کشمور(ای پی آئی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زاہد حسین میتلو نے 2022 میں مون سون بارشوں کے دوران ضلع کشمور میں جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت اور رہائش گاہ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد کام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کوذاتی حیثیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سال 2022 میں ہونے والی مون سون کی شدید بارشوں سے پورے ضلع بالخصوص جوڈیشل عمارت اور رہائشی عمارت بشمول جوڈیشل کمپلیکس کو کافی نقصان پہنچا۔

کندھ کوٹ میں ڈسٹرکٹ سیشن جج کی رہائش گاہ، ایڈیشنل سیشن جج اور سول جج کی عمارت، کشمور میں ریکارڈ روم کی عمارت شامل ہے۔ اس سلسلے میں چیف انجینئر کی غفلت پر سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کو خط لکھ کر رپورٹ طلب کی گئی تھی ۔جب کہ کوئی جواب نہ آنے پر سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کو 4 ستمبر 2024 کو ذاتی حیثیت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ھے۔

دو سال گزرنے کے باوجود مذکورہ عمارت پر کوئی کام نہیں کیا گیا جبکہ خطرناک عمارت کے اندر ججز اور عدالتی عملہ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ خط کی کاپی سندھ ہائی کورٹ کراچی اور چیف سیکریٹری سندھ کو بھی معلومات کے لیے دی گئی ہے۔