اسلام آباد(ای پی آئی) وفاقی پولیس نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ میں نجی بینک کی گاڑی کو لوٹنے ،ایک سکیورٹی گارڈ کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے انتہائی خطرناک گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کوگرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم ایک کروڑ 97لاکھ روپے، دو عدد گاڑیاں اور اسلحہ ایمونیشن بھی برآمدکرلیاگیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے "ریسکیو”15-میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ میں نجی بینک کی گاڑی کو گن پوائنٹ پر لوٹنے ، فائرنگ کر کے ایک سکیورٹی گارڈ کوبے دردی سے قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے چار ملزمان کوگروہ کے سرغنہ سمیت قلیل وقت میں ٹریس کر کے گرفتار کرلیا ہے.

گرفتار ملزمان میں گروہ کے سرغنہ میر رضوان قریشی اور نعیم بہاد رنے پستولوں سے فائرنگ کی تھی جبکہ دیگر دو ساتھیوں محمد ریاض اعوان اور محمد ارسلان عارف شامل ہیں،مرکزی ملزم نعیم بہادر کراچی میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب ہے،ڈی آئی جی نے دوران پریس کانفرنس مزید بتایا کہ پولیس ٹیموں نے ملزمان کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم ایک کروڑ 97لاکھ روپے،واردات میں استعمال ہونے والی دوگاڑیاں اور اسلحہ معہ ایمونیشن بھی برآمد کرلیا ہے، یہ ایک انتہائی خطرناک بین الصوبائی جرائم پیشہ گروہ ہے جس کے خلاف دیگر صوبوں میں بھی سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں.

انہوں نے مزید بتایا کہ وقوعہ کے فوری بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوری نے ڈی آئی جی کی سربراہی میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی انوسٹی گیشن، زونل ایس پی اور انچارج انسداد ڈکیتی ورابری یونٹ کے پولیس افسران پر مشتمل مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی تھیں،جنہوں نے دن رات انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں تفتیش کی اورجدید تکنیکی اور انسانی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ میر رضوان قریشی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا.گرفتار ملزمان کے دیگر دو ساتھی ملزمان بھی اس وقوعہ میں ملوث ہیں جن کی گرفتار ی کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد وہ بھی قانون کے کٹہرے میں ہوں گے.

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دونوں مرکزی ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقوعہ کو ٹریس کرنے والی پولیس ٹیموں نے انتہائی جانفشانی اور ایمانداری سے اپنے فرض کو نبھایا اور اس سنگین واردات کو قلیل وقت میں ٹریس کر کے ملزمان کو گرفتار کیا،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے اور تعریفی اسناد اور انعامات دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔