اسلام آباد(ای پی آئی) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے عوام کے حقوق کے لیے ملکرکام جاری رکھنے اور سب کے فائدے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیاہے۔
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار سے ملاقات کی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی محتسب کے دفاتر کی فعالیت کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ترجیحی شعبوں میں ڈیجیٹل صلاحیت کو مضبوط بنانا، نگرانی کے مضبوط طریقہ کار کو نافذ کرنا اور لوگوں کو محتسب آفس جیسے عوام دوست اداروں کی دستیابی سے آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنا شامل ہے۔
ایشین اومبڈسمین ایسوسی ایشن جیسے بین الاقوامی محتسب اداروں، جس کے اعجاز احمد قریشی صدر ہیں، کے کردار کو بھی دنیا بھر کے محتسب اعلیٰ کے درمیان بہترین طریقوں سے اشتراک کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر سراہا گیا۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے عوام کے حقوق کے لیے ملکرکام جاری رکھنے اور سب کے فائدے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔