1
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو لکھےگئے خط پر شعر پڑھ کر تبصرہ کیا ہے۔
خط لکھیں گے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو
ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے،،،،،،،،
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے شبلی فراز کی تصویرکو دیکھ کر ہی فیصلہ کیا کہ شاعری کی زبان میں بات کی جائے۔اس طرح کی خطوط نویسی اس وقت جنم لیتی ہے جب آپ کی مایوسی انتہا کو ہو، کبھی آپ مذاکرات کی طرف بھاگتے ہیں کبھی کسی ملاقات کا کہتے ہیں، کبھی کہتے ہیں کہ ہمارا چینل کھل گیا ہے، کبھی 360صفحوں کا خط لکھ دیتے ہیں۔
2
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے کھوکھلے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں اور پاکستان مکمل طاقت کے ساتھ کسی بھی مہم جوئی کا جواب دے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا۔ کانفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا، فورم نے درپیش خطرات کا مفصل جائزہ لیا، علاقائی اور داخلی سلامتی کے منظر نامے پر روشنی ڈالی۔شرکا کانفرنس نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
3
مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمت کار کا حملہ، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک، 8 زخمی.غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کی صبح ایک فلسطینی مزاحمت کار نے مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں تیاسیر کے قریب اسرائیلی چیک پوائنٹ میں داخل ہوکر فائرنگ کردی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج کی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار صبح 6 بجے فوجی چوکی میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا جس کے بعد اس نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ شروع کردی۔اسرائیلی فوجی چوکی کے احاطے میں 11 فوجی اور ان کا کمانڈر تعینات تھے، فلسطینی مزاحمت کا ر رات میں چیک پوائنٹ کے نزدیک پہنچا اور صبح جب 2 فوجی چیک پوائنٹ کھولنے کے لیے باہر نکلے تو مزاحمت کار نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کچھ منٹوں تک جاری رہا جس دوران ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی مزاحمت کار بھی شہید ہوگیا۔
4
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے سینیارٹی کا معاملہ ایک بار پھر اٹھا دیا۔پانچ ججز نے سینیارٹی لسٹ کے خلاف ریپریزنٹیشن چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی ہے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کوبھی ججز ریپریزنٹیشن کی کاپی بھجوا دی گئی ہے۔
5
رانی پورکمسن ملازمہ ہلاکت کیس: مقتولہ کی والدہ نے ملزمان سے صلح کرلی۔وکیل نے مدعی کی جانب سے تصفیے کا تحریری بیان بھی عدالت میں جمع کرادیا ہے، مقتولہ بچی فاطمہ کی والدہ کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو ضمانت دے کر مقدمہ ختم کیا جائے۔بچی کی والدہ کا تحریر ی بیان جمع ہونے کے بعد فورتھ ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔
6
بلوچستان اسمبلی نے بھی زرعی آمدنی پر ٹیکس کا بل منظور کرلیا۔بلوچستان میں بھی زرعی آمدن پر ٹیکس کے نفاذ کی راہ ہموار ہوگئی۔ بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان ٹیکس آن لینڈ اینڈ ایگری کلچرل انکم کا مسودہ قانون منظور کرلیا۔مسودہ قانون کے مطابق زرعی آمدن پر انکم ٹیکس 45 فیصد تک بڑھ جائے گا۔بلوچستان اسمبلی میں پیش کیے گئے بلوچستان ٹیکس آن لینڈ اینڈ ایگری کلچرل انکم کے مسودہ قانون کی دستاویزات کے مطابق 6 لاکھ سالانہ کی زرعی آمدنی تک ہونے پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا تاہم 6 لاکھ سے 12 لاکھ تک آمدن پر 15فیصد ٹیکس نافذ ہوگا ۔ مسودہ قانون کی دستاویزات کے مطابق 12 لاکھ سے 16لاکھ روپے تک کی آمدن پر 90ہزار فکس ٹیکس اور12لاکھ کی اوپر کی مجموعی آمدن پر 20فیصد ٹیکس نافذ ہوگا۔ اسی طرح 16 لاکھ سے 32 لاکھ آمدنی پر 1 ایک لاکھ 70 ہزار فکسڈ ٹیکس جبکہ 16 لاکھ سے اوپر آمدنی پر 30 فیصد زرعی ٹیکس تجویز کیا گیا ہے۔ مسودے میں 32لاکھ روپے سے 56 لاکھ تک آمدنی پر 6لاکھ50ہزار روپے ٹیکس جب کہ 32 لاکھ سے اوپر آمدنی پر 40 فیصد زرعی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔