئی ایم ایف کا پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ، صوبوں نے زراعت پر انکم ٹیکس کو تسلیم کرلیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے زراعت پر انکم ٹیکس وصولی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا، چاروں صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس پر آئی ایم ایف کا مطالبہ مان لیا اور زرعی آمدن پر ٹیکس کی وصولی کا پلان مرتب کرنے کے لیے دو دن کا وقت مانگ لیا، چاروں صوبائی حکومتیں 12 جولائی تک پلان جمع کرائیں گی۔زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح سالانہ 6 لاکھ سے زائد آمدن پر عائد ہو گی، زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کے ریٹ بھی نارمل انکم ٹیکس کے حساب سے ہوں گے، زرعی آمدن پر وفاق اور صوبے ایک پیج پر آجائیں گے۔ زرعی آمدن پر صوبوں نے آئی ایم ایف کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔