اسلام آباد (ای پی آئی ) معروف صحافی ویوٹیوبرصدیق جان اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی۔
صدیق جان نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا ہے کہ شیر افضل مروت صاحب کا یہ بیان بالکل جھوٹ پر مبنی ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے غلط نکالا ،نوازشریف آج تک رسیدیں نہیں دکھا سکے کہ پیسہ کمایا کیسے اور باہر بھجوایا کیسے ؟شیر افضل مروت صاحب ایسے بیانات دے کر ن لیگ کو بیانیہ ضرور فراہم کررہے ہیں لیکن پاکستان کے لوگ اس بیانیے کو کسی صورت نہیں خریدیں گے۔
https://twitter.com/SdqJaan/status/1891797972226277435
اس پر ردعمل میں شیر افضل مروت نے جواب دیا کہ صدیق جان صاحب میرے قائد کا حقیقی آزادی کا نعرہ اور قانون کی بالادستی کا خواب اس وقت تک ایک مذاق ہی رہے گا جب تک ہم ان تمام اعمال کی مذمت کرنے کی ہمت نہیں کریں گے جنہوں نے قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کے تصورات کو پامال کیا ہے۔
شیر افضل مروت نے لکھا ہے کہ مجھے آپ جیسے لوگوں کو باجوہ اور ثاقب نثار کی ملی بھگت پر فخر کرتے دیکھ کر حیرت نہیں ہوتی کہ ایک منتخب وزیر اعظم کو اس طرح ذلت آمیز طریقے سے نکال دیا جائے۔ اگر ہم ہر وقت قانون کی بالادستی کے خلاف تمام کوششوں کی مذمت کرنے میں ناکام رہے تو ہمارے پاس کوئی اخلاقی بنیاد نہیں ہوگی۔
شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر عدت کیس، سائفر کیس، توشہ خانہ پر خان کے خلاف فیصلے موجودہ اسٹیبلشمنٹ اور فیض عیسیٰ کی عدلیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ ہیں تو میں اتنا منافق نہیں ہو سکتا کہ اپنے سیاسی مخالفین کے لیے مختلف انداز اختیار کروں۔ ویسے میں آپ سے گزارش کروں گا کہ سلمان اکرم راجہ صاحب سے سوال پوچھیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم دونوں اس معاملے پر ایک پیج پر ہوں گے کیونکہ انہوں نے پاکستان کی سپریم کورٹ میں اس نقطہ نظر کے خلاف جدوجہد کی ہے۔
https://twitter.com/sherafzalmarwat/status/1891932518699630891