اسلام آباد(ای پی آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ سوموار 20جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران بھی فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کے حوالہ سے دائر 39نظرثانی درخواستوں پرسماعت جاری رکھے گا۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی جانب سے اگلے ہفتے کے لئے صرف سوموار کے روز کی کاز لسٹ جاری کی گئی ہے۔توقع ہے کہ آئندہ ہفتے سپریم کورٹ کاآئینی بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں پرتمام فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سماعت مکمل کرلے گا۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر39 انٹرا کورٹ اپیلوں پرسوموار کے روز بھی سماعت جاری رکھے گا۔

بینچ نے وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث احمد کوہدایت کی ہے کہ وہ سوموارکے روز اپنے دلائل مکمل کریں جس کے بعد دیگر درخواست گزاروں کے وکلاء دلائل دیں گے ۔

بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے دیگر درخواست گزاروں کے وکلاء کوہدایت کی ہے کہ سوموار کے روز تیاری کرکے آئیں۔جسٹس امین الدین خان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے بینچ پورا دن فوجی عدالتوں میں سویلنز کے ٹرائل کے خلاف دائردرخواستوں پرسماعت کرے گا۔ اس سے قبل بینچ دن 11یاسوا11بجے تک ایک ہی وقفہ کے دوران کیسز کی سماعت کرتا تھا۔ سوموار سے بینچ کیس کی سماعت دن 1بجے تک کرے گا جس میں 30سے40منٹ کاوقفہ بھی شامل ہوگا.