اسلام آباد(ای پی‌آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے استعمال سے صنعتی شعبہ مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعتی اور تجارتی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے تجارتی برادری کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج راولپنڈی میں اناج ذخیرہ کرنے والے نئے سائلو کولڈ سٹوریج کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسفنیار ایم بھنڈارا بھی موجود تھے۔ اسپیکر نے کہا کہ ملک کے اندر صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینے میں پاکستانی تاجروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مصنوعات کا معیار بہتر ہوگا اور خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا جس سے صنعت کا شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی موثر قانون سازی کے ذریعے ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔