اسلام آباد (ای پی آئی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی عدالت میں بدامنی کے شکار خیرپختونخوا کے ضلع کرم میں قتل کے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ،مدعی یا اُس کے وکیل کی عدم پیشی کی بنا پر ملتوی کردی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 2رکنی بینچ نے قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم سید عابد حسین کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پرسماعت کی۔درخواست ضمانت میں ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا اوردیگر کے توسط سے ریاست پاکستان کوفریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزارملزم عابدحسین کی جانب سے آفتاب عالم یاسر بطور وکیل پیش ہوئےجبکہ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا الطاف خان نے پیش ہوکربتایا کہ یہ ضلع کرم کا کیس ہے۔ الطاف خان کاکہنا تھا کہ مدعی مقدمہ کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
چیف جسٹس کاکہنا تھا کہ فی الحال ہم درخواست گزارکو ضمانت نہیں دے رہے۔بعد ازاں بینچ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔


