اسلام آباد – 04 فروری 2025: وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) محترمہ فوزیہ وقار نے یو این ویمن پاکستان کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جناب جمشید ایم قاضی سے فوسپاہ کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد فوسپاہ اور یو این ویمن کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا تاکہ پاکستان میں کام کی جگہ پر ہراسگی کے خاتمے اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔

محترمہ فوزیہ وقار نے فوسپاہ کی حالیہ کاوشوں پر روشنی ڈالی، جن میں 2024 میں 900 سے زائد کیسز کو حل کرنا، دور دراز علاقوں تک آگاہی سیشنز کا دائرہ بڑھانا، اور خواتین کی جائیداد کے حقوق کے بہتر تحفظ کے لیے موجودہ پالیسیوں میں بہتری کے لیے وکالت شامل ہیں۔

جمشید ایم قاضی نے کام کی جگہ پر ہراسگی کے شکار افراد کو فوری انصاف فراہم کرنے میں فوسپاہ کے کلیدی کردار کو سراہا اور خواتین کے معاشی استحکام کے لیے ان کے جائیداد کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو این ویمن ادارہ جاتی نظام کی حمایت جاری رکھے گا جو صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوسپاہ اور یو این ویمن کا مقصد ایک ہی ہے، اور ان کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر پالیسیوں، قانونی وکالت، عوامی و نجی اداروں کے لیے تربیتی پروگرامز، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہی بڑھانے پر مرکوز کیا جائے گا تاکہ کام کی جگہ پر ہراسگی کے قوانین سے متعلق معلومات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائی جا سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے مشترکہ اقدامات پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جن میں استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز اور ملک گیر میڈیا مہمات شامل ہوں گی، جو صنفی امتیاز اور کام کی جگہ پر ہراسگی کے خاتمے کے لیے کی جائیں گی۔ دونوں فریقین نے پاکستان بھر میں محفوظ، باعزت، اور بااختیار ورک اسپیسز کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ وژن کی توثیق کی