اسلام آباد (ای پی آئی ) پاورڈویژن نے ملک بھر میں غیر تسلی بخش کارکردگی کی حامل ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے افسران کیخلاف سخت انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی
پاورڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں تمام ڈسکوز کے بورڈز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی ۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جولائی اوراگست کے مہینوں میں لائن لاسز اور بلوں کی وصولی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور غیر تسلی بخش کارکردگی کی حامل کمپنیوں کی مینیجمنٹ پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا ان کمپنیوں کوآگاہ کیا گیا کہ غیر تسلی بخش کمپنیوں کے افسران کے خلاف سخت انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں موجود چیئرمین اور سی ای اوز نے اپنی اپنی کمپنیز کی صورتحال، اقدامات اور مسائل پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لائن لاسز میں کمی اور ریکوریز میں بہتری کے لیے ہرکمپنی کو مزید فعال حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ کمپنیز کے مالی حالات کو بہتر کیا جا سکے۔ اعلامیہ
مزید برآں وفاقی وزیر نے تمام حکام کو ہدایت کی کہ ہر ماہ کے 10 تاریخ کو جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے تا کہ وفاقی وزیر بذات خود ڈسکوز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لے سکے۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت آنے والے مہینوں میں ریکوریز میں اضافہ اور لائن لاسز میں واضح کمی نظر آئے گی۔