کراچی (ای پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمافردوس شمیم نقوی نے بیلٹ باکس کی سیل کھول دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے سولجربازار یوسی وارڈ 4 میں پولنگ عمل متاثر کرنے کی کوشش کی۔پی ٹی آئی رہنما نے بیلٹ باکس کی سیل کھول دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی ۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے یو سی 2 ، تحصیل میونسپل کمیٹی جناح میں ممبر صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی کو پولنگ سٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دیا گیا یہ غیر قانونی حرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے.
80 سالہ بزرگ خاتون سہاروں کے ذریعے ووٹ ڈالنے پہنچیں
کراچی کے چنیسر ٹاؤن یو سی 8 میں 80 سالہ بزرگ خاتون بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پہنچیں۔ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے آنے والی 80سالہ بزرگ خاتون نے بتایا کہ پاکستان بننے کے بعد جب بھی انتخابات ہوئے ووٹ دیا ہے۔بزرگ خاتون کے مطابق جب سے پیپلزپارٹی پارٹی بنی تب سے ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور اب بلاول بھٹو کے امیدواروں کو ووٹ دیتی ہوں۔
سندھ میں حلقہ بندیاں قانون کے مطابق ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر نے رانا ثناء اللہ کا بیان مسترد کردیا
الیکشن کمشنر سندھ نے حلقہ بندیوں سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان کو مسترد کر دیا ۔صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں قانون کے مطابق کی گئی ہیں جو الیکشن ایکٹ اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت کی گئی ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن مکمل آزاد ادارہ ہے، تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق کرتا ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں، ووٹرز کسی خوف کے بغیر گھر سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔
نارتھ ناظم آباد میں نقاب پوش افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے، عملے کو ہراساں کیا
ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد میں نقاب پوش نامعلوم افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے۔آر او کے مطابق ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن یوسی 3 میں نقاب پوش نامعلوم افراد پولنگ اسٹیشن میں گھسے اور انہوں نے پولنگ عملے کو ہراساں کیا۔آر او کے نے بتایا کہ نامعلوم افراد پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگی ہوئی گاڑیوں پر سوار تھے اور انھوں نے ٹیکنیکل سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی۔
کراچی میں تین سیاسی جماعتوں کے کیمپس میں آگ بھڑک اٹھی
لانڈھی نمبر 6، یو سی 3 کے وارڈ 4 میں تین سیاسی جماعتوں کے کیمپس میں آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کے واقعہ پر سیاسی جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ لانڈھی نمبر 6 میں رات گئے نامعلوم افراد نے کیمپس میں آگ لگائی جس کے بعد لانڈھی نمبر 6 میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کھلے آسمان تلے کیمپس لگا لیے۔دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی ساجدسدوزئی کے مطابق سردی سے بچنے کیلئے صبح کیمپس میں موجود افراد نے آگ لگائی، آگ نے کیمپ میں موجود سامان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔
سردی کے باعث ووٹنگ سست روی کا شکار، بعض جگہ پولنگ عملہ بھی غائب
کراچی کے متعددپولنگ اسٹیشنز سے پولنگ عملہ غائب ہونے کی شکایات موصول ہونے لگیں ،شہر میں سردی کے باعث صبح کے آغاز میں ووٹرز کی تعداد بھی کم دیکھنے میں آئی۔ ضلع کیماڑی ماڑی پور ٹاؤن یوسی3پولنگ اسٹیشن نمبر 17 میں عملہ نہ ہونے سے پولنگ کا عمل تاخیرکاشکار ہوگیا ، اس کے علاوہ غیر متعلقہ افراد پولنگ اسٹیشن میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات ملیں ۔ووٹرز کے مطابق سکیورٹی ہونے کے باوجود بھی کسی کو روکا نہیں جارہاہے، پولنگ اسٹیشنز پر عملہ موجود نہیں ہے اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے۔
بلدیاتی الیکشن کیلئے حفاظتی اقدامات، حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اہلکار تعینات رہے
الیکشن کراچی اور حیدر آباد کے 500 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق دورانِ الیکشن کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 700 رینجرز اہلکار بطور کوئیک رسپانس فورس علاقے میں موجود رہے ۔ قبل ازیں ترجمان رینجرز کے بیان کے مطابق پولیس کے ساتھ کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق فلیگ مارچ کراچی کے علاقے حب ریور روڈ، بلدیہ، گولیمار چورنگی، ڈسکو موڑ، ناگن چورنگی، سخی حسن چورنگی، ملیر ماڈل کالونی، گڈاپ روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیپا چورنگی، حسن اسکوائر، ال آصف اسکوائر، سہراب گوٹھ، بلاول چورنگی، بوٹ بیسن چورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، شاہین کمپلیکس چورنگی، ضیاء الدین احمد روڈ، آئی آئی چندریگرروڈ، چاکیواڑہ روڈ، ایم اے جناح روڈ، طارق روڈ اور شاہراہ فیصل سمیت ملحقہ علاقوں میں کیا گیا۔حیدرآباد کے فلیگ مارچ میں فتح چوک، قاسم آباد، ٹھنڈی سڑک، لطیف آباد، آٹو بھان روڈ، حیدر چوک، پکا قلعہ، پھلیلی، برنس روڈ، ہالہ ناکہ، قاسم چوک، رانی باغ اور صدر پریس کلب شامل ہیں۔
ٹھٹھہ میں گندے پانی میں ڈوبے اسکول میں پولنگ اسٹیشن قائم، ووٹرز پریشان
میونسپل کمیٹی وارڈ 5 کا پولنگ اسٹیشن 351 گندے پانی میں ڈوبیاسکول میں قائم کیا گیا ہے جس سے ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔اطلاعات کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنے آنے والے افراد اس گندگی سے پریشان دکھائی دیئے۔رپورٹ کے مطابق وارڈ نمبر 5 پولنگ اسٹیشن پر400 سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ وارڈ 5 میں ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے پہنچی ۔


