اسلام آباد (عابدعلی آرائیں) پاکستان کے آئین کے تحفظ کیلئے اپوزیشن کی جماعتوں کی جانب سے شروع کی گئی تحریک تحفظ آئین پاکستان” چھ ماہ میں ہی دم توڑ گئی۔

اپوزیشن کی پانچ جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، سنی اتحاد کونسل،بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور مجلس وحدت المسلمین نے چھ ماہ قبل 13 اپریل کو اس تحریک کا اعلان کیا

پشین میں بڑے عوامی اجتماع سے تحریک کا آغاز کیا گیا ۔ چند ماہ تک تحریک نے متعددجلسے اور وکلا کنونشنز کئے ،لیکن 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف اس فورم کی جانب سے ایک بھی جلسہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کا کوئی اجلاس بلایا گیا ہے حیران کن طورپر تحریک تحفظ آئین پاکستان” کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی منظر عام سے غائب ہیں ۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان” کے قیام کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں میں انتخابی دھاندلی اور ملک میں آئین کی حکمرانی کے نکات پر اتفاق کیا گیا تھا اور حکومت مخالف ملک گیر تحریک کا آغاز کیا گیا لیکن تحریک کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ حتی کی 26 ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بھی اس تحریک کے پلیٹ فارم کو استعمال نہیں کیا گیا۔