شکارپور (ای پی آئی ) شکارپور سے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے مغوی کی بازیابی کے لئے ورثاء کا قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا،مغوی کو جلد بازیاب کرانے کا مطالبہ ۔
تفصیل کے مطابق ایک ماہ قبل ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے مغوی انور لہر کی بازیابی کے لئے ورثاء اور اہل علاقہ نے قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا ۔
احتجاج کے باعث قومی شاہراہ بلاک ہونے سے روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ورثاء کے مطابق ڈاکوؤں نےمغوی انور لہر کی ویڈیوسوشل میڈیا پر جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں کی جانب سے مغوی کو زنجیر کے ساتھ درخت پر الٹا لٹکا کر تشدد کیا گیاہے ۔
ورثاء کے مطابق مغوی کی رہائی کے لئے ڈاکوؤں نے 40 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے , مغوی کے ورثاء نے مطالبہ کیا کہ مغوی کو جلد بازياب کراکر بے چینی ختم کی جائے بصورت دیگر احتجاج جاری رہیگا


