راولپنڈی (ای پی آئی) چودھواں پاک مصر ملٹری کوآپریشن کمیٹی کا اجلاس وزارت دفاع، راولپنڈی میں منعقد ہوا۔
وزارت دفاع کے اعلامیہ کے مطابق قائم مقام سیکرٹری دفاع،میجر جنرل عامر اشفاق کیانی نے پاکستانی وفد جبکہ مصری وفد کی قیادت آرمڈ فورسز آپریشنز اتھارٹی کے اسسٹنٹ ہیڈعبدالرحمان عبدالرحمن محمود واحدن نے کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کے تمام شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید برآں دفاعی تربیت، وفود کے دوروں اور دفاعی آلات کی مشترکہ پیداوار سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وفود کے رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان ۔مصر ایم سی سی اجلاس کا 15واں دور مصر میں ہوگا۔