اسلام آباد (ای پی آئی )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی ملک بھر میں بچوں کے اغواء کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت، عدالت نے قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال کے متعلقہ نمائندے کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی ۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدالت نے حکم دیا تھا اٹارنی جنرل تمام آئی جیز سے ملاقات کریں،آئی جیز کیساتھ آجتک کوئی ملاقات نہیں کی،
اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ آئی جیز کیساتھ اٹارنی جنرل کی ملاقات ہوئی تھی،بچوں کے تحفظ کے حوالے سے قوانین موجود ہیں، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کیلئے ادارے تو قائم ہیں لیکن کام نہیں ہو رہا،
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس کا کام ہے اسی نے کرنا ہے، ہر کام خود نہیں کر سکتے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بچوں کے حوالے سے قوانین تو موجود ہیں، لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا، بعد ازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی


