اسلام آباد(ای پی آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں دائر بریت کی درخواستوں پر سماعت ،عدالتفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت درخواستوں پر سماعت کی ۔
دوران سماعت وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ تحفہ وصول کیا، تخمینہ کیلئے دیا، ضمانت کی 2درخواستوں کے احکامات بھی لگے ہوئے ہیں،وکیل درخواست گزار سلمان صفدر نے توشہ خانہ رولز پڑھے۔وکیل نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو کارروائی روکنے کا بھی حکم دیا جائے،
عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد ہو چکی، گواہان کے بیانات ہو رہے ہیں،نوٹس جاری کرکے دیگر فریقین سے جواب مانگ لیتے ہیں،جسٹس انعام امین نے کہاکہ اس میں نوٹس کرتے ہیں، لمبی تاریخ نہیں دیں گے،دوسری پارٹی کو بھی سن لیتے ہیں پھر دیکھتے ہیں،عدالت نے کہاکہ ٹرائل کورٹ کو کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کرسکتے ہیں،
وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ ٹرائل تیزی سے چل رہا ہے، جب بلائیں گے ہم پیش ہوں گے،عدالت نے کہاکہ پہلے دوسرے فریق کو سن لیں پھر ہی کچھ کر سکتے ہیں،وکیل سلمان صفدر نے کیس دوسرے بنچ کو بھیجنے کی بھی استدعاکی،وکیل نے کہاکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس کیس سے متعلق 5درخواستیں سن چکے ہیں،مناسب ہوگا بریت کی درخواستیں بھی اسی عدالت میں بھیج دی جائیں،
جسٹس انعام امین نے کہاکہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں یہ الگ معاملہ ہے،یہ عدالت کیس سنے گی، آپ میرٹس پر دلائل دیں،عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت28جنوری تک ملتوی کردی۔


