کشمور(ای پی آئی) غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور ملکی مواقع، پرواز پاکستان مہم کے تحت آگاہی سیمینار کا انعقاد.یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور یورپی یونین کی مالی شراکت سے چلنے والی پرواز پاکستان مہم کے تحت لاڑکانہ، سندھ میں ایک آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو غیر قانونی ہجرت کے نقصانات اور پاکستان میں موجود مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیمینار میں مختلف کمیونٹی ممبران، نوجوانوں، طالب علموں، اور اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ ماہرین نے غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور اس کے نقصانات پر تفصیلی گفتگو کی، جبکہ نوجوانوں کو پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مقررین نے مشورہ دیا کہ نوجوان قانونی راستے اختیار کریں اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔پروگرام کے کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے اس موقع پر بتایا کہ پرواز مہم کے تحت پاکستان بھر میں 30 آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر انتخاب کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار وسائل اور مواقع موجود ہیں اور یہاں کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز نوجوانوں کی مہارتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اپنے خاندانوں کا سہارا بننے کے لیے قانونی طریقوں سے بیرون ملک جا کر وہاں کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہتر روزگار کے لیے صرف بیرون ملک جانا ہی واحد راستہ نہیں، پاکستان میں بھی بے شمار مواقع ہیں جنہیں تلاش اور حاصل کرنا ضروری ہے۔ امان اللہ نے اس پروگرام کا مقصد بتاتے ہوئے بتايا کہ ہم آئے دن میڈیا میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والوں کے بارے میں دیکھتے اور پڑھتے ہیں۔ کبھی کشتی ڈوبنے سے ہزاروں افراد ڈوب گئے، تو کبھی ایسے تارکین وطن سے ہونے والے ناروا سلوک کے بارے میں ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایسی سنگین کہانیوں سے سبق سیکھیں، یا تو اپنے ملک میں موجودہ وسائل کو تلاش کریں اور ان سے فائدہ اٹھائیں ، یا بیرون ملک جانے سے قبل باقاعدہ تحقیق کریں. اپنی مہارت میں اضافہ کریں اور قانونی راستے اختیار کریں۔ تقریب میں شامل ایک نوجوان نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ سیمینار ہمارے لیے انتہائی مفید ثابت ہوا، ہمیں غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور پاکستان میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں نئی معلومات حاصل ہوئیں۔