لاڑکانہ( ای پی آئی ) لاڑکانہ ڈویژن میں آنے والی شدید بارش نے تباہی مچادی،محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے باوجود انتطامیہ بے بس، مکانات کی چھتیں گرنے سےخاتون اور 45 سالہ شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ،کرنٹ لگنے سے مویشی ہلاک ۔

تفصیل کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود نا اہل انتظامیہ حرکت میں نہ آئٰ ،بروقت حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث شدید بارش کے بعد لاڑکانہ میں کچے پکے مکانات منہدم ہو گئے

نواحی گائوں گاجی کھاوڑ میں چھت گرنے سےخاتون جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہو گئے ،اسی طرح نواحی گائوں رحیم بخش بگٹی میں بھینسوں کے باڑے کی چھت گرنے سے 45 سالہ شخص سیال بگٹی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے ۔جبکہ کرنٹ لگنے سے مویشی بھی ہلاک ہو گئے ۔

بارش کے باعث گٹر سسٹم ناکارہ شہر کی شاہراہیں ندی نالوں کا مناظر پیش کرنے لگیں ۔چائلڈ ہسپتال۔سول ہسپتال۔ ایمرجنسی اوپی ڈیز ایریا۔ این آئی سی وی ڈی کے احاطے میں پانی جمع ہوگیا مریض رل گئے۔ڈی سی ہاؤس۔ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو ہاوس کے اطراف جانے والے شاہراہیں بھی ڈوب گئیں۔ سرکاری اداروں و ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافظ کر دی گئی ہے ۔