کشمور(ای پی آئی) صوبہ سندھ کا ضلع کشمورمیں ایک بار پھر ڈاکو بے قابو ہونے لگے۔

میانی ایٹ بڈانی تھانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح ڈاکو دودھ فروش کو اغوا کر کے کچے طرف فرار ہوگئے. دودھ فروش شخص کی شناخت شیرباز چاچڑ کے نام سے ہوئی ہے. مغوی شہری روزانہ کی بنیاد پر بڈانی سے کشمور دودھ فروخت کرنے جاتا تھا. ڈاکوؤں نے مغوی شیرباز کو بڈانی سے کشمور جاتے ہوئے راستے میں اغوا کر لیا ہے.

اغوا کی خبر سن کر مغوی کی بازیابی کے لئے پولیس اور ورثا اپنے برادری کے معزز میر اصغر علی چاچڑ کے ہمراہ کچے طرف روانہ ہو گئے۔ آخری اطلاع تک پولیس اور چاچڑ برادری کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

ہمارے نمائندے کے رابطہ کرنے پر میر اصغر علی چاچڑ نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی چاچڑ برادری کے لوگوں کو اغوا کیا گیا لیکن سب کو پتا ہے کہ وہ ان لوگوں کو ہم نے پولیس کی مدد سے 48 گھنٹوں میں ڈاکوؤں کے چنگل سے بازیاب کرایا گیا۔ دوسری جانب مغوی کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔

دوسری جانب ضلع جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقے میرپوربرڑو کے نوجوان کی اغوا کی تصدیق ہوگئی

ڈاکوؤں نے نوجوان کے ورثہ سے فون کر کے تاوان طلب کرلیا ، نواحی گاؤں اللہ بخش لنجوانی کے رہائشی نوجوان محمد علی لنجوانی گزشتہ روز گھر سے لاپتہ ہوا تھا ، مغوی نوجوان کے بھائی نے پولیس کو اطلاع بھی دی تھی ، انہوں نے کہا کہ ہم غریب مزدور لوگ ہیں تاوان کی رقم کہاں سے لائیں پولیس ہماری مدد کرے.