اسلام آباد (ای پی آئی ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ کورٹ میں سینٹرل لائبریری کا افتتاح کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری کوشش رہی ہے کہ آپ جو بھی مسئلہ لے کر آئیں اس کو حل کروں۔انہوں نے کہا کہ جتنا ہوسکا مسائل حل کروں گا، ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی ویب سائٹ لانچ کردی گئی ہے جس کا سائلین کو فائدہ ہو گا، اس ویب سائٹ سے اوور سیز درخواست گزاروں کو ریلیف ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ دستیاب تھی مگر ڈسٹرکٹ کورٹس کی نہیں، ایک سال میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے 1 لاکھ 19 ہزار کیسز نمٹائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے نامزدگیاں کی ہیں، ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں جلد تعیناتیاں ہوں گی اور جلد اچھی خبر ملے گی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا مکمل خطاب

اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو ویب سائٹ کے فیچرز سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ویب سائٹ میں کیسز اور ججمنٹس کی تلاش کے لیے خصوصی فیچرز ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے تمام عبوری حکمنامے بھی ایک کِلک پر دستیاب ہوں گے، کیسز کی تلاش ایف آئی آر نمبر کے اندراج سے بھی ممکن ہوگی۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں سینٹرل لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔