اسلام آباد(ای پی آئی ) ینگ پارلیمنٹرینز فورم بورڈ کا پہلا اجلاس صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم بورڈ سیدہ نوشین افتخار کی صدرات میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں محترمہ رومینہ خورشید عالم، نوابزادہ جمال خان رائیسانی نے شرکت کی جبکہ مخدوم زین حسین قریشی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم سیدہ نوشین افتخار نے اجلاس میں شرکت پر شرکاء کا خیر مقدم کیااور ینگ پارلیمنٹرینز فورم کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے روڈ میپ وضع کرنے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر سیدہ نوشین افتخار کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نبرد آزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، وائی پی ایف ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر ملک کے نوجوانوں کے مسائل کو ایڈریس کیا جا سکتا ہے،
اجلاس میں شریک شرکاء نے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،
اسپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی نے اجلاس کے شرکاء کو ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے اغراض ومقاصد سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔