اسلام آباد(ای پی آئی)اسلام آباد میں پیکاایکٹ کے مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے صحافی ہرمیت سنگھ کی ضمانت منظور کرلی ہے.
صحافی ہرمیت سنگھ نے پیکاایکٹ کے تحت درج کیس میں وکلاء بینا فراز اور فرخ شہزاد سے توسط سے عدالت سے رجوع کیا تھا ،
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے صحافی ہرمیت سنگھ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی. وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نےصحافی ہرمیت سنگھ کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی.
دوران سماعت صحافی ہرمیت سنگھ اپنے وکلاء بینا فراز اور فرخ شہزاد کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور عدالت نے بیس ہزار مچلکوں کے عوض صحافی ہرمیت سنگھ کی 21 دسمبر تک ضمانت منظور کرلی.
عدالت نے تحریری حکم میں ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ہے اور صحافی ہرمیت سنگھ کو تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے.
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی کی جانب سےصحافی ہرمیت سنگھ پر پیکاایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیاتھا. مقدمہ میں ہرمیت سنگھ پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق ہرمیت سنگھ نے ایکس پروفائل کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی بیانیہ کو فروغ دیا۔ہرمیت سنگھ نے عام شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں کی طرف مائل کرنے کی کوشش کی۔ عام لوگوں میں خوف وہراس اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا۔
مقدمہ کے مطابق انہوں نے ریاست کے ستونوں کے درمیان عداوت پیدا کرنے کی گھنانی کوشش کی اور مخصوص لوگوں کے لیے صوبائیت اور نسلی انتشار کو ہوا دی۔