1
لاہور ہائی کورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا معاملہ،چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کل 6 فروری کوسپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوگا۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس سپریم کورٹ کمیٹی روم میں دن 2 بجے ہوگا، جوڈیشل کمیشن کو 10 ایڈیشنل ججز کیلئے 49 نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں، 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے 4 ڈسٹرکٹ سیشن ججز اور 45 سینئر وکلاء کے ناموں پر غور ہوگا۔
2
جمعیت علمائے ااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کے بارے میں ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل ، کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور غزہ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ واضح مؤقف اپنائے اور قوم کے ضمیر کی ترجمانی کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ملاقات کے دوران غزہ کے بارے میں ہرزہ سرائی پر امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔
3
کے پی حکومت کا نشے سے پاک مہم میں صحت یاب افراد کو روزگار دینے کا فیصلہ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم میں زیرِ علاج افراد کا علاج اگلے ماہ 7 مارچ کو مکمل ہو جائے گا۔اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈشنل ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر سمیت تمام بحالی مراکز کے منتظمین نے شرکت کی اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی کو نشے کے عادی افراد کی صحت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت یاب ہونے والے افراد کو دوبارہ نشے کی جانب جانے سے بچانے کے لئے ان کو باعزت روزگار دیا جائے گا، صحتیاب ہونے والے 300 ہنرمند افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ان کی مدد کی جائے گی جبکہ باقی افراد کو ڈبلیو ایس ایس پی، پی ڈی اے اور دیگر پرائیوٹ اداروں میں روزگار دیا جائے گا۔اس مقصد کے لئے اگلے ہفتے تاجروں، صنعت کاروں اور مخیر حضرات کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔
4
سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔سرمایہ کاروں کی سونے میں انویسٹمنٹ کرکے اپنے سرمائے کو ڈی ویلیوایشن سے محفوظ بنانے کے بڑھتے ہوئے رحجان سے بین الاقوامی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت یکدم 53 ڈالر کے مزید اضافے سے 2868 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو 24قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت 5ہزار 300روپے کے بڑے اضافے سے 2لاکھ 99ہزار 600 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 4ہزار 158روپے بڑھ کر 2لاکھ 56ہزار 859روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔


