اسلام آباد(محمداکرم عابد)پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نومنتخب چیئرمین جنیداکبرخان نے محکمانہ آڈٹ کمیٹیوں کے بروقت اجلاس منعقدنہ کرنے والی وزارتوں کے حکام پر پی اے سی کے اجلاس میں پابندی کا بڑافیصلہ کرلیا ۔متعلقہ وزارتوں کو خط لکھ دیا گیا ۔
یاد رہے کہ وازرتوں کی وجہ سے ڈی اے سیز کے اجلاسوں میں تاخیر کی وجہ سے اس وقت 35ہزار سے زائدآڈٹ پیراززیرالتواءہیں ۔
ذرائع کے مطابق پی اے سی کے نومنتخب چیئرمین جنیداکبرنے بعض ارکان سے پی اے سی پر آڈٹ رپورٹس کے اس بھاری بھرکم بوجھ کے حوالے سے غیررسمی مشاورت کرکے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی اے سیز نہ کرنے والی وزارتوں کے حکام پر پی اے سی کے اجلاسوں میں آنے پر پابندی عائدکردی جائے گی اور مرکزی اجلاس میں اس کی آگاہی دی جائے گی اس ضمن میں تمام وزارتوں کا خط لکھ دیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق جلد کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں آڈیٹرجنرل آف پاکستان زیرالتوا آڈٹ رپورٹس کے بارے میں بریفنگ دیں گے ۔