کشمور (رپورٹ حاکم نصیرانی) کشمور اور اس کے نواحی علاقوں میں ڈاکو راج برقرار ہے ڈاکو گھروں میں گھس کر لوٹ مار کرنے لگے۔ پولیس ڈاکوٶں کے آگے بالکل بے بس دکھائی دے رہی ہے۔

گذشتہ روز دن دوپہر کو چھ نامعلوم مسلح افراد بڈانی شہر کی معزز شخصیت اور تاجر بیبو رام اور واشدیو کے گھر میں گھس گئے۔

اسلحہ کے زور پر گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو یرغمال بنا کر پانچ الماریاں توڑ کر لاکھوں کی نقدی طلائی زیورات ضروری کاغذات اور قیمتی اشیاء لوٹ کر باآسانی کچے کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ڈاکوٶں کے پیچھے گئی تاہم ناکام ہوکر لوٹ آئی۔

واقعہ کی خبر پورے علاقے میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی سینکڑوں کی تعداد میں علاقے کے معززین اور اے ایس پی کشمور محمد عاشر متاثر خاندان کے پاس پہنچ گئے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد عاشر کا کہنا تھا کہ ڈاکو کتنے ہی طاقتور ہوں انہیں کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ علاقے کے معززین غلام اصغر خان چاچڑ رئیس عطاء اللہ خان و دیگر نے کہا کہ یہ واقعہ ایسا ہے جسے بڈانی کے شہری کبھی بھی بھول نہیں سکتے ظلم تو یہ ہے کہ ڈاکو اب گھروں میں گھسنے لگے ہیں۔ پولیس کی رٹ کہیں پر بھی نظر نہیں آ رہی۔